YouVersion Logo
تلاش

خُروج 31

31
بصل ایل اَور اُہلیابؔ
1پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”دیکھو، مَیں نے یہُوداہؔ کے قبیلہ میں سے بصل ایل بِن اوری بِن حُورؔ کو چُناہے، 3مَیں نے اُسے خُدا کی رُوح سے معموُر کیا ہے، اُسے فہم اَور حِکمت، اَور ہر قِسم کی دستکاری کا علم بخشا ہے، 4تاکہ وہ سونے، چاندی اَور کانسے سے خُوبصورت نقش و نگار والی چیزیں بنائے، 5جواہرات کو تراشے اَور جڑی، لکڑی کو تراشے اَور ایک ماہر کاریگر ثابت ہو۔ 6علاوہ اَزیں مَیں نے دانؔ کے قبیلہ میں سے اُہلیابؔ بِن احیسمکؔ کو اُس کا مددگار مُقرّر کیا ہے۔
”نیز مَیں نے تمام کاریگروں کو مہارت بخشی ہے تاکہ وہ ہر ایک چیز جِس کا مَیں نے حُکم دیا ہے بنائیں:
7”یعنی خیمہ اِجتماع،
عہد کا صندُوق اَور اُس پر کفّارہ کا سرپوش،
اَور خیمہ کا سارا سامان،
8یعنی میز اَور اُس کے ظروف،
خالص سونے کا چراغدان اَور اُس کے تمام ظروف،
اَور بخُور کا مذبح،
9سوختنی نذر کی قُربانی کا مذبح اَور اُس کے تمام ظروف،
لگن اَور اُس کی چوکی،
10اَور بیل بُوٹے کڑھے ہویٔے لباس،
یعنی مُقدّس لباس اَہرونؔ کاہِنؔ کے لیٔے،
اَور اُس کے بیٹوں کے لیٔے لباس جنہیں پہن کر وہ بطور کاہِنؔ خدمت اَنجام دیں۔
11اَور مَسح کرنے کا زَیتُون کا تیل، اَور پاک مقام کے لیٔے خُوشبودار بخُور،
”اَور جَیسا مَیں نے تُمہیں حُکم دیا وہ اُنہیں وَیسا ہی بنائیں۔“
سَبت
12پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 13”بنی اِسرائیل سے کہو، ’تُم میرے سَبتوں کو ضروُر ماَننا۔ یہ میرے اَور تمہارے درمیان نَسل در نَسل ایک نِشان ہوگا، تاکہ تُم جانو کہ تُمہیں پاک کرنے والا یَاہوِہ میں ہُوں۔
14” ’لہٰذا سَبت کو مانو کیونکہ یہ تمہارے لیٔے مُقدّس ہے، اَورجو کویٔی اُس کی بےحُرمتی کرے وہ ضروُر مار ڈالا جائے؛ اَورجو کویٔی اُس دِن کویٔی کام کرے اَپنی قوم سے خارج کیا جائے۔ 15چھ دِن کام کیا جائے، لیکن ساتواں دِن آرام کا سَبت ہے جو یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس ہے۔ جو اِنسان سَبت کے دِن کویٔی کام کرے وہ ضروُر مار ڈالا جائے۔ 16لہٰذا بنی اِسرائیل سَبت کو مانیں اَور اُسے دائمی عہد کے طور پر نَسل در نَسل مانتے رہیں۔ 17یہ میرے اَور بنی اِسرائیل کے درمیان ہمیشہ کے لیٔے ایک نِشان ہوگا کیونکہ یَاہوِہ نے آسمانوں کو اَور زمین کو چھ دِنوں میں بنایا اَور ساتویں دِن کام چھوڑکر آرام کیا۔‘ “
18اَور جَب یَاہوِہ کوہِ سِینؔائی پر مَوشہ سے کلام کرچکے، تو اُنہُوں نے اُسے شہادت کی دو تختیاں دیں۔ وہ تختیاں پتّھر کی تھیں اَور خُدا کے ہاتھ کی لکھی ہُوئی تھیں۔

موجودہ انتخاب:

خُروج 31: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in