YouVersion Logo
تلاش

خُروج 15

15
مُوسیٰ اَور مِریمؔ کا نغمہ
1تَب مَوشہ اَور بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ کی حَمد میں یہ نغمہ گایا:
”مَیں یَاہوِہ کی ثنا گاؤں گا،
کیونکہ وہ بہت ہی بُلند و بالا ہیں۔
اُنہُوں نے گھوڑوں کو سوار سمیت
سمُندر میں پھینک دیا۔
2”یَاہوِہ میری قُوّت اَور میرا نغمہ#15‏:2 نغمہ قدیم نُسخوں میں حِفاظت لِکھا ہُواہے ہیں؛
وہ ہی میری نَجات ہیں۔
وہ میرے خُدا ہیں اَور مَیں اُن کی حَمد کروں گا،
وہ میرے باپ کے خُدا ہیں مَیں اُن کی تمجید کروں گا۔
3یَاہوِہ جنگ میں فتح پاتے ہیں؛
اُن کا نام یَاہوِہ ہے۔
4اُنہُوں نے فَرعوہؔ کے رتھوں اَور فَوج کو
سمُندر میں ڈال دیا۔
اَور فَرعوہؔ کے چُنے ہُوئے افسران
بحرِقُلزمؔ میں غرق ہو گئے۔
5گہرے پانی نے اُن کو چھُپا لیا؛
وہ پتّھر کی مانند گہرائیوں میں ڈُوب گیٔے۔
6اَے یَاہوِہ! آپ کا داہنا ہاتھ،
قُوّت میں جلالی تھا۔
اَے یَاہوِہ! آپ کے ہاتھ نے،
دُشمن کو چکنا چُور کر دیا۔
7”اَپنی عظمت کے جلال سے،
آپ نے اَپنے مُخالفوں کو تہِ تیغ کر دیا۔
آپ کے آتِشیں قہر نے بھڑک کر؛
اُنہیں بھُوسے کی مانند بھسم کر دیا۔
8آپ کے نتھنوں کے پُرزور دَم سے
پانی کا ڈھیر لگ گیا۔
اَور سیلاب کا پانی دیوار کی طرح سیدھے کھڑا ہو گیا؛
اَور گہرا پانی سمُندر کے درمیان جم گیا۔
9دُشمن نے بڑی شیخی بگھاری تھی،
’میں تعاقب کرکے اُنہیں تباہ کر دُوں گا۔
میں لُوٹ کا مال تقسیم کروں گا؛
میں اُن کو نگل جاؤں گا۔
میں اَپنی تلوار کھینچ کر
اَپنے ہی ہاتھ سے اُنہیں ہلاک کروں گا۔‘
10لیکن آپ نے اَپنی سانس کی آندھی بھیجی،
اَور سمُندر نے اُن کو چھُپا لیا۔
اَور وہ زورآور پانی میں
سیسے کی مانند ڈُوب گیٔے۔
11اَے یَاہوِہ! معبُودوں میں
کون آپ کی مانند ہے؟
کون ہے جو آپ کی مانند،
اَپنی پاکیزگی میں جلالی،
اَور اَپنی مدح کے سبب سے،
اَور عجائب کام کر سکتا ہے؟
12”آپ نے اَپنا داہنا ہاتھ بڑھایا
اَور زمین نے آپ کے دُشمنوں کو نگل لیا۔
13اَپنی لافانی مَحَبّت سے
آپ اُن لوگوں کی رہنمائی کریں گے جِن کا آپ نے فدیہ دیا ہے۔
اَور اُنہیں اَپنی قُوّت سے
اَپنے مُقدّس قِیام کی طرف لےچلیں گے۔
14قومیں سُنیں گی اَور تھرتھرائیں گی؛
اَور فلسطین کے لوگ ذہنی کُوفت میں مُبتلا ہوں گے۔
15اَور اِدُوم کے سردار دہشت زدہ ہوں گے،
اَور مُوآب کے سربراہوں پر کپکپی طاری ہو جائے گی،
اَور کنعانؔ کے حُکاّم#15‏:15 حُکاّم کچھ قدیمی نُسخوں میں کنعانؔ کے باشِندے لِکھا ہُواہے نابود ہو جایٔیں گے؛
16اُن پر خوف و ہِراس طاری ہو جائے گا۔
اَور وہ آپ کے قوی ہاتھ سے
پتّھر کی طرح بے حِس و حرکت رہیں گے۔
جَب تک اَے یَاہوِہ آپ کے لوگ سلامت نہ گزر جایٔیں،
اَور جنہیں آپ نے خریدا ہے پار نہ ہو جایٔیں۔
17آپ اُنہیں لاکر اَپنی مِیراث کے پہاڑ پر بساؤگے،
یعنی اُس پاک مَقدِس مقام پر اَے یَاہوِہ
جسے آپ نے اَپنے قِیام کے لیٔے بنایا ہے،
وہ پاک مَقدِس اَے آقا جسے آپ کے ہاتھوں نے قائِم کیا ہے۔
18”یَاہوِہ ابدُالآباد
سلطنت کریں گے۔“
19جَب فَرعوہؔ کے گھوڑے، رتھ اَور سوار سمُندر کے درمیان پہُنچے تو یَاہوِہ سمُندر کے پانی کو اُن پر لَوٹا لائے۔ لیکن بنی اِسرائیل سمُندر کے درمیان سے خشک زمین پر چل کر نکل گیٔے۔ 20تَب اَہرونؔ کی بہن مِریمؔ نے جو نبیّہ بھی تھی دف ہاتھ میں لیا اَور سَب عورتیں دف لیٔے رقص کرتے ہویٔے اُس کے پیچھے چلیں۔ 21اَور مِریمؔ نے اُن کے گانے کے جَواب میں یہ نغمہ گایا:
”یَاہوِہ کی حَمد و ثنا گاؤ،
کیونکہ وہ بہت بُلند و بالا ہیں۔
اُنہُوں نے گھوڑے کو اَور اُس کے سوار کو
سمُندر میں گھُما کر غرق کر دیا ہے۔“
مارہؔ اَور ایلِمؔ کا پانی
22اَور پھر مَوشہ بنی اِسرائیل کو بحرِقُلزمؔ سے آگے لے گیٔے اَور وہ شُورؔ کے بیابان میں آئے اَور تین دِن تک چلتے رہے لیکن اُنہیں پانی نہ مِلا۔ 23اَور جَب وہ مارہؔ میں آئے تو وہ مارہؔ کا پانی نہ پی سکے کیونکہ وہ کڑوا تھا۔ (یہی وجہ ہے کہ اُس جگہ کا نام مارہؔ#15‏:23 مارہؔ مُراد کڑوا پڑ گیا)۔ 24لہٰذا اُنہُوں نے مَوشہ کے خِلاف بُڑبُڑانا شروع کر دیا اَور کہنے لگے، ”ہم کیا پیئیں؟“
25تَب مَوشہ نے یَاہوِہ سے فریاد کی اَور یَاہوِہ نے اُسے لکڑی کا ایک ٹکڑا دِکھایا۔ جَب اُس نے پانی میں ڈالا تو پانی میٹھا ہو گیا۔
وہیں یَاہوِہ نے اُن کے لیٔے ایک قوانین اَور ہدایت مرتّب کی اَور وہیں اُنہُوں نے اُن کی آزمائش کی۔ 26اُنہُوں نے کہا، ”اگر تُم دِل لگا کر یَاہوِہ اَپنے خُدا کا کلام سنوگے اَور وُہی کروگے جو اُن کی نظر میں بھلا ہے اَور اگر تُم اُن کے اَحکام بجا لاؤگے اَور اُن کے تمام قوانین پر عَمل کروگے تو میں اُن بیماریوں میں سے کویٔی بھی جو مَیں نے مِصریوں پر نازل کیں تُم پر نازل نہ کروں گا کیونکہ مَیں وہ یَاہوِہ ہُوں جو تُمہیں شفا بخشتا ہے۔“
27پھر وہ ایلِمؔ میں آئے جہاں پانی کے بَارہ چشمے اَور کھجور کے ستّر درخت تھے اَور وہ وہیں پانی کے قریب خیمہ زن ہو گئے۔

موجودہ انتخاب:

خُروج 15: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in