یرمیاہؔ 52
52
یروشلیمؔ کا زوال
1جَب صِدقیاہؔ بادشاہ بنا، تَب وہ اکّیس سال کا تھا اَور اُس نے گیارہ سال تک یروشلیمؔ پر حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام حمُوطلؔ تھا جو لِبناہؔ شہر کے باشِندے یرمیاہؔ کی بیٹی تھی۔ 2اُس نے یَاہوِہ کی نظر میں بدی کی، اَور ہُوبہو یہُویقیمؔ کے نقش قدم پر چلا۔ 3یَاہوِہ کے غضب کی بنا پر یروشلیمؔ اَور یہُودیؔہ کا یہ حال ہُوا اَور آخِرکار یَاہوِہ نے اُنہیں اَپنے سامنے سے دُور ہی کر دیا۔
اَور صِدقیاہؔ نے شاہِ بابیل کے خِلاف بغاوت کر دی تھی۔
4اِس لیٔے صِدقیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے نویں سال کے دسویں مہینے کے دسویں دِن شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ نے اَپنے پُورے لشکر کے ساتھ یروشلیمؔ پر حملہ کر دیا۔ اَور شہر کے پاس خیمہ زن ہُوا اَور شہر کے اطراف کا محاصرہ کر لیا۔ 5اَور صِدقیاہؔ بادشاہ کے دَورِ حُکومت کے گیارھویں سال تک شہر کا محاصرہ رہا۔
6اَور چوتھے مہینے کے نویں دِن سے شہر میں قحط کی شِدّت میں اِس قدر اِضافہ ہو گیا کہ لوگوں کے پاس کھانے کو کچھ بھی نہ رہا۔ 7تَب یروشلیمؔ شہر کی فَوج نے شہرپناہ میں دراڑ کی اَور تمام فَوج فرار ہو گئی۔ حالانکہ کَسدی یعنی بابیل کی فَوج شہر کے گِردونواح کا محاصرہ کئے ہُوئے تھی تَب بھی وہ سَب شاہی باغ کے نزدیک دو دیواروں کے درمیان والے پھاٹک سے رات کے وقت فرار ہو گئے اَور عراباہؔ کی جانِب بھاگے۔ 8لیکن کَسدیوں کی فَوج نے صِدقیاہؔ بادشاہ کا تعاقب کیا اَور اُسے یریحوؔ کے میدان میں دبوچ لیا۔ تَب اُس کے تمام فَوجی اُس سے جُدا ہوکر پراگندہ ہو گئے۔ 9اَور صِدقیاہؔ بادشاہ کو گِرفتار کر لیا گیا۔
صِدقیاہؔ کو حماتؔ کے مُلک میں رِبلہؔ لے جایا گیا جہاں شاہِ بابیل مُقیم تھا، وہاں اُس نے اُسے سزا سُنایٔی۔ 10شاہِ بابیل نے رِبلہؔ میں صِدقیاہؔ کے بیٹوں کو اُس کی آنکھوں کے سامنے قتل کیا؛ اَور اُس نے یہُودیؔہ کے تمام اُمرا کو بھی قتل کر دیا۔ 11پھر اُس نے شاہِ صِدقیاہؔ کی آنکھیں نکال لیں اَور اُسے کانسے کی بِیڑیوں میں جکڑ کر بابیل لے گیا جہاں اُسے مرنے تک قَیدخانہ میں ڈال دیا۔
12شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے دَورِ حُکومت کے اُنّیسویں سال کے پانچویں مہینے کے دسویں دِن شاہی پہرےداروں کا سردار نبوزرادانؔ جو شاہِ بابیل کا مُلازم تھا یروشلیمؔ میں آیا۔ 13اُس نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس، شاہی محل اَور یروشلیمؔ کے تمام مکانات کو آگ لگوا کر جَلا دیا۔ اُس نے ہر اہم عمارت کو جَلا ڈالا۔ 14شاہی پہرےداروں کے سردار کی زیرِ قیادت کَسدیوں کی تمام فَوج نے یروشلیمؔ کے چاروں طرف کی فصیلوں کو گرا دیا۔ 15تَب شاہی پہرےداروں کا سردار، نبوزرادانؔ، نے قوم میں سے چند مُحتاجوں کو اَور شہر میں بچے ہُوئے لوگوں کو، دستکاروں اَور اُن لوگوں کو جنہوں نے خُود کو شاہِ بابیل کے تابع ہو گئے تھے، اُنہیں اَپنے ساتھ جَلاوطن کرکے لے گیا۔ 16لیکن نبوزرادانؔ نے مُلک کے باقی غریبوں کو پیچھے چھوڑ دیا تاکہ وہ انگوری باغوں اَور کھیتوں میں باغبانی کریں اَور زمین جوتیں۔
17اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں جو کانسے کے سُتون تھے اُنہیں اَور کُرسیوں اَور کانسے کے بڑے حوض کو کَسدیوں نے توڑ ڈالا اَور اُن کے سَب کانسے بابیل لے گئے۔ 18اَور سَب ظروف، دیگیں اَور بیلچے، پیالے، گُلگیر، چمچے، لگن اَور بیت المُقدّس میں عبادت کے وقت اِستعمال میں ہونے والی کانسے کی چیزیں بھی ساتھ لے گیٔے۔ 19چلمچی، بخُوردان، چھڑکنے والے پیالے گلدان، چراغدان، پیالے اَور پیالے بھی جو خالص سونے یا چاندی کے بنے ہُوئے تھے، اُنہیں شاہی پہرےداروں کا سردار اَپنے ساتھ لے گئے۔
20وہ دو سُتون، بڑا حوض اَور کانسے کے بَارہ بَیل جو کُرسیوں کے نیچے تھے، جنہیں شُلومونؔ بادشاہ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے لیٔے تعمیر کروایا تھا؛ اِن سَب کانسوں کا وزن اِس قدر زِیادہ تھا کہ تَولا نہ جا سَکتا تھا۔ 21ہر سُتون کی پیمائش اُونچائی اٹھّارہ ہاتھ#52:21 اُونچائی اٹھّارہ ہاتھ تقریباً آٹھ میٹر اَور اُس کا گھیرا بَارہ ہاتھ#52:21 بَارہ ہاتھ تقریباً ساڑھے پانچ میٹر تھا اَور اُس کے پرت کی موٹائی چار اُنگل#52:21 چار اُنگل آٹھ سینٹی میٹر تھی اَور یہ سُتون کھوکھلے تھے۔ 22ہر ایک سُتون کے بالائی حِصّہ پر ایک کانسے کا تاج تھا جِن کی پانچ ہاتھ#52:22 پانچ ہاتھ تقریباً سَوا دو میٹر اُونچائی تھا اَور اُسے ہر طرف سے کانسے کی جالی اَور انار کی کلیوں سے آراستہ کیا گیا تھا۔ اَور دُوسرے سُتون اَور اُس کے انار کی جالی بھی اُس کے مُشابہ تھے۔ 23بازوؤں میں چھیانوے انار جڑے ہُوئے تھے اَور چاروں طرف کی جالی کے اُوپر کل سَو انار تھے۔
24اِس کے بعد پہرےداروں کے سردار نے اعلیٰ کاہِن سِرایاہؔ اَور کاہِنؔ ثانی صفنیاہؔ کو اَور بیت المُقدّس کے تینوں دربانوں کو گِرفتار کیا۔ 25اَور اُس نے شہر میں سے ایک اعلیٰ افسر کو پکڑ لیا جو جنگی فَوجیوں کا نِگراں تھا اَورجو لوگ بادشاہ کے سامنے حاضِر رہتے تھے اُن میں سے سات شاہی مُشیروں کو؛ اَور فَوج کے سپہ سالار کے ایک مُنشی کو بھی گِرفتار کر لیا جو مُلک کے لوگوں کو فَوج میں شریک کرتا تھا، اَور مُلک کے باشِندوں میں سے ساٹھ مَردوں کو جو شہر میں مِلے اُنہیں گِرفتار کر لیا۔ 26سردار نبوزرادانؔ نے اُن سَب کو لے کر رِبلہؔ میں شاہِ بابیل کے پاس پیش کر دیا۔ 27تَب شاہِ بابیل نے مُلکِ حماتؔ میں رِبلہؔ کے علاقہ میں اُنہیں قتل کر دیا۔
اِس طرح سے بنی یہُوداہؔ اسیر ہوکر اَپنے مُلک سے بے دخل کر دیا گیا۔
28جِن لوگوں کو نبوکدنضرؔ اسیر کرکے لے گیا وہ شُمار میں یُوں ہیں،
ساتویں بَرس میں،
تین ہزار تئیس یہُودی؛
29نبوکدنضرؔ کے دَورِ حُکومت کے اٹھّارہویں بَرس میں،
یروشلیمؔ کے باشِندوں میں سے آٹھ سَوبتّیس لوگ؛
30اَور نبوکدنضرؔ کے دَورِ حُکومت کے تئیسویں بَرس میں،
شاہی پہرےداروں کے سردار نبوزرادانؔ نے سات سَو پینتالیس یہُودیوں کو جَلاوطن کر دیا۔
جو کُل چار ہزار چھ سَو لوگ تھے۔
یہُویاکینؔ کی رِہائی
31شاہِ یہُودیؔہ یہُویاکینؔ کی جَلاوطنی کے سینتیسویں سال میں، اوِیل مرُودکؔ بابیل کا بادشاہ بنا، اُس نے اِسی سال کے بارہویں ماہ کے پچّیسویں دِن کو شاہِ یہُودیؔہ یہُویاکینؔ کو قَید سے آزاد کر دیا۔ 32اَور اُس سے نہایت مہربانی سے پیش آیا اَور اُس وقت جتنے اَور بادشاہ بابیل میں اُس کے پاس تھے، اُن سَب سے بڑھ کر اُسے اعلیٰ نشست عطا کی۔ 33چنانچہ یہُویاکینؔ نے اَپنے قَیدخانہ کے کپڑے اُتار دئیے اَور تاعمر باقاعدہ شاہی دسترخوان پر شاہِ بابیل کے ساتھ کھانا کھاتا رہا۔ 34شاہِ بابیل روز بروز یہُویاکینؔ کو تاعمر تک یعنی اُس کے وفات تک حسبِ معمول وظیفہ دیتا رہا۔
موجودہ انتخاب:
یرمیاہؔ 52: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.