قُضاۃ 18
18
بنی دانؔ کا لائش میں آباد ہونا
1اُن دِنوں اِسرائیل میں کویٔی بادشاہ نہ تھا۔
اَور اُن ہی دِنوں میں دانیوں کے قبیلہ کے لوگ اَپنی رہائش کے لیٔے کویٔی جگہ ڈھونڈ رہے تھے کیونکہ اَب تک اُنہیں اِسرائیلی قبیلوں کے درمیان کویٔی مِیراث نہ مِلی تھی۔ 2چنانچہ بنی دانؔ نے ضورعاہؔ اَور اِستالؔ سے پانچ سُورماؤں کو مُلک کا حال جاننے اَور اُس کا جائزہ لینے کے لیٔے روانہ کیا۔ یہ لوگ اَپنے تمام برادریوں کی نُمائندگی کرتے تھے۔ اُنہُوں نے اُن سے کہا، ”جاؤ اَور مُلک کا جائزہ لو۔“
یہ لوگ اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں داخل ہُوئے اَور میکاہؔ کے گھر آئے جہاں اُنہُوں نے رات گزاری۔ 3جَب وہ میکاہؔ کے گھر کے قریب پہُنچے تو اُنہُوں نے اُس جَوان لیوی کی آواز پہچانی اِس لیٔے وہ اُدھر مُڑ گیٔے اَور اُس سے پُوچھنے لگے، ”تُجھے یہاں کون لایا؟ تُم اِس جگہ کیا کر رہے ہو اَور تُم یہاں کیوں آئے ہو؟“
4اُس نے اُنہیں بتایا کہ میکاہؔ نے اُس کے ساتھ کیسا سلُوک کیا اَور کہا، ”اُس نے مُجھے مُلازم رکھ لیا ہے اَور مَیں اُس کا کاہِنؔ ہُوں۔“
5تَب اُنہُوں نے اُس سے کہا، ”مہربانی فرما کر خُدا سے دریافت کرنا، تاکہ ہم جانیں کہ ہمارا یہ سفر کامیاب ہوگا بھی یا نہیں؟“
6کاہِنؔ نے اُن سے کہا، ”سلامتی کے ساتھ جاؤ۔ کیونکہ یَاہوِہ تمہارے سفر پر رضامند ہے۔“
7چنانچہ وہ پانچ اَشخاص چل دئیے اَور لائش پہُنچے جہاں اُنہُوں نے دیکھا کہ لوگ صیدونیوں کی طرح اَمن و سلامتی کے ساتھ بے خطرہ اَور محفوظ زندگی گزار رہے ہیں۔ اَور چونکہ اُن کے مُلک میں کسی چیز کی کمی نہ تھی اِس لیٔے وہ خُوشحال تھے اَور وہ صَیدانیوں سے بہت دُور رہتے تھے اَور کسی سے اُن کے کویٔی تعلّقات نہ تھے۔
8جَب وہ ضورعاہؔ اَور اِستالؔ کو لَوٹے، تو اُن کے بھائیوں نے اُن سے پُوچھا کہ، ”تُمہیں وہاں کا ماحول کیسا لگا؟“
9اُنہُوں نے جَواب دیا، ”چلو فوراً چل کر، اُن پر حملہ کریں کیونکہ ہم نے دیکھاہے کہ وہ مُلک بہت اَچھّا ہے، اَور تُم چُپ چاپ بیٹھے ہو؟ چلو اُس پر حملہ کریں اَور دیری کئے بغیر اُس پر قبضہ کر لیں۔ 10جَب تُم وہاں پہُنچوگے تو وہاں ایک ناگہاں قوم اَور وسیع مُلک پاؤگے جسے خُدا نے تمہارے ہاتھ میں کر دیا ہے۔ وہ اَیسی جگہ ہے جہاں کسی چیز کی کمی نہیں۔“
11تَب دانیوں کے گھرانے کے چھ سَو مَرد مُسلّح ہوکر ضورعاہؔ اَور اِستالؔ سے روانہ ہُوئے۔ 12وہ بنی یہُوداہؔ کے یہُودیؔہ میں قِریت یعریمؔ کے نزدیک خیمہ زن ہُوئے۔ اِس لیٔے قِریت یعریمؔ کے مغرب کی جگہ آج کے دِن تک محنے دانؔ کہلاتی ہے۔ 13وہاں سے وہ اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک کو روانہ ہُوئے اَور میکاہؔ کے گھر پہُنچے۔
14تَب جو پانچ مَرد لائش کے مُلک کا جائزہ لینے گیٔے تھے اَپنے بھائیوں سے کہنے لگے، ”کیا تُم جانتے ہو کہ اِن میں سے ایک گھر میں افُود، اَور دُوسرے خانگی معبُود، چاندی سے تراشی ہُوا بُت ہے؟ اَور ایک ڈھلا ہُوا بُت ہے؟ اَب تُم جانتے ہو کہ کیا کرنا چاہئے۔“ 15چنانچہ وہ اُدھر مُڑ کر میکاہؔ کے مکان میں اُس جَوان لیوی کے گھر گیٔے اَور اُسے سلام کیا۔ 16اَور دانؔ کے قبیلہ کے وہ چھ سَو جنگی مَرد جو مُسلّح تھے پھاٹک کے دروازہ پر کھڑے رہے۔ 17وہ پانچ مَرد جنہوں نے مُلک کا جائزہ لیا تھا اَندر داخل ہُوئے اَور تراشی ہُوئی مُورت، افُود، دُوسرے خانگی معبُود لے لیٔے۔ جَب کہ وہ کاہِنؔ اَور چھ سَو ہتھیار بند مَرد پھاٹک پر کھڑے تھے۔
18جَب یہ لوگ میکاہؔ کے مکان میں داخل ہوکر تراشی ہُوئی مُورت، افُود، دُوسرے خانگی معبُود اُٹھا لایٔے تو اُس کاہِنؔ نے اُن سے کہا، ”تُم کیا کر رہے ہو؟“
19اُنہُوں نے اُسے جَواب دیا، ”چُپ رہ! ایک لفظ بھی مُنہ سے نہ نکال اَور ہمارے ساتھ چل کر ہمارا باپ اَور کاہِنؔ بَن۔ کیا یہ بہتر نہیں کہ تُم اِسرائیل کے ایک قبیلہ اَور برادری کی کہانت کرے بہ نِسبت اِس کے محض ایک شخص کے گھر کا کاہِنؔ ہو؟“ 20تَب وہ کاہِنؔ خُوش ہو گیا۔ اُس نے افُود، دُوسرے خانگی معبُود اَور تراشی ہُوئی مُورت لی اَور اُن لوگوں کے ساتھ ہو لیا۔ 21تَب وہ مُڑے اَور روانہ ہو گئے اَور اُن کے بچّے، مویشی اَور اُن کا مال و اَسباب اُن کے آگے آگے تھا۔
22وہ میکاہ کے گھر سے کُچھ ہی دُور گیٔے تھے کہ میکاہؔ کے آس پاس کے گھروں میں رہنے والے لوگ اِکٹھّے ہُوئے اَور اُنہُوں نے نکل کر بنی دانؔ کو جا لیا۔ 23جَب اُنہُوں نے اُنہیں پُکارا تو بنی دانؔ نے مُڑ کر میکاہؔ سے کہا، ”تُجھے کیا ہو گیا ہے کہ تُم اَپنے لوگوں کو لڑنے کے لیٔے لے آیا ہے؟“
24اُس نے کہا، ”تُم نے میرے بنوائے ہُوئے معبُودوں اَور میرے کاہِنؔ کو لے لیا اَور چل دئیے۔ میرے پاس اَور کیا باقی رہا؟ ’پھر تُم کیوں کر مُجھ سے پُوچھتے ہو کہ تُجھے کیا ہو گیا ہے؟‘ “
25بنی دانؔ نے کہا، ”ہم سے بحث نہ کر، کہیں اَیسا نہ ہو کہ چند تُند مِزاج لوگ تُجھ پر حملہ کر بیٹھیں، اَور تُم یعنی تُم اَور تمہارا خاندان اَپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھو۔“ 26تَب بنی دانؔ نے اَپنی راہ لی اَور میکاہؔ بھی یہ دیکھ کر کہ وہ اُس سے زِیادہ طاقتور ہیں مُڑا اَور اَپنے گھر لَوٹ گیا۔
27تَب وہ میکاہؔ کی بنوائی ہُوئی چیزوں اَور اُس کے کاہِنؔ کو لے کر لائش پہُنچے جہاں کے لوگ اَمن و سلامتی سے رہتے تھے۔ اُنہُوں نے اُنہیں تلوار سے مارا اَور اُن کا شہر جَلا دیا۔ 28اُنہیں کویٔی بچانے والا نہ تھا کیونکہ وہ صیدونؔ سے بہت دُور رہتے تھے اَور یہ لوگ کسی سے سروکار نہ رکھتے تھے۔ اَور وہ شہر بیت رحوبؔ کے پاس ایک وادی میں تھا۔
دانیوں نے اُس شہر کو پھر سے تعمیر کیا اَور وہ وہاں مُقیم ہو گئے۔ 29اُنہُوں نے اَپنے باپ دانؔ کے نام پرجو اِسرائیل کی اَولاد تھا اُس شہر کا نام دانؔ رکھا حالانکہ پہلے وہ شہر لائش کہلاتا تھا۔ 30وہاں دانیوں نے اَپنے لیٔے بُت نصب کئے اَور مُلک کی اسیری کے ایّام تک گیرشوم کا بیٹا اَور مَوشہ کا پوتا یُوناتانؔ اَور اُس کے بیٹے دانؔ کے قبیلہ کے کاہِنؔ رہے۔ 31اَور جَب تک خُدا کا گھر شیلوہؔ میں بنا رہا تَب تک وہ میکاہؔ کے بنوائے ہُوئے بُت کی عبادت کرتے رہے۔
موجودہ انتخاب:
قُضاۃ 18: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.