اِستِثنا 4
4
فرمانبرداری کا حُکم
1اَب اَے اِسرائیلیوں! جِن قوانین اَور آئین کو میں تُمہیں سِکھانے کو ہُوں اُنہیں سُنو اَور اُن پر عَمل کرو تاکہ تُم زندہ رہو اَور جا کر اُس مُلک پر قابض ہو جاؤ جو یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں۔ 2جو حُکم میں تُمہیں دیتا ہُوں اُس میں نہ تو کچھ اِضافہ کرنا اَور نہ اُس میں سے کچھ گھٹانا بَلکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا کے جو اَحکام میں تُمہیں دے رہا ہُوں اُن کے پابند رہنا۔
3یَاہوِہ نے بَعل پعورؔ میں جو کچھ کیا اُسے تُم نے اَپنی آنکھوں سے دیکھاہے۔ جِس کسی نے بَعل پعورؔ کی پرستش کی اُسے یَاہوِہ نے تمہارے درمیان سے فنا کر دیا۔ 4لیکن تُم سَب جو یَاہوِہ اَپنے خُدا سے وابستہ رہے آج کے دِن تک زندہ ہو۔
5دیکھو مَیں نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُکم کے مُطابق تُمہیں قوانین اَور آئین سِکھا دئیے ہیں تاکہ تُم اُس مُلک میں اُن پر عَمل کرو جِس پر قبضہ کرنے جا رہے ہو۔ 6تُم نہایت احتیاط کے ساتھ اُن پر عَمل کرنا کیونکہ اُسی سے اَور قوموں کو تمہاری حِکمت اَور فراست کا ثبوت ملے گا اَور وہ اُن تمام قوانین کو سُن کر کہیں گی، ”کہ واقعی یہ عظیم قوم نہایت عقلمند اَور دانِشور ہے۔“ 7اِس قدر عظیم قوم اَور کون سِی ہے جِس کا معبُود اَپنی قوم کے اِس قدر نزدیک رہتاہے، جَیسے یَاہوِہ، ہمارے خُدا ہمارے نزدیک رہتے ہیں کہ ہم جَب بھی اُن سے دعا کرتے ہیں وہ ہماری مدد کے لیٔے تیّار رہتے ہیں؟ 8اَور دُوسری کون سِی اِس قدر عظیم قوم ہے جِس کے پاس اَیسے راست قوانین اَور آئین ہیں جسے میں آج تمہارے سامنے رکھتا ہُوں؟
9لہٰذا محتاط اَور نہایت خبردار رہو اَیسا نہ ہو کہ جو کچھ تُم نے اَپنی آنکھوں سے دیکھاہے اُسے ہمیشہ کے لیٔے بھُول جاؤ یا وہ تمہارے دِل سے مِٹ جائے۔ تُم یہ باتیں اَپنی اَولاد کو اَور اُن کے بعد اُن کی اَولاد کو سِکھاتے رہنا۔ 10اُس دِن کو یاد کرو جَب تُم کوہِ حورِبؔ پر یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور میں کھڑے تھے، اَور اُنہُوں نے مُجھ سے فرمایا، ”کہ لوگوں کو میرا کلام سُننے کے لیٔے میرے سامنے جمع کرو تاکہ جَب تک وہ اُس مُلک میں زندہ رہیں میرا خوف ماَننا سیکھیں اَور اَپنی اَولاد کو بھی یہی سکھائیں۔“ 11چنانچہ تُم سَب قریب آکر اُس پہاڑ کے نیچے کھڑے ہو گئے، جو آگ کے شُعلوں میں لپٹا ہُوا تھا اَور اُس کے شُعلے آسمان چُوم رہے تھے، ہر جگہ تاریکی اَور کالی گھٹایٔیں اَور دھوئیں کا غُبار پھیلا ہُوا تھا۔ 12تَب یَاہوِہ نے اُس آگ میں سے تُم سے کلام کیا۔ تُمہیں لفظ اَور آواز تو سُنایٔی دے رہی تھی مگر کویٔی شکل یا صورت نہیں دِکھائی دے رہی تھی۔ صِرف آواز ہی سُنایٔی دے رہی تھی۔ 13تَب یَاہوِہ نے اَپنے عہد کے دسوں اَحکام تُم پر ظاہر کئے اَور اُنہیں ماننے کا حُکم دیا اَور پھر اُنہیں پتّھر کی دو تختیوں پر لِکھ دیا۔ 14اَور اُسی وقت یَاہوِہ نے مُجھے حُکم دیا کہ تُمہیں وہ قوانین اَور آئین سِکھاؤں جِن پر تُم اُس مُلک میں عَمل کروگے جسے تُم یردنؔ کو پار کرکے حاصل کرنے والے ہو۔
بُت پرستی کی ممانعت
15لہٰذا تُم نہایت احتیاط رکھنا، کیونکہ جِس دِن کوہِ حورِبؔ پر یَاہوِہ نے آگ میں سے ہوکر تُم سے کلام کیا تھا تو تُمہیں اُن کی کسی طرح کی شکل یا صورت نہ دِکھائی دی تھی۔ 16کہیں اَیسا نہ ہو کہ تُم بگڑ جاؤ اَور اَپنے لیٔے کویٔی بُت یا شَبیہ بنالو خواہ وہ مَرد یا عورت کے شکل کی، 17یا زمین پر کے کسی حَیوان یا ہَوا میں اُڑنے والے کسی پرندے کی، 18یا زمین پر رینگنے والے کسی جاندار یا پانی کے اَندر کی کسی مچھلی کی مانند ہو۔ 19اَور جَب تُم آسمان کی طرف نگاہ کرو اَور تمام اجرامِ فلکی یعنی آفتاب چاند اَور تاروں کو دیکھو تو اُنہیں سَجدہ کرنے کے لیٔے مائل نہ ہو جاؤ اَور نہ اُن چیزوں کی عبادت کرو جنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے آسمان کے نیچے کی سَب قوموں کے لیٔے رکھ چھوڑا ہے۔ 20لیکن تُمہیں تو یَاہوِہ گویا لوہا تپانے کی بھٹّی یعنی مِصر سے نکال کر لائے ہیں تاکہ تُم اُن کی مِیراث کے لوگ ٹھہرو جَیسا کہ اَب ہو۔
21یَاہوِہ نے تمہاری وجہ سے مُجھ سے ناراض ہوکر قَسم کھائی کہ میں یردنؔ پار کرکے اُس اَچھّے مُلک میں داخل نہ ہونے پاؤں گا جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں مِیراث کے طور پر دے رہے ہیں۔ 22میں اِسی مُلک میں مروں گا اَور یردنؔ پار نہ جاؤں گا لیکن تُم پار کرکے اُس اَچھّے مُلک پر قبضہ کر لوگے۔ 23لہٰذا خیال رہے کہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اِس عہد کو بھُول مت جانا، جو اُس نے تمہارے ساتھ باندھا ہے اَور اَپنے لیٔے کسی اَیسی چیز سے مُشابہ کویٔی بُت بنالو جِس سے یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں منع کیا ہے۔ 24کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا بھسم کر دینے والی آگ ہیں۔ وہ غیرت مند خُدا ہیں۔
25جَب تمہارے ہاں بیٹے اَور پوتے پیدا ہو چکیں اَور تُم اُس مُلک میں کافی عرصہ تک رہ چُکو اَور تَب اگر تُم بگڑ جاؤ اَور کسی قِسم کا بُت بنالو جو یَاہوِہ تمہارے خُدا کی نظر میں بُرا ٹھہرے اَور اُنہیں غُصّہ دِلائے، 26تو میں آج کے دِن آسمان اَور زمین کو تمہارے خِلاف گواہ ٹھہرا کر کہتا ہُوں کہ تُم بہت جلد اُس مُلک سے مِٹ جاؤگے جسے تُم یردنؔ پار کرکے حاصل کرنے والے ہو۔ تُم وہاں بہت دِن رہنے نہ پاؤگے بَلکہ یقیناً نِیست و نابود کر دئیے جاؤگے۔ 27یَاہوِہ تُمہیں الگ الگ مُلکوں میں پراگندہ کریں گے اَور جِن قوموں کے درمیان یَاہوِہ تُمہیں پہُنچائیں گے اُن میں تمہاری تعداد گھٹ جائے گی۔ 28وہاں تُم اِنسانوں کے بنائے ہویٔے لکڑی اَور پتّھر کے معبُودوں کی عبادت کروگے جو نہ دیکھ سکتے ہیں نہ سُن سکتے ہیں نہ کھا سکتے ہیں اَور نہ سونگھ سکتے ہیں۔ 29لیکن وہاں بھی اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کو ڈھونڈوگے تو اُسے پاؤگے بشرطیکہ تُم اَپنے پُورے دِل اَور اَپنی ساری جان سے اُن کی جُستُجو کرو۔ 30جَب تُم مُصیبت میں مُبتلا ہو جاؤگے اَور یہ سَب باتیں تُمہیں پیش آئیں گی تَب بعد کے دِنوں میں تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف لَوٹ آؤگے اَور اُن کی اِطاعت کروگے۔ 31کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا رحیم خُدا ہیں۔ وہ تُمہیں ترک نہیں کریں گے اَور نہ ہی ہلاک کریں گے اَور نہ وہ اُس عہد کو بھُولیں گے جو اُنہُوں نے تمہارے آباؤاَجداد کے ساتھ قَسم کھا کر باندھا تھا۔
صِرف یَاہوِہ ہی خُدا
32جَب سے خُدا نے اِنسان کو زمین پر پیدا کیا تَب سے اُن قدیم زمانوں کا حال دریافت کرو جو تمہارے زمانہ سے بہت پہلے گزر چُکے ہیں۔ آسمان کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک دریافت کرو۔ کیا اِس طرح کا بڑا کام پہلے کبھی ہُوا تھا یا اَیسی کویٔی بات کبھی سُننے میں آئی تھی؟ 33کیا کبھی کویٔی اَور قوم تمہاری طرح خُدا کی آواز کو آگ میں سے آتے ہویٔے سُن کر زندہ بچی ہے؟ 34یا کیا یَاہوِہ تمہارے خُدا جَیسا کویٔی اَور معبُود بھی ہُواہے، جِس نے اَپنی خاطِر کسی قوم کو کسی دُوسرے مِصر کے درمیان سے نکالنے کے لیٔے حیرت اَنگیز نِشانات اَور عجائب اَور آزمائشوں، مُہیب کارناموں اَور جنگوں اَور قوی ہاتھ کے ذریعے تمہاری آنکھوں کے سامنے نکال لایا ہو؟
35تُمہیں یہ سَب کچھ دِکھایا گیا تاکہ تُم جانو کہ یَاہوِہ ہی خُدا ہیں اَور اُن کے سِوا کویٔی اَور ہے ہی نہیں۔ 36اُنہُوں نے آسمان میں سے اَپنی آواز تُمہیں سُنایٔی تاکہ تُمہیں تربّیت دیں اَور زمین پر اُنہُوں نے تُمہیں اَپنی بڑی آگ دِکھائی اَور تُم نے اُن کا کلام اُس آگ میں سے سُنا۔ 37چونکہ اُنہیں تمہارے آباؤاَجداد سے مَحَبّت تھی اَور اُنہُوں نے اُن کے بعد اُن کی نَسل کو مُنتخب کیا اِس لیٔے وہ اَپنی مَوجُودگی میں اَور اَپنی عظیم قُدرت سے تُمہیں مِصر سے نکال لائے، 38تاکہ تُم سے بڑی اَور زورآور قوموں کو تمہارے سامنے سے نکال دیں اَور تُمہیں اُن کے مُلک میں لاکر اُسے مِیراث کے طور پر تُمہیں دیں جَیسا کہ آج کے دِن ظاہر ہے۔
39لہٰذا آج کے دِن تُم جان لو اَور اَپنے دِل میں یہ بات بِٹھا لو کہ اُوپر آسمان میں اَور نیچے زمین میں یَاہوِہ ہی خُدا ہیں اَور کویٔی دُوسرا نہیں۔ 40اُن کے جو قوانین اَور اَحکام آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں اُن پر عَمل کرو تاکہ تمہارے اَور تمہارے بعد تمہاری اَولاد کی بھی خیر ہو اَور اُس مُلک میں جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں ہمیشہ کے لیٔے دے رہے ہیں تمہاری عمر دراز ہو۔
پناہ کے شہر
41تَب مَوشہ نے یردنؔ کے مشرق میں تین شہر الگ کر لیٔے، 42جہاں اَیسا شخص بھاگ کر جا سَکتا تھا جِس نے غَیر اِرادتاً اَور بغیر کسی پرانی عداوت کے اَپنے پڑوسی کو قتل کیا ہو۔ وہ اُن تین میں سے کسی ایک شہر میں بھاگ کر اَپنی جان بچا سَکتا تھا۔ 43وہ شہر یہ تھے: رُوبِنیوں کے لیٔے بضرؔ شہر جو بیابان کی ترائی میں واقع ہے۔ قبیلہ گادؔ کے لیٔے گِلعادؔ کا راموتؔ شہر اَور منشّہیوں کے لیٔے باشانؔ کا گولانؔ شہر۔
آئین کا دیا جانا
44یہ وہ آئین ہے جسے مَوشہ نے بنی اِسرائیل کے آگے پیش کیا۔ 45یہی وہ اِسرائیلی عہد، قوانین اَور آئین ہیں جو مَوشہ نے اُنہیں اُس وقت دیئے جَب وہ مِصر سے نکل آئےتھے۔ 46اَور یردنؔ کے مشرق میں بیت پعورؔ کے نزدیک کی وادی میں ٹھہرے تھے جو امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کے مُلک میں ہے جو حِشبونؔ پر حُکمراں تھا اَور جسے مَوشہ اَور بنی اِسرائیل نے مِصر سے نکل آنے کے بعد شِکست دی تھی۔ 47اُنہُوں نے اُس کے اَور باشانؔ کے بادشاہ عوگؔ اَور یردنؔ کے مشرق کے دو امُوری بادشاہوں کے مُلکوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ 48یہ مُلک ارنُونؔ کی وادی کے سِرے پر کے عروعؔر سے لے کر کوہِ سِریُونؔ (یعنی کوہِ حرمُونؔ) تک پھیلا ہُواہے، 49جِس میں یردنؔ کے مشرق کا سارا میدان شامل تھا، جو پِسگہؔ پہاڑی کی ڈھلانوں کے نیچے عراباہؔ کے سمُندر یعنی بحرمُردار تک پھیلا ہُوا تھا۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.