YouVersion Logo
تلاش

عزرا 9

9
عزراؔ کی دعا
1اِن چیزوں کے مُکمّل ہونے کے بعد سربراہوں نے میرے پاس آکر کہا، ”اِسرائیل کے لوگ جِن میں کاہِنؔ اَور لیوی بھی شامل ہیں اَپنے پڑوسی اَقوام یعنی کنعانیوں، حِتّیوں، پَرزّیوں، یبُوسیوں، عمُّونیوں، مُوآبیوں، مِصریوں اَور امُوریوں کے مکرُوہ کاموں سے اَپنے آپ کو الگ نہیں رکھا۔ 2اُنہُوں نے اَپنی بیٹیوں میں سے کچھ کو اَپنے اَور اَپنے بیٹوں کے لیٔے بیویاں بنا لیا ہے اَور مُقدّس قوم کو اَپنے اِردگرد کے لوگوں کے ساتھ مِلا دیا ہے۔ اَور رہنما اَور اہلکاروں نے اِس بےوفائی کی راہ لی ہے۔“
3جَب مَیں نے یہ سُنا تو اَپنے پیراہن اَور اَپنی چادر کو چاک کر دیا، سَر اَور داڑھی کے بال نوچے اَور خوفزدہ ہوکر بیٹھ گیا۔ 4تَب وہ سَب جو بنی اِسرائیل کے خُدا کی باتوں سے کانپتے تھے جَلاوطنی سے آنے والوں کی اِس بےوفائی کے باعث میرے گِرد جمع ہو گئے۔ اَور مَیں شام کی قُربانی تک خوفزدہ وہاں بیٹھا رہا۔
5پھر شام کی قُربانی کے وقت میں اَپنے چاک پیراہن اَور پھٹی چادر کے ساتھ ہی اَپنی ماتمی حالت کو بھُول کر اُٹھا اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کے آگے اَپنے ہاتھ پھیلا کر گھٹنوں کے بَل گِر پڑا 6اَور دعا کی:
”اَے میرے خُدا! میں اِس قدر شرمندہ اَور ذلیل ہُوں کہ مَیں آپ کے سامنے، اَے میرے خُدا، اَپنا مُنہ اُٹھانے تک کے لائق نہیں کیونکہ ہمارے گُناہ بڑھ کر ہمارے سَروں سے بھی بُلند ہو گئے ہیں اَور ہماری خطائیں آسمانوں تک جا پہُنچی ہیں۔ 7ہمارے آباؤاَجداد کے دَور سے لے کر اَب تک ہم سے بڑی خطائیں سرزد ہُوئی ہیں اَور اَپنے گُناہوں کے باعث ہم، ہمارے بادشاہ اَور ہمارے کاہِنؔ غَیر مُلکی بادشاہوں کی تلوار، اسیری، لُوٹ مار اَور تذلیل کا شِکار رہے ہیں جَیسا کہ آج کے دِن ہے۔
8”مگر اَب تھوڑے عرصہ کے لیٔے یَاہوِہ ہمارے خُدا ہم پر مہربان ہُوئے ہیں کہ ہماری قوم کے ایک حِصّہ کو باقی رہنے دیں اَور اُسے اَپنے پاک مَقدِس میں پائداری بخشیں۔ اَور یُوں ہمارے خُدا ہماری آنکھیں رَوشن کریں اَور ہماری اسیری میں ہمیں تسکین عطا فرمائیں۔ 9اگرچہ ہم غُلام ہیں تاہم ہمارے خُدا نے ہمیں ہماری غُلامی میں ترک نہیں کیا بَلکہ اُنہُوں نے فارسؔ کے بادشاہوں کے سامنے ہم پر اَپنی شفقت کا مظاہرہ کیا۔ اُنہُوں نے ہمیں نئی زندگی دی کہ ہم اَپنے خُدا کے گھر کو پھر سے تعمیر کریں اَور اُس کے کھنڈرات کی مرمّت کریں اَور اُنہُوں نے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ میں ہمیں محفوظ کر دیا ہے۔
10”لیکن اَب اَے ہمارے خُدا! اِس کے بعد ہم اَور کیا کہیں؟ کیونکہ ہم نے اُن اَحکام کو نظرانداز کیا ہے 11جو آپ نے اَپنے خادِموں یعنی نبیوں کی مَعرفت دئیے جَب آپ نے فرمایا: ’جِس مُلک میں تُم داخل ہو رہے ہو کہ اُس پر قابض ہو سکو وہ اَیسا مُلک ہے جو وہاں کی اَقوام کی بد عنوانیوں کے باعث نجِس ہو چُکاہے۔ اَپنے نہایت ہی مکرُوہ اعمال کے باعث اُنہُوں نے اُسے ایک سِرے سے لے کر دُوسرے سِرے تک اَپنی ناپاکی سے بھر دیا ہے۔ 12اِس لیٔے نہ تو اَپنی بیٹیوں کا اُن کے بیٹوں سے اَور نہ اُن کی بیٹیوں سے اَپنے بیٹوں کا بیاہ کرو۔ اُن کے ساتھ کبھی بھی دوستی کا عہد نہ کرنا تاکہ تُم مضبُوط بنو اَور مُلک کی اَچھّی چیزیں کھاؤ اَور اُسے اَپنے بچّوں کے لیٔے ہمیشہ کے لیٔے مِیراث میں چھوڑ جاؤ۔‘
13”جو کچھ ہم پر گزرا ہے وہ ہمارے بُرے کاموں اَور ہماری بہت سِی جرائم کا نتیجہ ہے۔ اَور پھر بھی اَے ہمارے خُدا آپ نے ہمیں ہمارے گُناہوں کی واجبی سزا کی بہ نِسبت کم سزا دی ہے اَور ہمیں باقی رہنے دیا ہے۔ 14کیا ہم پھر آپ کے حُکم کو توڑ دیں اَور اِن لوگوں سے شادی کریں جو اَیسے مکرُوہ کام کرتے ہیں؟ کیا آپ ہم پر اِتنا غُصّہ نہیں کریں گے کہ ہم کو تباہ کر دیں، ہمارے لیٔے کوئی باقی بچ جانے والا نہیں؟ 15لیکن اَے یَاہوِہ، اِسرائیل کے خُدا! آپ بڑے راستباز ہیں! آپ نے ہمیں آج تک باقی رہنے دیا۔ ہم اَپنے جرائم کے ساتھ یہاں آپ کے سامنے حاضِر ہیں حالانکہ اُن کے باعث ہم میں سے ایک بھی آپ کی بارگاہ میں کھڑا نہیں رہ سَکتا۔“

موجودہ انتخاب:

عزرا 9: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in