مَوشہ نے جَواب دیا، ”لیکن اگر وہ میرا یقین نہ کریں یا میری بات نہ سُنیں، اَور کہیں، ’یَاہوِہ تُمہیں دِکھائی نہیں دئیے تو پھر میں کیا کروں گا؟‘ “ تَب یَاہوِہ نے کہا، ”تمہارے ہاتھ میں یہ کیا ہے؟“ مَوشہ نے جَواب دیا، ”عصا ہے۔“ پھر یَاہوِہ نے کہا، ”اُسے زمین پر ڈال دو!“ تَب مَوشہ نے اُسے زمین پر ڈال دیا، اَور وہ عصا سانپ بَن گیا اَور مَوشہ اُس سے ڈر کر بھاگے۔ تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”اَپنا ہاتھ بڑھا کر اُسے دُم سے پکڑ لو!“ لہٰذا مَوشہ نے ہاتھ بڑھا کر سانپ کو پکڑ لیا اَور وہ اُن کے ہاتھ میں پھر سے عصا بَن گیا! یَاہوِہ نے فرمایا، ”یہ اِس لیٔے ہُوا،“ تاکہ، ”وہ یقین کریں کہ یَاہوِہ اُن کے آباؤاَجداد کا خُدا یعنی اَبراہامؔ کا خُدا اِصحاقؔ کا خُدا اَور یعقوب کا خُدا تُم پر ظاہر ہویٔے ہیں۔“ تَب یَاہوِہ نے فرمایا، ”اَپنا ہاتھ اَپنے چوغہ کے اَندر رکھو۔“ لہٰذا مَوشہ نے اَپنا ہاتھ اَپنے چوغہ کے اَندر رکھ لیا اَور جَب مَوشہ نے اُسے باہر نکالا، تو وہ کوڑھ سے برف کی مانند سفید تھا۔ تَب یَاہوِہ نے فرمایا، ”اَب اِسے پھر سے واپس اَپنے چوغہ کے اَندر رکھو۔“ لہٰذا مَوشہ نے اَپنا ہاتھ پھر سے چوغہ کے اَندر رکھ لیا؛ اَور جَب مَوشہ نے اُسے باہر نکالا تو وہ پھر اُن کے باقی جِسم کی مانند پہلے جَیسا ہو گیا تھا۔ تَب یَاہوِہ نے کہا، ”اگر وہ تمہارا یقین نہ کریں یا پہلے والے معجزانہ نِشان کی بھی پرواہ نہ کریں تو ہو سَکتا ہے کہ وہ دُوسرے معجزانہ نِشان کا یقین کر لیں۔ لیکن اگر وہ اِن دونوں حیرت اَنگیز نِشانوں کا یقین نہ کریں یا تمہاری بات نہ سُنیں تو تُم دریائے نیل سے کُچھ پانی لے کر اُسے خشک زمین پر اُنڈیل دینا۔ اَور وہ پانی جو تُم دریا سے لوگے زمین پر خُون ہو جائے گا۔“ تَب مَوشہ نے یَاہوِہ سے کہا، ”اَے خُداوؔند! مَیں کبھی بھی خُوش گُفتار نہیں رہا ہُوں۔ نہ ماضی میں اَور نہ ہی جَب سے آپ نے اَپنے خادِم سے کلام کیا ہے۔ میں روانی سے نہیں بول سَکتا اَور میری زبان میں لکنت ہے۔“
پڑھیں خُروج 4
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: خُروج 1:4-10
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos