یہُودیؔہ کے بادشاہ حِزقیاہؔ کی تحریر جو اُس کی بیماری اَور شفا یابی کے بعد لکھی گئی: مَیں نے کہا: ”اَب جَب کہ میری زندگی شباب پر ہے کیا مُجھے موت کے پھاٹکوں میں سے گزرنا ہوگا اَور میری زندگی کے باقی سالوں کو لُوٹ لیا جائے گا؟“ مَیں نے کہا: ”مَیں یَاہوِہ کو پھر نہ دیکھ پاؤں گا، ہاں یَاہوِہ کو زندوں کی زمین پر نہ دیکھ پاؤں گا؛ نہ ہی نَوع اِنسان پر نگاہ کر سکوں گا، اَور نہ اُن لوگوں کے ساتھ رہ سکوں گا جو اَب اِس دُنیا میں بستے ہیں۔ میرا گھر چرواہے کے خیمہ کی طرح گرا دیا گیا اَور مُجھ سے لے لیا گیا۔ ایک جُلاہے کی طرح مَیں نے اَپنی زندگی کو لپیٹ لیا ہے، اَور اُس نے مُجھے کرگھے سے کاٹ کر الگ کر دیا ہے؛ دِن اَور رات تُو میرا خاتِمہ کرتا رہا۔ مَیں نے صُبح تک صبر سے کام لیا، لیکن شیرببر کی طرح اُس نے میری تمام ہڈّیاں توڑ ڈالیں؛ صُبح سے شام تک تُونے میرا خاتِمہ کر ڈالا۔ میں ابابیل اَور سارس کی طرح چیں چیں کرتا رہا، اَور غمزدہ کبُوتر کی مانند کراہتا رہا۔ میری آنکھیں اُوپر کی طرف دیکھتے دیکھتے تھک گئیں۔ میں ڈر گیا ہُوں، اَے خُداوؔند، میری مدد کے لئے آیئے۔“ لیکن مَیں کیا کہہ سَکتا ہُوں؟ اُسی نے مُجھ سے کہا اَور یہ کام اُسی کا ہے۔ اَپنی اِس تلخی جان کے باعث میں عمر بھر حلیمی سے چلتا رہُوں گا۔ اَے خُداوؔند، اِن ہی چیزوں سے اِنسان کی زندگی ہے؛ اَور میری رُوح بھی اِن ہی میں زندگی پاتی ہے۔ آپ نے مُجھے شفا بخشی اَور مُجھے جینے دیا۔ جو تکلیف مَیں نے برداشت کی یقیناً یہ میرے حق میں مفید ثابت ہُوئی۔ آپ نے اَپنی مَحَبّت میں مُجھے تباہی کے گڑھے سے بچا لیا؛ آپ نے میرے تمام گُناہ اَپنی پیٹھ کے پیچھے ڈال دئیے۔ کیونکہ قبر تیری سِتائش نہیں کر سکتی، اَور موت تیری تعریف کے نغمہ نہیں گا سکتی؛ جو پاتال میں اُترگئے وہ تیری سچّائی کی اُمّید نہیں رکھ سکتے۔ زندہ، ہاں صِرف زندہ ہی تیری سِتائش کریں گے، جَیسا کہ میں آج کر رہا ہُوں؛ والدین اَپنے بچّوں سے تیری وفاداری کا ذِکر کرتے ہیں۔ یَاہوِہ مُجھے نَجات دے گا، اِس لیٔے ہم عمر بھر یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں تار والے سازوں کے ساتھ نغمہ سرائی کریں گے۔ یَشعیاہ نے کہاتھا، ”اَنجیر کا لیپ بناؤ اَور اُسے پھوڑے پر لگاؤ تو وہ شفا پایٔےگا۔“ حِزقیاہؔ نے پُوچھا تھا، ”اِس کا نِشان کیا ہے کہ میں یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں جا پاؤں گا؟“
پڑھیں یَشعیاہ 38
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: یَشعیاہ 9:38-22
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos