اِستِثنا 14
14
پاک اَور ناپاک کھانا
1تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے فرزند ہو۔ اِس لیٔے مُردوں کی خاطِر اَپنے آپ کو زخمی نہ کرو اَور نہ ہی اَپنے اَبرو کے بال مُنڈواؤ، 2کیونکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی مُقدّس قوم ہو۔ اَور یَاہوِہ نے تُمہیں رُوئے زمین کی سَب قوموں میں سے اَپنی خاص مِلکیّت ہونے کے لیٔے مُنتخب کیا ہے۔
3تُم کویٔی مکرُوہ چیز نہ کھانا۔ 4جِن مویشیوں کو تُم کھا سکتے ہو وہ یہ ہیں: بَیل، بھیڑ، بکری، 5ہِرن، غزال چکارا، پہاڑی بکری، سابر، نیل گائے، اَور پہاڑی بھیڑ۔ 6جِن چَوپایوں کے کھُر چِرے ہویٔے ہُوں اَورجو جُگالی کرتے ہُوں اُسے تُم کھا سکتے ہو۔ 7لیکن اِن چَوپایوں میں، جو جُگالی کرتے ہیں یا جِن کے کھُر چِرے ہُوئے ہیں، تُم اِن جانوروں کو نہ کھانا، جَیسے اُونٹ، خرگوش اَور سافان۔ حالانکہ یہ جُگالی کرتے ہیں لیکن اِن کے کھُر چِرے ہویٔے نہیں ہیں؛ یہ تمہارے لیٔے رسمی طور پر ناپاک ہیں۔ 8سُؤر بھی ناپاک ہے اگرچہ اُس کے کھُر چِرے ہویٔے تو ہیں مگر وہ جُگالی نہیں کرتا۔ تُم اُن کا گوشت ہرگز نہ کھانا اَور نہ ہی اُن کی لاش کو چھُونا۔
9آبی جانداروں میں سے تُم اُنہیں کھا سکتے ہو جِن کے پر اَور چھِلکے ہُوں۔ 10لیکن جِن جانداروں کے پر اَور چھِلکے نہ ہوں اُنہیں نہ کھانا۔ وہ تمہارے لیٔے ناپاک ہیں۔
11تُم ہر پاک پرندہ کو کھا سکتے ہو۔ 12لیکن اِن پرندوں کو ہرگز نہ کھانا: عُقاب، گِدھ، کالا گِدھ، 13سُرخ چیل، کالی چیل، ہر قِسم کے باز، 14ہر قِسم کے کوّے، 15چیخنے والا اُلّو، سینگ والا اُلّو، سمُندری بگلا، اَور ہر قِسم کے باز۔ 16چھوٹا اُلّو، بڑا اُلّو، سفید اُلّو، 17جنگلی اُلّو، سمُندری عُقاب، ماہی خور سمُندری پرندہ، 18لق لق، ہر قِسم کے بگلے، ہُدہُد، اَور چمگادڑ۔
19جھُنڈ میں اُڑنے والے تمام پَردار کیڑے تمہارے لیٔے ناپاک ہیں؛ اُنہیں مت کھانا۔ 20لیکن ہر پاک پرندہ جسے تُم چاہو کھا سکتے ہو۔
21جو جاندار پہلے سے ہی مَرا ہُواہے، تُم اُسے مت کھانا۔ تُم اُسے کسی پردیسی کو جو تمہارے شہر میں رہتا ہو، کھانے کو دے سکتے ہو، یا تُم اُسے کسی پردیسی کے ہاتھ بیچ سکتے ہو۔ کیونکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی مُقدّس قوم ہو۔
تُم بکری کے بچّہ کو اُس کی ماں کے دُودھ میں مت اُبالنا۔
دہ یکیاں
22تُم ہر سال اَپنے کھیتوں کی پیداوار کا دسواں حِصّہ ضروُر نذر کرنے کے لیٔے الگ رکھنا۔ 23اَور تُم اَپنے یَاہوِہ خُدا کے حُضُور اُسی مقام میں جسے وہ اَپنے نام کے قِیام کے لیٔے مُنتخب کریں، اَپنے اناج، نئے انگوری شِیرے اَور زَیتُون کے تیل کی دہ یکی کو، اَور اَپنے گلّوں اَور ریوڑوں کے پہلوٹھوں کو کھانا، تاکہ تُم ہمیشہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کا خوف ماَننا سیکھو۔ 24لیکن جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں برکت بخشیں اَور اگر وہ جگہ جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا اَپنے نام کو وہاں قائِم کرنے کے لیٔے مُنتخب کریں، جو تمہارے گھر سے کافی دُورہو، (اَور تمہارے لیٔے وہاں دہ یکی لے جانا مُشکل ہو)، 25تو تُم اَپنی دہ یکی کے عِوض میں چاندی حاصل کرنا اَور اُس چاندی کو اَپنے ساتھ لے کر اُس مقام پر جانا جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا نے مُنتخب کیا ہو۔ 26اَور تُم اُس چاندی سے جو دِل چاہے خریدنا خواہ گائے، بَیل بھیڑ، بکری نئے انگوری شِیرے یا مَے یا اَپنی مرضی کی کویٔی اَور چیز۔ تَب اُسے اَپنے خاندان سمیت یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور کھانا اَور خُوشی منانا۔ 27اَور اَپنے شہر میں رہنے والے لیویوں کو فراموش نہ کرنا کیونکہ اُن کا اَپنا کویٔی حِصّہ یا مِیراث نہیں ہے۔
28ہر تین سال کے اِختتام پر ضروُری ہے کہ تُم اَپنی پیداوار کی تمام دہ یکیاں لاکر اَپنے شہر میں جمع کر لینا۔ 29تَب لیوی (جِن کا تمہارے درمیان اَپنا کویٔی حِصّہ یا مِیراث نہیں ہے)، اَور پردیسی، یتیم اَور بیوائیں جو تمہارے ہی شہروں میں رہتی ہیں آئیں گے اَور اِس میں سے اَپنے کھانے کے لیٔے لے جا سکیں گے اَور کھا کر مطمئن ہو جایٔیں گے تَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے ہاتھ کے سَب کاموں میں تُمہیں برکت بخشیں گے۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 14: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.