یُوسیفؔ اَپنے باپ سے لپٹ کر رُوئے اَور اُنہیں چُوما۔ پھر یُوسیفؔ نے اَپنے طبیبوں کو حُکم دیا کہ وہ اُن کے باپ اِسرائیل کی لاش کو محفوظ رکھنے کے لیٔے اُس میں خُوشبودار مَسالے بھر دیں۔ چنانچہ طبیبوں نے اَیسا ہی کیا اَور لاش کو محفوظ کر دیا، جِس میں پُورے چالیس دِن لگے کیونکہ لاش کو محفوظ کرنے کے لیٔے اِتنا ہی وقت درکار ہوتاہے۔ اَور مِصریوں نے ستّر دِن تک یعقوب کے لیٔے ماتم کیا۔ جَب ماتم کے دِن گزر گئے تَب یُوسیفؔ نے فَرعوہؔ کے درباریوں سے کہا، ”اگر مُجھ پر تمہاری مہربانی ہو تو میری ایک درخواست فَرعوہؔ تک پہُنچا دو، ’میرے باپ نے مُجھ سے قَسم لے کر کہا ہے، ”مَیں اَب مرنے کو ہُوں؛ لہٰذا تُم مُجھے اُس قبر میں دفن کرنا جو مَیں نے مُلکِ کنعانؔ میں اَپنے لیٔے کھُدوائی ہے۔“ مُجھے اِجازت دیں کہ مَیں وہاں جا کر اَپنے باپ کو دفن کروں؛ اَور تَب میں لَوٹ کر آؤں گا۔‘ “ فَرعوہؔ نے کہا، ”جاؤ اَور اَپنے باپ کو جَیسے اُنہُوں نے تُم سے قَسم لی ہے، اُنہیں دفن کرو۔“ چنانچہ یُوسیفؔ اَپنے باپ کو دفن کرنے کے لیٔے روانہ ہُوئے اَور فَرعوہؔ کے سَب حاکم اَور اُس کے بُزرگ درباری اَور مِصر کے سَب اُمرا اَور یُوسیفؔ کے گھر کے سَب افراد اُن کے بھایٔی اَور اُن کے باپ کے گھر کے سَب لوگ اُن کے ساتھ گیٔے۔ وہ صِرف اَپنے بچّے اَور اَپنی بھیڑ بکریوں کے گلّے اَور اَپنے مویشیوں کے ریوڑ گوشینؔ میں چھوڑ گیٔے۔ رتھوں اَور گُھڑسواروں کی ایک بڑی تعداد بھی اُن کے ساتھ تھی۔ جَب وہ یردنؔ کے نزدیک اَتدؔ کے کھلیان پر پہُنچے تو اُنہُوں نے وہاں نہایت بُلند اَور دِل سوز آواز سے نوحہ کیا اَور یُوسیفؔ نے اَپنے باپ کے لیٔے سات دِن تک ماتم کروایا۔ جَب وہاں کے کنعانی باشِندوں نے اَتدؔ کے کھلیان پر ماتم ہوتے دیکھا تو کہا، ”مِصریوں کا ماتم بڑا دردناک ہے۔“ اِس لیٔے یردنؔ کے قریب کی وہ جگہ ابیل مصرائیمؔ کہلاتی ہے۔ چنانچہ یعقوب کے بیٹوں نے وَیسا ہی کیا جَیسا اُس نے اُنہیں حُکم دیا تھا: وہ اُنہیں مُلکِ کنعانؔ لے گیٔے اَور اُنہیں ممرےؔ کے نزدیک مکفیلہؔ کے کھیت کے اُس غار میں دفن کیا جسے اَبراہامؔ نے حِتّی عِفرونؔ سے کھیت سمیت قبرستان کے لیٔے خریدا تھا۔ اَپنے باپ کو دفن کرنے کے بعد یُوسیفؔ اَپنے بھائیوں اَور اُن سَب لوگوں کے ساتھ جو اُن کے باپ کو دفن کرنے کے لیٔے اُن کے ساتھ آئےتھے مِصر واپس لَوٹ گئے۔ جَب یُوسیفؔ کے بھائیوں نے دیکھا کہ اُن کے باپ وفات پا چُکے ہیں، تو اُنہُوں نے کہا، ”اگر یُوسیفؔ ہم سے دُشمنی رکھنے لگے اَور ساری بُرائی کا جو ہم نے اُس سے کی ہے پُورا بدلہ لینے لگے تو ہمارا کیا ہوگا؟“ تَب اُنہُوں نے یُوسیفؔ کو یہ کہلا بھیجا، ”تمہارے باپ نے اَپنی وفات سے پہلے یہ ہدایات دی تھیں کہ ’تُم یُوسیفؔ سے کہنا کہ اَپنے بھائیوں کے گُناہوں اَور خطاؤں کو مُعاف کر دیں جنہوں نے آپ کے ساتھ اِتنی بدسلُوکیاں کیں،‘ چنانچہ براہِ کرم اَب آپ اَپنے باپ کے خُدا کے خادِموں کی خطاؤں کو مُعاف کر دیں۔“ جَب اُن کا پیغام یُوسیفؔ کے پاس پہُنچا تو وہ رو دئیے۔ تَب اُن کے بھایٔی بھی آئے اَور اُن کے سامنے گِر کے کہنے لگے، ”ہم تو تمہارے غُلام ہیں۔“ لیکن یُوسیفؔ نے اُن سے کہا، ”خوف نہ کرو۔ کیا میں خُدا کی جگہ ہُوں؟ تُم نے مُجھے نُقصان پہُنچانے کا اِرادہ کیا تھا لیکن خُدا نے اُس سے نیکی پیدا کر دی تاکہ بہت سِی جانیں سلامت بچ جایٔیں جَیسا تُم دیکھ رہے ہو۔ چنانچہ ڈرو نہیں۔ مَیں تمہاری اَور تمہارے بال بچّوں کی ضروریات پُوری کرتا رہُوں گا۔“ یُوں یُوسیفؔ نے اُنہیں تسلّی دی اَور اُن کے ساتھ بڑی شفقت سے پیش آئے۔
پڑھیں پیدائش 50
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: پیدائش 1:50-21
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos