گلتیوں 1:5-15

گلتیوں 1:5-15 UCV

المسیح نے ہمیں آزاد کر دیا تاکہ ہم ہمیشہ آزاد رہیں۔ پس ثابت قدم رہو، اَور دوبارہ غُلامی کے جُوئے میں مت جُتو۔ دیکھو! میں پَولُسؔ، خُود تُم سے کہتا ہُوں کہ اگر تُم ختنہ کراؤگے تو تُمہیں المسیح سے کچھ بھی فائدہ نہ ہوگا۔ میں ہر اُس آدمی سے جو ختنہ کراتا ہے بطور گواہ یہ کہتا ہُوں کہ اُسے ساری شَریعت پر عَمل کرنا فرض ہے۔ تُم جو شَریعت کے وسیلہ سے راستباز ٹھہرنے کی کوشش کر رہے ہو المسیح سے جُدا ہو گیٔے ہو؛ اَور فضل سے ہاتھ دھو بیٹھے ہو۔ مگر ہم پاک رُوح کے وسیلہ سے ایمان سے راستباز ٹھہرائے جایٔیں گے اَور اِس کا ہم اُمّید سے اِنتظار کر رہے ہیں۔ اَورجو کویٔی المسیح یِسوعؔ میں ہے اُس کا ختنہ کرانا یا نہ کرانا اِتنا مفید نہیں۔ جِتنا مفید المسیح پر ایمان رکھناہے جو مَحَبّت کے ذریعہ اثر کرتا ہے۔ تُم ایمان کی دَوڑ اَچھّی طرح دَوڑ رہے تھے۔ کِس نے ناگہاں مداخلت کرکے تُمہیں حق کے ماننے سے روک دیا؟ یہ ترغِیب خُدا کی طرف سے نہیں ہو سکتی جِس نے تُمہیں بُلایا ہے۔ ”تھوڑا سا خمیر سارے گُندھے ہویٔے آٹے کو خمیر کر دیتاہے۔“ مُجھے خُداوؔند میں تمہارے بارے میں یقین ہے کہ تُم میرے خیال سے مُتّفِق ہوگے۔ اَورجو شخص تُمہیں پریشان کر رہاہے، سزا پایٔےگا، خواہ وہ کویٔی بھی ہو۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! اگر مَیں اَب تک ختنہ کی مُنادی کرتا ہُوں تو کِس وجہ سے ستایا جا رہا ہُوں؟ اگر مَیں ختنہ کی تعلیم دیتا تو صلیب کسی کے لیٔے ٹھوکر کا باعث نہ ہوتی جِس کی میں مُنادی کرتا ہُوں۔ جو تُمہیں ختنہ کرانے پر مجبُور کرتے ہیں، کاش وہ ختنے کے وقت اَپنے اَعضا بھی کٹوادیتے! میرے بھائیو اَور بہنوں! تُم آزاد ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے ہو۔ لیکن اِس آزادی کو اَپنی جِسمانی نَفسانی خواہشات کے لیٔے اِستعمال نہ کرو؛ بَلکہ، مَحَبّت سے ایک دُوسرے کی خدمت کرتے رہو۔ کیونکہ ساری شَریعت کا خُلاصہ اِس ایک حُکم میں پایا جاتا ہے: ”تُم اَپنے پڑوسی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھو۔“ اگر تُم ایک دُوسرے کو کاٹتے پھاڑتے اَور کھاتے ہو تو خبردار رہنا، کہیں اَیسا نہ ہو کہ ایک دُوسرے کو ختم کر ڈالو۔