یرمیاہؔ 34
34
صِدقیاہؔ کو تنبیہ
1جَب شاہِ بابیل، نبوکدنضرؔ اَور اُس کا تمام لشکر اَور تمام سلطنتیں اَور لوگ جو اُس کے ماتحت تھے یروشلیمؔ اَور اُس کے گِردونواح کے شہروں کے خِلاف جنگ کر رہے تھے، تَب یَاہوِہ کا یہ کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا، 2”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ کے پاس جاؤ اَور اُس سے کہو، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، میں یہ شہر شاہِ بابیل کے حوالہ کرنے کو ہُوں اَور وہ اُسے جَلا ڈالے گا۔ 3اَور تُم اُس کی گرفت سے نہیں بچوگے بَلکہ یقیناً پکڑے جاؤگے اَور اُس کے حوالہ کئے جاؤگے۔ تُم اَپنی آنکھوں سے شاہِ بابیل کو دیکھوگے اَور وہ تُم سے رُوبرو بات کرےگا اَور تُم بابیل جاؤگے۔
4” ’پھر بھی اَے شاہِ یہُودیؔہ، صِدقیاہؔ، یَاہوِہ کا وعدہ سُن۔ یَاہوِہ تمہارے متعلّق یُوں فرماتے ہیں، تُم تلوار سے قتل نہ کئے جاؤگے؛ 5یَاہوِہ فرماتے ہیں، تُمہیں پُرسکون موت آئے گی۔ اَور جِس طرح لوگوں نے تمہارے آباؤاَجداد کے حق میں جو تُم سے پہلے شاہِ یہُودیؔہ ہو گزرے ہیں، اُن کے وفات پر اُن کے اِحترام میں خُوشبو جَلائی تھی اُسی طرح وہ تمہارے اِعزاز میں بھی خُوشبو جَلائیں گے اَور یہ کہتے ہُوئے نوحہ کریں گے، ”ہائے میرے آقا!“ مَیں نے خُود یہ وعدہ کیا ہے۔‘ “
6تَب یرمیاہؔ نبی نے یہ سَب باتیں شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ سے یروشلیمؔ میں کہیں۔ 7جَب شاہِ بابیل کی فَوج یروشلیمؔ اَور یہُودیؔہ کے شہر لاکیشؔ اَور عزیقاہؔ سے جنگ کر رہی تھی جو اَب تک تسخیر نہ ہُوئے تھے کیونکہ یہُودیؔہ کے شہروں میں سے یہی مُستحکم شہر بچے ہُوئے تھے۔
غُلاموں کے لیٔے آزادی
8جَب صِدقیاہؔ بادشاہ نے یروشلیمؔ میں تمام لوگوں سے عہدوپیمان کیا کہ غُلاموں کو آزاد کیا جائے۔ تَب اُس عہد کے اعلان کے بعد یَاہوِہ کا یہ کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا، 9ہر کویٔی اَپنے عِبرانی غُلام کو خواہ وہ مَرد ہو یا عورت آزاد کر دے اَور کویٔی بھی اَپنے یہُودی بھائیوں اَور بہنوں کو غُلامی میں نہ رکھے۔ 10چنانچہ تمام حاکموں اَور لوگ جِن کے ساتھ یہ عہد کیا گیا تھا اَپنے اَپنے غُلام اَور لونڈیوں کو آزاد کرنے اَور اُنہیں اَور زِیادہ عرصہ تک غُلامی میں نہ رکھنے پر راضی ہو گئے۔ 11لیکن بعد میں سبھی نے اَپنا اِرادہ بدل دیا اَور جِن غُلاموں اَور لونڈیوں کو اُنہُوں نے آزاد کیا تھا اُنہیں پھر سے واپس لاکر غُلام بنا لیا۔
12تَب یَاہوِہ کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا، 13”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: جِس وقت میں تمہارے آباؤاَجداد کو غُلامی کے مُلک یعنی مِصر سے باہر نکال لایاتھا، اُس وقت مَیں نے اُن سے یہ کہہ کر ایک عہد باندھا تھا، 14ہر ساتویں سال تُمہیں لازمی ہے کہ اَپنے عِبرانی بھایٔی بہن کو جِس نے اَپنے آپ کو تُمہیں بیچ دیا ہو آزاد کردینا۔ جَب وہ مسلسل چھ سال تک تمہاری خدمت کر چُکے تو اُسے لازمی طور پر آزاد کردینا۔ لیکن تمہارے آباؤاَجداد نے نہ تو میری سُنی اَور نہ میرے حُکموں کو مانا۔ 15حال ہی میں تُم نے تَوبہ کی اَور وُہی کام کیا جو میری نگاہ میں صحیح ہے۔ تُم میں سے ہر ایک نے اَپنے ہم وطنوں کے لیٔے آزادی کا اعلان کیا تھا۔ اَور تُم نے میرے حُضُور میں اُس گھر میں جو میرا کہلاتا ہے عہد بھی باندھا تھا۔ 16لیکن اَب تُم نے برگشتہ ہوکر میرے نام کی بےحُرمتی کی۔ اَور ہر ایک نے اَپنے اُن غُلاموں اَور لونڈیوں کو جنہیں تُم نے آزاد کر دیا تھا تاکہ وہ جہاں چاہیں وہاں چلے جایٔیں، لیکن تُم نے اُنہیں پھر سے اَپنا غُلام بننے پر مجبُور کیا ہے۔
17”لہٰذا یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، تُم نے میرا حُکم نہ مانا؛ تُم نے اَپنے ہم وطنوں کے لیٔے آزادی کا اعلان نہیں کیا۔ اِس لیٔے یَاہوِہ فرماتے ہیں، سُنو، مَیں تمہاری آزادی کا اعلان کرتا ہُوں، مَیں تُمہیں تلوار، وَبا اَور قحط کے حوالے ہونے کی آزادی دے رہا ہوں۔ میں تُمہیں دُنیا کی تمام سلطنتوں کی نظر میں نفرت اَنگیز بنا دُوں گا۔ 18اَور جِن لوگوں نے میرا عہد توڑا اَور اُس عہد کی شرائط کو پُورا نہ کیا جو اُنہُوں نے میرے سامنے باندھا تھا، اُن سے میں اُس بچھڑے کی مانند سلُوک کروں گا جسے اُنہُوں نے دو ٹکڑے کئے اَور پھر اُن ٹُکڑوں کے درمیان سے ہوکر گزرے۔ 19یعنی یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے شاہی درباری حاکموں، خواجہ سراؤں، کاہِنوں اَور مُلک کے تمام لوگوں کو جو بچھڑے کے ٹُکڑوں کے درمیان سے ہوتے ہُوئے گُزرے تھے، 20مَیں اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے حوالہ کروں گا جو اُن کے جانی دُشمن ہیں۔ اُن کی لاشیں ہَوا کے پرندوں اَور زمین کے جنگلی جانوروں کی خُوراک ہُوں گی۔
21”اَور مَیں شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ کو اَور اُس کے حاکموں کو اُن کے مُخالفوں اَور جانی دُشمنوں اَور شاہِ بابیل کی فَوج کے حوالہ کروں گا جو تمہارے سامنے سے چلی گئی ہے۔ 22یَاہوِہ فرماتے ہیں، میں حُکم جاری کروں گا، اَور مَیں پھر اُنہیں اِس شہر میں واپس لاؤں گا۔ وہ اِس سے لڑیں گے اَور اِسے فتح کرکے جَلا ڈالیں گے۔ اَور مَیں یہُودیؔہ کے شہروں کو اَیسا اُجاڑ دُوں گا کہ وہاں کویٔی بھی آباد نہ ہونے پایٔےگا۔“
موجودہ انتخاب:
یرمیاہؔ 34: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.