”نُور کے مَسکن کا راستہ کہاں ہے؟ اَور تاریکی کہاں رہتی ہے؟ کیا تُم اُنہیں اُن کی جگہ لے جا سکتے ہو؟ تُمہیں اُن کی قِیام گاہوں کا راستہ مَعلُوم ہے؟ یقیناً تُم جانتے ہو کیونکہ اُس وقت تُم پیدا ہو چُکے تھے! اَور تُم اِتنے سال سے زندہ ہو! ”کیا تُم برف کے مخزنوں میں داخل ہُوئے ہو یا تُم نے اولوں کے انبار کو دیکھاہے، جنہیں مَیں نے مُصیبت کے اوقات، اَور لڑائی اَور جنگ کے دِنوں کے لیٔے محفوظ رکھا ہے؟ اِس جگہ کا راستہ کون سا ہے جہاں بجلی تقسیم ہوتی ہے، یا وہ جگہ جہاں مشرقی ہوایٔیں زمین پر پھیلائی جاتی ہیں؟ نیز سیلاب کے لیٔے نہریں کون کاٹتا ہے، اَور طُوفان برق و باد کے لیٔے راہیں کون نکالتا ہے، تاکہ غَیر آباد زمین کو سیراب کرے، اَور ایک بیابان میں، جِس میں کویٔی اِنسان نہیں رہتا، تاکہ ویران اَور بنجر زمین کی پیاس بُجھے اَور اُس میں گھاس اُگ آئے؟ کیا بارش کا کویٔی باپ ہے؟ یا اوس کے قطرے کون پیدا کرتا ہے؟ برف کس کے بطن سے نکلتی ہے؟ آسمانوں سے پالے کون پیدا کرتا ہے کب پانی پتّھر کی طرح سخت ہو جاتا ہے، اَور سمُندر کی سطح کب منجمد ہو جاتی ہے؟ ”کیا تُم ثریّا کو باندھ سکتے ہو؟ کیا تُم جبّار کی رسّیاں کھول سکتے ہو؟ کیا تُم کواکب کو اُن کے موسموں پر نکال سکتے ہو یا بناتُ النّعش کی اُن کی سہیلیوں کے ساتھ رہبری کر سکتے ہو؟ کیا تُم افلاک کے آئین جانتے ہو؟ کیا تُم اُنہیں زمین پر قائِم کر سکتے ہو؟ ”کیا تُم بادلوں تک اَپنی آواز بُلند کر سکتے ہو یا اُن کی موسلادھار بارش میں چھُپ سکتے ہو؟ کیا تُم بجلی کے کوندوں کو اُن کی راہ پر روانہ کر سکتے ہو؟ کیا وہ تُم سے کہتی ہے: مَیں حاضِر ہُوں؟ باطِن کو حِکمت سے کس نے مُزیّن کیا، یا مُرغ کو فہم کس نے عطا کیا؟ کس میں اُتنی حِکمت ہے کہ بادلوں کو گِن سکے؟ آسمان کی مَشکوں کے مُنہ کون کھول سَکتا ہے۔ جَب زمین تودہ بَن جاتی ہے، اَور اُس کے ڈھیلے باہم چپک جاتے ہیں؟
پڑھیں ایُّوب 38
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: ایُّوب 19:38-38
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos