کون دانِشور کی مانند ہے؟ اُمور کی تفسیر کون جانتا ہے؟ حِکمت آدمی کے چہرہ کو رَوشن کرتی ہے، اَور اُس کی سختی کو بدل دیتی ہے۔ میں کہتا ہُوں کہ بادشاہ کے فرمان کو مانو کیونکہ تُم نے خُدا کے سامنے قَسم کھائی تھی۔ بادشاہ کی حُضُوری چھوڑنے میں جلدبازی نہ کرنا اَور کسی بُرے مقصد کے لیٔے کھڑے نہ ہونا۔ جو کچھ وہ چاہتے ہیں، کرتے ہیں۔ چونکہ بادشاہ کا حُکم سَب سے اُونچا ہوتاہے لہٰذا اُنہیں کون کہہ سَکتا ہے، ”آپ یہ کیا کر رہے ہیں؟“ جو کویٔی اُن کا حُکم مانتا ہے اُسے کویٔی ضرر نہ پہُنچے گا، اَور دانشمند کا دِل مُناسب موقع اَور اِنصاف کو سمجھتا ہے۔ کیونکہ ہر کام کا ایک مُناسب وقت اَور طریقہ ہوتاہے، لیکن آدمی مُصیبت کے بھاری بوجھ تلے دَب کر رہ جاتا ہے۔ چونکہ مُستقبِل کو کویٔی آدمی بھی نہیں جانتا لہٰذا کون اُسے بتا سَکتا ہے کہ آئندہ کیا ہونے والا ہے؟ کسی آدمی کو اِختیار نہیں ہے کہ اَپنی رُوح کو روک لے، لہٰذا اَپنی موت کے دِن پر کسی آدمی کا اِختیار نہیں ہے۔ جَیسے جنگ کے وقت کسی کو چھُٹّی نہیں دی جاتی، وَیسے ہی بدکاری، بدکاروں کو نہیں چھوڑے گی۔ دُنیا میں جو کچھ ہوتاہے، مَیں نے سَب دیکھا، جَب مَیں نے تمام واقعات پر غور کیا۔ ایک وقت آتا ہے کہ جَب کویٔی آدمی دُوسروں پر ظُلم کرکے اُنہیں ضرر پہُنچاتا ہے۔ پھر بھی مَیں نے دیکھا کہ وہ بدکار اُس شہر میں جہاں اُنہُوں نے یہ سَب کیا تھا عزّت سے دفنائے گیٔے ہیں اَورجو پاک مقام کو آتے جاتے رہتے تھے، فراموش کر دئیے گیٔے ہیں۔ یہ بھی باطِل ہے۔ جَب کسی جُرم کی سزا کے حُکم نامہ پر فوراً عَمل نہیں ہوتا تو لوگوں کے دِل بدی کرنے کے منصُوبوں سے بھر جاتے ہیں۔ اگرچہ گُنہگار سَو جُرم کرتا ہے اَور پھر بھی لمبی عمر پاتاہے۔ لیکن مَیں جانتا ہُوں کہ خُدا کا خوف کرنے والے اِسی خوف کے باعث نیک جزا پائیں گے۔ تاہم جو بدکار ہیں اَور خُدا سے نہیں ڈرتے، اُن کا بھلا نہ ہوگا اَور اُن کی عمر دراز نہ ہوگی۔ ایک اَور بھی باطِل بات جو زمین پر واقع ہوتی ہے یہ ہے کہ نیکوکاروں کو بھی وُہی پیش آتا ہے جو بدکاروں کو پیش آنا چاہئے اَور بدکاروں کو وہ ملتا ہے جِس کے مُستحق نیکوکار ہوتے ہیں۔ میں کہتا ہُوں کہ یہ بھی باطِل ہے لہٰذا میں زندگی سے لُطف اَندوز ہونے کی تائید کرتا ہُوں کیونکہ دُنیا میں کسی آدمی کے لیٔے اِس سے بہتر کچھ نہیں کہ کھائے، پیئے اَور خُوش رہے۔ تَب زندگی کے تمام دِنوں میں جو خُدا نے اُسے دُنیا میں بخشے ہیں، اُس کی ساری محنت و مشقّت میں شادمانی اُس کے ساتھ رہے گی۔ جَب مَیں نے حِکمت کو جاننے اَور زمین پر اُس آدمی کی محنت کا مشاہدہ کرنے کے لیٔے دماغ لڑایا، جِس کی آنکھوں میں نہ دِن کو نیند آتی ہے نہ رات کو۔ تَب مَیں نے خُدا کی ساری کاریگری دیکھی۔ جو کچھ دُنیا میں ہو رہاہے کویٔی بھی اُسے پُوری طرح سمجھ نہیں سَکتا۔ اِس کا جائزہ لینے کے لیٔے اَپنی تمام کوششوں کے باوُجُود کویٔی بھی آدمی اُس کے معنی دریافت نہیں کر سَکتا۔ اگر کویٔی دانشمند آدمی یہ دعویٰ کرے بھی کہ وہ جانتا ہے تو بھی فی الحقیقت وہ اُسے پُوری طرح سمجھ نہیں سَکتا۔
پڑھیں واعظ 8
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: واعظ 1:8-17
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos