یَشعیاہ 6
6
یَشعیاہ کی روانگی
1جِس سال عُزّیاہؔ بادشاہ نے وفات پائی، مَیں نے خُداوؔند کو ایک بُلند و بالا تخت پر جلوہ افروز دیکھا اَور اُن کے قبا کے گھیر سے ہیکل معموُر ہو گئی۔ 2اُس سے ذرا اُونچائی پر سرافیم فرشتے تھے جِن کے چھ چھ پر تھے۔ دو پروں سے اُنہُوں نے اَپنے چہرے چھُپا رکھے تھے، دو سے اَپنے پاؤں اَور دو پروں کی مدد سے وہ اُڑتے تھے۔ 3اَور وہ ایک دُوسرے سے پُکار پُکار کر کہہ رہے تھے:
”قُدُّوس، قُدُّوس، قُدُّوس قادرمُطلق یَاہوِہ؛
ساری زمین اُس کے جلال سے معموُر ہے۔“
4اُن کی آوازوں کے شور سے دروازوں کی چوکھٹیں اَور دہلیزیں ہل گئیں اَور ہیکل دھوئیں سے بھر گئی۔
5”میں چِلّا اُٹھا! مُجھ پر افسوس! میں تباہ ہو گیا! کیونکہ میرے ہونٹ ناپاک ہیں اَور مَیں ناپاک ہونٹوں والے لوگوں کے درمیان رہتا ہُوں اَور مَیں نے بادشاہ کو جو قادرمُطلق یَاہوِہ#6:5 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ ہے اَپنی آنکھوں سے دیکھاہے۔“
6پھر اُن میں سے ایک سرافیم دست پناہ کی مدد سے مذبح پر سے ایک جلتا ہُوا اَنگارا اَپنے ہاتھ میں لیتے ہُوئے میری طرف اُڑ کر آیا۔ 7اُس نے اُس سے میرے مُنہ کو چھُوا اَور کہا، ”دیکھ، اِس نے تیرے لبوں کو چھُوا ہے؛ تیری بدکاری دُور ہُوئی اَور تیرے گُناہ کا کفّارہ ہو گیا۔“
8تَب مَیں نے خُداوؔند کو یہ کہتے ہُوئے سُنا، ”مَیں کسے بھیجوں اَور ہماری طرف سے کون جائے گا؟“
تَب مَیں نے عرض کیا، ”مَیں حاضِر ہُوں، مُجھے بھیج دو!“
9اُنہُوں نے فرمایا، ”جاؤ اَور اِس قوم سے کہو:
” ’تُم سُنتے تو رہوگے لیکن سمجھوگے نہیں؛
دیکھتے رہوگے لیکن کبھی پہچان نہ پاؤگے۔‘
10اِس قوم کے دِل پر چربی چھاگئی ہے؛
اَور وہ اُونچا سُننے لگے ہیں
اَور اُنہُوں نے اَپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
اَیسا نہ ہو کہ اُن کی آنکھیں دیکھ لیں،
اَور اُن کے کان سُن لیں،
اَور اُن کے دِل سمجھ لیں،
اَور وہ میری طرف پھریں اَور مَیں اُنہیں شفا بخشوں۔“
11پھر مَیں نے پُوچھا، ”اَے یَاہوِہ کب تک؟“
اَور اُنہُوں نے جَواب دیا:
”جَب تک شہر ویران نہ ہوں
اَور اُن میں کویٔی اِنسان بسنے والا نہ رہے،
جَب تک گھر خالی نہ ہو جایٔیں
اَور کھیت تباہ و برباد ہوکر نہ رہ جایٔیں،
12جَب تک یَاہوِہ ہر شخص کو وہاں سے بہت دُور نہ کر دے
اَور زمین پُوری طرح ویران نہ ہو جائے۔
13چاہے مُلک میں ایک دہائی حِصّہ لوگ باقی بچیں،
اُسے بھی ویران چھوڑ دیا جائے گا۔
لیکن جِس طرح بطم اَور بلُوط کے
درخت کٹنے کے بعد صِرف اُن کا ٹھُنٹھ باقی رہ جاتا ہے،
اُسی طرح اِسرائیل مُلک میں بچا ہُوا ٹھُنٹھ مُقدّس بیج کا کام دے گا۔“
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 6: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.