حزقی ایل 35
35
اِدُوم کے خِلاف نبُوّت
1یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 2”اَے آدمؔ زاد، اَپنا رُخ سِعِیؔر پہاڑ کی طرف کرکے اُس کے خِلاف نبُوّت کر: 3اَور کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے کوہِ سِعِیؔر، مَیں تیرا مُخالف ہُوں۔ مَیں اَپنا ہاتھ تیرے خِلاف بڑھا کر تُجھے اُجاڑ کر رکھ دُوں گا۔ 4مَیں تیرے شہروں کو کھنڈر بنا دُوں گا اَور تُو ویران ہو جائے گا۔ تَب تُو جان لے گا کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
5” ’کیونکہ تُجھے بنی اِسرائیل سے قدیم عداوت تھی اَور تُونے اُن کے مُصیبت کے ایّام میں جَب کہ اُن کی سزا اِنتہا کو پہُنچ چُکی تھی، اُنہیں تلوار کے حوالہ کیا۔ 6اِس لیٔے یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں، مُجھے میری حیات کی قَسم، مَیں تُجھے خُونریزی کے حوالہ کر دُوں گا اَور وہ تیرا تعاقب کرےگی۔ چونکہ تُونے خُونریزی سے نفرت نہیں کی اِس لیٔے وہ تیرا تعاقب کرتی رہے گی۔ 7میں کوہِ سِعِیؔر کو اُجاڑ کر رکھ دُوں گا اَور وہاں آنے اَور جانے والوں کا سلسلہ ختم کر دُوں گا۔ 8مَیں تیرے پہاڑوں کو مقتولوں سے بھر دُوں گا اَور تلوار سے قتل کئے ہُوئے تیرے ٹیلوں، وادیوں اَور تمام دریاؤں میں گریں گے۔ 9مَیں تُجھے ہمیشہ کے لیٔے ویران کر دُوں گا اَور تیرے شہر پھر کبھی آباد نہ ہونے پائیں گے۔ تَب تُو جان لے گا کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
10” ’کیونکہ مَیں یَاہوِہ کے وہاں مَوجُود ہونے کے باوُجُود بھی تُونے کہا ہے، ”یہ دو قومیں اَور مُلک ہمارے ہو جایٔیں گے،“ اَور ہم اُن پر قبضہ کر لیں گے۔ 11اِس لیٔے یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں، مُجھے اَپنی حیات کی قَسم کہ جو قہر اَور حَسد تُونے اَپنی نفرت میں اُن کے خِلاف جتایا اِسی کے مُطابق مَیں تُجھ سے سلُوک کروں گا۔ اَور جَب مَیں تیرا اِنصاف کروں گا تَب میں اَپنے آپ کو اُن کے درمیان ظاہر کروں گا۔ 12تَب تُو جان لے گا کہ مَیں یَاہوِہ نے اُن تمام حقارت آمیز باتوں کو سُن لیا ہے جو تُونے اِسرائیل کے پہاڑوں کے خِلاف کہی ہیں۔ تُونے کہا، ”وہ برباد کر دیا گیا اَور اُنہیں کھانے کے لیے ہمارے حوالے کر دیا گیا ہے۔“ 13تُونے میرے خِلاف شیخی ماری اَور زبان درازی کی اَور مَیں نے اُسے سُن لیا ہے۔ 14چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں کہ جَب ساری دُنیا خُوشیاں مناتی ہوگی تَب مَیں تُجھے اُجاڑ دُوں گا۔ 15چنانچہ جِس طرح بنی اِسرائیل کی مِیراث کی ویرانی پر تُونے خُوشی منائی اِسی طرح اَب مَیں تیرے ساتھ کروں گا۔ اَے کوہِ سِعِیؔر، اَب تُو ویران ہو جائے گا تُو اَور تمام اِدُوم بھی۔ تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 35: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.