پیدائش 20
20
اَبراہامؔ اَور اَبی ملیخ
1تَب اَبراہامؔ وہاں سے کُوچ کرکے نِیگیوؔ کے علاقہ میں آکر قادِسؔ اَور شُورؔ کے درمیان بس گئے۔ کچھ عرصہ تک وہ گِراؔر میں رہے۔ 2اَور وہاں اَبراہامؔ نے اَپنی بیوی سارہؔ کے بارے میں فرمایا، ”وہ میری بہن ہے۔“ تَب گِراؔر کے بادشاہ اَبی ملیخ نے سارہؔ کو بُلاکر اَپنے پاس رکھا۔
3لیکن ایک رات خُدا خواب میں اَبی ملیخ کے پاس آئے اَور اُن سے فرمایا، ”تُم اُس عورت کے سبب سے جسے تُم نے رکھ لیا ہے یہ سمجھ لو کہ تمہاری موت آ پہُنچی ہے کیونکہ وہ عورت شادی شُدہ ہے۔“
4اَب تک اَبی ملیخ اُن کے پاس نہیں گیا تھا اِس لیٔے اُس نے کہا، ”اَے آقا، کیا آپ ایک بے قُصُور قوم کو بھی تباہ کر دیں گے؟ 5کیا اَبراہامؔ نے مُجھ سے یہ نہ کہاتھا، ’وہ میری بہن ہے،‘ اَور کیا وہ خُود بھی یہ نہ کہتی تھی، ’وہ میرا بھایٔی ہے؟‘ میری اِس حرکت کے باوُجُود میرا دِل صَاف ہے اَور میرے ہاتھ پاک ہیں۔“
6تَب خُدا نے اُسے خواب میں فرمایا، ”ہاں، مَیں جانتا ہُوں کہ تُونے یہ کام راست دِلی سے کیا ہے اَور اِسی لیٔے مَیں نے تُجھے اَپنے خِلاف گُناہ کرنے سے باز رکھا اَور سارہؔ کو چھُونے نہیں دیا۔ 7اَب تُم اُس آدمی کی بیوی لَوٹا دو کیونکہ وہ نبی ہے اَور وہ تمہاری خاطِر دعا کرےگا اَور تُم جیتے رہوگے۔ لیکن اگر تُم نے اُسے نہ لَوٹایا تو یقین جانو کہ تُم اَور تمہارے سَب لوگ ہلاک ہو جایٔیں گے۔“
8اگلے دِن اَبی ملیخ نے صُبح سویرے اُٹھ کر اَپنے سَب اہلکاروں کو بُلایا اَور جَب اُس نے اُنہیں یہ سَب ماجرا سُنایا تو وہ بےحد خوفزدہ ہویٔے۔ 9تَب اَبی ملیخ نے اَبراہامؔ کو اَندر بُلاکر کہا، ”آپ نے ہمارے ساتھ یہ کیا کیا؟ مَیں نے آپ کی کیا خطا کی تھی کہ آپ نے مُجھ پر اَور میری بادشاہی پر اِتنا بڑا بارِ گُناہ ڈال دیا؟ آپ نے میرے ساتھ وہ سلُوک کیا ہے جو نہیں کرنا چاہئے تھا۔“ 10اَور اَبی ملیخ نے اَبراہامؔ سے پُوچھا، ”کیا وجہ تھی جو آپ نے اَیسا کیا؟“
11اَبراہامؔ نے جَواب دیا، ”مَیں نے سوچا، ’اِس جگہ لوگوں کو بالکُل خُدا کا خوف نہیں ہے اَور وہ میری بیوی سارہؔ کو حاصل کرنے کے لیٔے مُجھے مار ڈالیں گے۔‘ 12اُس کے علاوہ وہ واقعی میری بہن بھی ہے یعنی میرے باپ کی بیٹی ہے، میری ماں کی بیٹی نہیں ہے، پھر بعد کو وہ میری بیوی بنی۔ 13اَور جَب خُدا نے مُجھے اَپنے باپ کا گھر چھوڑکر وہاں سے نکل جانے کا حُکم دیا تو مَیں نے سارہؔ سے کہا، ’آئندہ تُم مُجھ سے اَپنی مَحَبّت یُوں جتانا: جہاں کہیں ہم جایٔیں وہاں تُم میرے بارے میں یہی کہنا، ”یہ میرا بھایٔی ہے۔“ ‘ “
14تَب اَبی ملیخ نے بھیڑیں اَور مویشی اَور غُلام اَور لونڈیاں لاکر اَبراہامؔ کو دیں اَور اُن کی بیوی سارہؔ کو بھی اُنہیں لَوٹا دیا۔ 15اَور اَبی ملیخ نے اَبراہامؔ سے کہا، ”میرا مُلک آپ کے سامنے ہے؛ جہاں جی چاہے، وہاں سکونت کرو۔“
16اَور اُس نے سارہؔ سے کہا، ”مَیں آپ کے بھایٔی کو چاندی کے ہزار سِکّے#20:16 چاندی کے ہزار سِکّے تقریباً بَارہ کِلو دے رہا ہُوں۔ تاکہ اِن سَب کے سامنے جو آپ کے ساتھ ہیں، اُس نازیبا سلُوک کا جو آپ کے ساتھ ہُواہے ازالہ ہو جائے اَور آپ ہر ایک کی نظر میں پاک دامن ٹھہرو۔“
17تَب اَبراہامؔ نے خُدا سے دعا کی اَور خُدا نے اَبی ملیخ، اُن کی بیوی اَور اُن کی خادِماؤں کو شفا بخشی اَور اُن کے اَولاد ہونے لگی 18کیونکہ یَاہوِہ نے اَبراہامؔ کی بیوی سارہؔ کے سبب سے اَبی ملیخ کے خاندان کی ہر عورت کا رِحم بند کر دیا تھا۔
موجودہ انتخاب:
پیدائش 20: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.