پھر یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: ”جاؤ اَور یروشلیمؔ کے لوگوں کی سماعت میں مُنادی کرو: ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ” ’تمہاری جَوانی کی پُرجوش عقیدت، اَور دُلہن کے طور پر مُجھ سے تمہاری بے پناہ مَحَبّت مُجھے یاد ہے، کہ تُم کس قدر بیابان میں میرے پیچھے چلے، جہاں پُورا بنجر اَور ویرانہ تھا۔ بنی اِسرائیل یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس، اَور اُس کی فصل کا پہلا پھل تھا؛ جنہوں نے اُسے نگلا وہ سَب مُجرم ٹھہرے، اَور تباہی اُن پر نازل ہو گئی،‘ “ یہی یَاہوِہ کا کلام ہے۔ اَے بنی یعقوب، اَور بنی اِسرائیل کی برادری کے تمام لوگ، یَاہوِہ کا کلام سُنو۔ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”تمہارے آباؤاَجداد نے مُجھ میں اَیسی کون سِی خامی پائی، کہ وہ مُجھ سے اِس قدر برگشتہ ہو گئے؟ اُنہُوں نے نکمّے بُتوں کی پیروی کی اَور خُود بھی نکمّے ہو گئے۔ اُنہُوں نے یہ بھی نہ پُوچھا، ’وہ یَاہوِہ کہاں ہیں، جو ہمیں مِصر سے باہر نکال لائے جو ہمیں بیابان میں سے، جو ہمیں ریگستان اَور وادیوں میں سے، جو ہمیں خُشک اَور تاریکی کے مُلک میں سے، جہاں سے نہ کسی بشر کا گزر ہوتاہے اَور نہ وہاں کویٔی رہتاہے؟‘ مَیں تُمہیں ایک زرخیز زمین میں لے آیا تاکہ تُم اُس کا پھل اَور عُمدہ پیداوار کھاؤ۔ لیکن تُم نے آکر میری زمین کو ناپاک کر دیا اَور میری مِیراث کو مکرُوہ بنا دیا۔ کاہِنوں نے بھی دریافت نہیں کیا، ’یَاہوِہ کہاں ہیں؟‘ آئین کے نِگراں تو مُجھے نزدیکی سے نہیں جانتے تھے؛ رہنماؤں نے بھی مجھ سے بغاوت کی؛ اَور نبیوں نے بھی بَعل معبُود کے نام سے نبُوّت کی، اَور نکمّے بُتوں کی پیروی کی۔ ”مَیں پھر سے تمہارے خِلاف اِلزامات لگاتا ہوں،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ ”اَور مَیں تمہارے بیٹوں اَور پوتوں کے خِلاف اِلزامات لگاؤں گا۔ سمُندر پار کر سائپرس یا کِتّیمؔ کے ساحِلوں تک جا کے دیکھو، مُلکِ قیدارؔ میں قاصِد بھیج کر دریافت کرو؛ کیا کبھی اِس طرح کی کویٔی بات پیش آئی ہے، کیا کسی قوم نے کبھی اَپنے معبُودوں کو بدلا ہے؟ (حالانکہ وہ بالکُل خُدا نہیں ہیں۔) لیکن میری قوم نے اَپنے جلالی خُدا کو محض نکمّے معبُودوں سے بدل دیا ہے۔ اَے آسمانوں، اِس بات پر حیران ہو، اَور شدید خوف سے تھرتھراؤ اَور بالکُل چُپ ہو جاؤ،“ یَاہوِہ یہی فرماتے ہیں۔ ”کیونکہ میری قوم سے دو گُناہ سرزد ہُوئے ہیں، اُنہُوں نے مُجھ، آبِ حیات کے چشمے کو ترک کر دیا ہے، اَور اَپنے لیٔے حوض کھود لیٔے ہیں اَیسی شکستہ حوض جِن میں پانی نہیں ٹھہر سَکتا۔
پڑھیں یرمیاہؔ 2
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یرمیاہؔ 1:2-13
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos