یرمیاہؔ 44
44
بُت پرستی کے باعث تباہی
1یہ کلام یرمیاہؔ پر اُن تمام یہُودیوں کے متعلّق جو جُنوبی مِصر کے مِگدُلؔ، تحفنحِیسؔ میمفِسؔ#44:1 میمفِسؔ عِبرانی نام نُوفؔ ہے اَور شمالی فتروسیوں کے ساتھ مِصر کے علاقہ کے باشِندوں کی بابت نازل ہُوا: 2”قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، جو بڑی آفت مَیں نے یروشلیمؔ اَور یہُودیؔہ کے تمام شہروں پر نازل کی وہ تُم دیکھ چُکے ہو۔ دیکھو، وہ آج بھی ویران اَور غَیر آباد پڑے ہُوئے ہیں۔ 3اُس بدی کے باعث جو اُنہُوں نے مُجھے غضبناک کرنے کو کی تھی، اُنہُوں نے اَیسے غَیر معبُودوں کے واسطے بخُور جَلا کر اَور اُن کی عبادت کرکے میرا غُصّہ بھڑکایا، جنہیں نہ تو وہ، نہ تُم اَور نہ اُن کے آباؤاَجداد ہی جانتے تھے۔ 4مَیں نے بار بار اَپنے خادِموں یعنی نبیوں کو بھیجا جو فرمایا کرتے تھے، ’اَیسا مکرُوہ کام نہ کرو جِن سے مُجھے سخت نفرت ہے!‘ 5لیکن اُنہُوں نے نہ تو سُنا اَور نہ ہی غور کیا؛ وہ اَپنی بدی سے باز نہ آئے اَور غَیر معبُودوں کے سامنے بخُور جَلانا بند نہیں کیا۔ 6اِس لیٔے میرا قہر و غضب نازل ہُوا، اَور وہ یہُودیؔہ کے شہروں اَور یروشلیمؔ کی گلیوں پر بھڑک اُٹھا اَور اُنہیں ویران کھنڈر بنا دیا جَیسا کہ وہ آج کے دِن تک ہیں۔
7”چنانچہ قادرمُطلق بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، تُم اَپنے اُوپر اَیسی بھاری آفت کیوں لانے کو آمادہ ہو جِس سے یہُودیؔہ کے مَرد اَور عورتیں، بچّے اَور شیر خوار فنا ہو جائیں اَور تُم میں سے کویٔی باقی زندہ نہ رہے؟ 8کیونکہ اِس مِصر میں جہاں کہ تُم آباد ہونے کے لیٔے آئے ہو، یہاں تُم اَپنے ہاتھوں سے بنائی ہُوئی اَشیا سے اَور غَیر معبُودوں کے آگے بخُور جَلا کے میرا غُصّہ کیوں بھڑکاتے ہو؟ کیا تُم اَپنے آپ کو ہلاک کرکے دُنیا کی تمام قوموں کے درمیان خُود کو لعنت اَور ملامت کا باعث بناؤگے۔ 9کیا تُم اَپنے آباؤاَجداد اَور یہُودیؔہ کے بادشاہوں اَور اُن کی بیویوں کی اَور خُود اَپنی اَور اَپنی بیویوں کی وہ بدی بھُول گیٔے جو تُم نے مُلکِ یہُودیؔہ میں اَور یروشلیمؔ کی گلیوں میں کی تھی؟ 10آج کے دِن تک نہ تو اُنہُوں نے تَوبہ کی اَور نہ ہی میرا خوف مانا، نہ ہی میری شَریعت اَور آئین پر عَمل کرتے ہیں جنہیں مَیں نے تمہارے اَور تمہارے آباؤاَجداد کے سامنے رکھا تھا۔
11”چنانچہ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، مَیں نے تُم پر آفت لانے کی ٹھان لی ہے اَور مَیں پُورے یہُودیؔہ کو ہلاک کر دُوں گا۔ 12مَیں بنی یہُوداہؔ کے بچے ہُوئے لوگوں کو جو مِصر جا کر آباد ہونے کی ضِد کر رہے تھے، مٹا دُوں گا۔ وہ سَب مِصر میں مِٹ جایٔیں گے۔ وہ یا تو تلوار سے مارے جایٔیں گے یا قحط سے مَر جایٔیں گے۔ ادنیٰ سے لے کر اعلیٰ تک سبھی تلوار یا قحط کا لقمہ ہوں گے اَور لعنت و حیرت اَور لعنت و ملامت کا باعث ہوں گے۔ 13جِس طرح مَیں نے یروشلیمؔ کو تلوار، قحط اَور وَبا سے سزا دی تھی، ٹھیک اُسی طرح سے مَیں اُن یہُودیوں کو بھی سزا دُوں گا جو مِصر میں آباد ہونے کو جاتے ہیں۔ 14تَب بنی یہُوداہؔ کے باقی بچے ہُوئے لوگوں میں سے جو مِصر میں آباد ہونے کو گیٔے تھے، اُن میں سے کوئی بھی نہ بچے گا اَور نہ باقی رہے گا کہ وہ مُلکِ یہُودیؔہ کی سرزمین میں واپس آئے، جہاں واپس آکر آباد ہونے کے وہ مُشتاق ہیں؛ صِرف چند پناہ گیروں کے علاوہ اُن میں سے کویٔی بھی واپس نہ آنے پایٔےگا۔“
15تَب وہ تمام مَرد جو جانتے تھے کہ اُن کی بیویوں نے غَیر معبُودوں کے لیٔے بخُور جَلائی ہے اَور جِتنی عورتیں ایک بڑی جماعت میں پاس کھڑی تھیں اَور اُن تمام لوگوں نے جو جُنوبی اَور شمالی فتروسیوں کے ساتھ مِصر میں رہتے تھے اُنہُوں نے یرمیاہؔ سے یُوں کہا، 16”جو کلام آپ نے ہمیں یَاہوِہ کے نام سے سُنایا ہے اُسے ہم نہیں مانیں گے۔ 17بَلکہ ہم نے اَپنے مُنہ سے جو بولا ہم وُہی کریں گے کہ ہم تو آسمان کی ملِکہ کے لیٔے بخُور جَلائیں گے اَور تپاون دیں گے؛ جِس طرح ہم، ہمارے آباؤاَجداد، ہمارے بادشاہ اَور ہمارے حاکم یہُودیؔہ کے شہروں اَور یروشلیمؔ کی گلیوں میں کرتے تھے؛ کیونکہ اُس وقت ہمارے پاس کثرت سے کھاتے پیتے اَور خُوشحال اَور مُصیبتوں سے محفوظ تھے۔ 18لیکن جَب سے ہم نے آسمان کی ملِکہ کو بخُور جَلانا اَور تپاون دینا بند کر دیا ہے تَب سے ہم ہر چیز کے مُحتاج ہو گئے ہیں اَور تلوار اَور قحط سے مارے جا رہے ہیں۔“
19اُن کی عورتوں نے مزید کہا، ”جَب ہم آسمان کی ملِکہ کے لیٔے بخُور جَلائیں اَور تپاون تپائیں، تو کیا ہمارے خَاوند نہ جانتے تھے کہ ہم اُس کی عبادت کے واسطے اُس کی شکل کے کُلچے بنا رہے تھے اَور اُس پر تپاون تپا رہے تھے؟“
20تَب یرمیاہؔ نے اُن سَب مَردوں اَور عورتوں سے جنہوں نے اُسے جَواب دیا تھا اُن سے مُخاطِب ہوکر یُوں فرمایا، 21”کیا وہ بخُور جو تُم نے، تمہارے آباؤاَجداد نے، تمہارے بادشاہوں اَور حاکموں نے یہُودیؔہ کے شہروں اَور یروشلیمؔ کی گلیوں میں جَلایا تھا وہ یَاہوِہ کو یاد نہیں؟ کیا وہ اُس کے ذہن میں نہیں ہے؟ 22جَب تمہاری بداعمالیوں اَور مکرُوہ کاموں کی وجہ سے یَاہوِہ برداشت نہ کر سکے؛ اِس لئے تمہارا مُلک آج تک لعنتی ویران اَور غَیر آباد ہو گیا ہے۔ 23چونکہ تُم نے بخُور جَلایا اَور یَاہوِہ کے خِلاف گُناہ کیا اَور اُن کا حُکم نہ مانا، نہ اُن کی شَریعت اَور اُن کے آئین اَور اُن کے معاہدوں پر عَمل کیا اِس لیٔے یہ مُصیبتیں تُم پر نازل ہُوئیں جَیسا کہ تُم آج دیکھ رہے ہو۔“
24تَب یرمیاہؔ نے اُن سَب لوگوں اَور عورتوں سے یُوں فرمایا، ”اَے بنی یہُوداہؔ کے لوگوں جو مِصر میں آباد ہو، یَاہوِہ کا کلام سُنو۔ 25قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، تُم نے اَور تمہاری بیویوں نے اَپنے اعمال سے اَپنے اِرادے یہ کہہ کر ظاہر کر دئیے، ’ہم نے آسمان کی ملِکہ کے سامنے بخُور جَلانے اَور تپاون دینے کی جو مَنّت مانی ہے اُسے ضروُر پُورا کریں گے۔‘
”پس ٹھیک ہے، بِلاجِھجک جاؤ اَور اَپنے وعدے پُورے کرو! اَپنی مَنّتیں مان کر اُنہیں پُورا کرو! 26لیکن اَے تمام بنی یہُوداہؔ، جو مِصر میں رہتے ہو، یَاہوِہ کا کلام سُنو: ’میں اَپنے بُزرگ نام کی قَسم‘ کھا کر کہتا ہُوں، یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ’بنی یہُوداہؔ کا کویٔی بھی شخص جو مِصر میں کہیں بھی رہتا ہو اَب پھر کبھی میرا نام لے کر یُوں نہ کہے گا، ”یَاہوِہ قادر زندہ یَاہوِہ کی قَسم۔“ 27سُنو، اَب مَیں اُن کی نیکی کی نہیں بَلکہ نُقصان ہی کی فکر کروں گا؛ مِصر میں بنی یہُوداہؔ تلوار اَور قحط سے ہلاک ہو جایٔیں گے یہاں تک کہ سَب کے سَب نِیست و نابود ہو جایٔیں گے۔ 28اَیسے بہت ہی کم لوگ ہوں گے جو تلوار سے بچ کر مِصر سے مُلکِ یہُوداہؔ کو لَوٹ آئیں، تَب بنی یہُوداہؔ کے تمام بچے ہُوئے لوگ جو مِصر میں آباد ہونے کے لیٔے آئےتھے جانیں گے کہ کس کا قول قائِم رہا، میرا یا اُن کا۔
29” ’تمہارے لئے یہ نِشان ہوگا کہ مَیں تُمہیں اِسی جگہ پر سزا دُوں گا،‘ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’تاکہ تُم جان لو کہ تُمہیں نُقصان پہُنچانے کی میری باتیں یقیناً پُوری ہوں گی۔‘ 30یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’جِس طرح مَیں نے شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ کو اُس کے جانی دُشمن شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے حوالہ کیا تھا، اُسی طرح مِصر شاہِ فَرعوہؔ حُفرعؔ کو اُس کے اُن دُشمنوں کے حوالہ کر رہا ہُوں جو اُس کے جانی دُشمن ہیں۔‘ “
موجودہ انتخاب:
یرمیاہؔ 44: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.