YouVersion Logo
تلاش

خُروج 33

33
1پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”تُم اَور وہ لوگ جنہیں مِصر سے نکال لائے، یہ جگہ چھوڑکر اُس مُلک کی طرف روانہ ہو جِس کا مَیں نے قَسم کھا کر اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب سے یہ وعدہ کیا تھا، ’میں اُنہیں تمہاری نَسل کو دے دُوں گا۔‘ 2اَور مَیں اَپنے فرشتہ کو تمہارے آگے آگے بھیجوں گا اَور مَیں کنعانیوں، امُوریوں، حِتّیوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کو نکال دُوں گا۔ 3اُس مُلک میں جہاں دُودھ اَور شہد بہتا ہے داخل ہو۔ لیکن مَیں تمہارے ساتھ نہ جاؤں گا کیونکہ تُم ایک ضِدّی قوم ہو اَور کہیں اَیسا نہ ہو کہ میں تُمہیں راہ ہی میں فنا کر ڈالوں۔“
4جَب لوگوں نے یہ وحشتناک الفاظ سُنے تو غمزدہ ہو گئے اَور کسی نے بھی کویٔی زیور نہ پہنا۔ 5کیونکہ یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا تھا، ”بنی اِسرائیل کو کہہ دیں، ’تُم ایک ضِدّی قوم ہو اَور اگر مَیں ایک لمحہ کے لیٔے بھی تمہارے ساتھ چلُوں تو تُمہیں فنا کر سَکتا ہُوں۔ لہٰذا اَپنے زیورات اُتار ڈالو تَب میں فیصلہ کروں گا کہ تمہارے ساتھ کیا کرنا چاہیے۔‘ “ 6چنانچہ بنی اِسرائیل نے حورِبؔ پہاڑ پر اَپنے زیورات اُتار ڈالے۔
خیمہ اِجتماع
7اَور مَوشہ ایک خیمہ اِجتماع لے کر اُسے چھاؤنی کے باہر کچھ دُور لگا لیا کرتے تھے جِس کا نام اُنہُوں نے ”خیمہ اِجتماع رکھا تھا۔“ اَورجو کویٔی یَاہوِہ کا طالب ہوتا وہ چھاؤنی کے باہر اُس خیمہ اِجتماع کی طرف چلا جاتا تھا۔ 8جَب کبھی مَوشہ باہر اُس خیمہ کی طرف جاتے تو تمام لوگ اُٹھ اُٹھ کر اَپنے خیموں کے دروازہ پر کھڑے ہو جاتے اَور جَب تک مَوشہ اُس خیمہ کے اَندر داخل نہ ہو جاتے اُنہیں دیکھتے رہتے۔ 9اَور جَب مَوشہ خیمہ کے اَندر چلے جاتے تو بادل کا سُتون نیچے اُترتا اَور دروازہ پر جاتا اَور یَاہوِہ مَوشہ سے باتیں کرنے لگتے۔ 10اَور جَب بھی لوگ بادل کے سُتون کو خیمہ کے دروازہ پر کھڑا دیکھتے تو سَب کے سَب کھڑے ہو جاتے اَور اَپنے اَپنے خیمہ کے دروازہ پر یَاہوِہ کو سَجدہ کرتے۔ 11اَور یَاہوِہ مَوشہ سے رُوبرو باتیں کرتے تھے، جَیسے کویٔی اَپنے دوست سے باتیں کرتا ہے۔ پھر مَوشہ چھاؤنی کو واپس لَوٹ آتے مگر اُن کا خادِم یہوشُعؔ بِن نُونؔ جو جَوان اِنسان تھا خیمہ ہی میں رہتا تھا۔
مُوسیٰ اَور خُداوؔند کا جلال
12مَوشہ نے یَاہوِہ سے کہا، ”آپ مُجھ سے کہتے رہے ہیں، ’اِن لوگوں کی رہبری کرو،‘ لیکن آپ نے یہ نہیں بتایا کہ میرے ساتھ کِس کو بھیجیں گے۔ آپ نے یہ بھی فرمایا، ’میں تُمہیں نام سے جانتا ہُوں اَور آپ نے مُجھ پر مہربانی کی ہے۔‘ 13پس اگر آپ مُجھ سے خُوش ہیں تو مُجھے اَپنے طریقے سکھائیں، تاکہ مَیں آپ کو جان سکوں اَور آپ کی نظر میں افضل ٹھہروں۔ خیال رکھیں کہ یہ قوم آپ کی ہی اُمّت ہے۔“
14یَاہوِہ نے جَواب دیا، ”میری حُضُوری تمہارے ساتھ جائے گی اَور مَیں تُمہیں اِطمینان بخشوں گا۔“
15تَب مَوشہ نے اُن سے کہا، ”اگر آپ کی حُضُوری ہمارے ساتھ نہ ہوگی تو آپ ہمیں یہاں سے آگے نہ بھیجیں۔ 16کیسے مَعلُوم ہوگا کہ آپ مُجھ سے اَور اَپنے لوگوں سے راضی ہیں جَب تک کہ آپ ہمارے ساتھ نہ جائیں؟ اِسی سے تو ظاہر ہوگا کہ میں اَور آپ کے لوگ رُوئے زمین کی ساری قوموں میں اِمتیازی حیثیّت رکھتے ہیں۔“
17اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”جِس بات کے لیٔے آپ نے درخواست کی ہے میں اُسے ضروُر پُوری کروں گا کیونکہ مَیں آپ سے راضی ہُوں اَور مَیں تُمہیں تمہارے نام سے جانتا ہُوں۔“
18تَب مَوشہ نے کہا، ”اَب مُجھے اَپنا جلال دِکھائیں۔“
19اَور یَاہوِہ نے فرمایا، ”میں اَپنا جلال تمہارے سامنے عیاں کروں گا اَور اَپنا نام خُداوؔند کا تمہاری مَوجُودگی میں اعلان کروں گا۔ جِس پر مُجھے رحم کرنا منظُور ہوگا اُس پر رحم کروں گا، اَور جِس پر ترس کھانا منظُور ہوگا اُس پر ترس کھاؤں گا۔“ 20اَور یہ بھی کہا، ”تُم میرا چہرہ نہیں دیکھ سکتے کیونکہ کویٔی بھی اِنسان مُجھے دیکھ کر زندہ نہیں رہ سَکتا۔“
21پھر یَاہوِہ نے فرمایا، ”میرے قریب ہی ایک جگہ ہے وہاں تُم ایک چٹّان پر کھڑے ہو جاؤ۔ 22اَور جَب میرا جلال وہاں سے گزرے گا تو میں تُمہیں اُس چٹّان کے شگاف میں رکھوں گا اَور اَپنے ہاتھ سے تُمہیں اُس وقت تک ڈھانکے رہُوں گا جَب تک کہ میں گزر نہ جاؤں۔ 23پھر میں اَپنا ہاتھ ہٹا لُوں گا اَور تمہاری نظر میرے چہرے پر پڑےگی لیکن تُمہیں میرا چہرہ ہرگز دِکھائی نہیں دے گا۔“

موجودہ انتخاب:

خُروج 33: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in