لہٰذا جَب تُم المسیؔح کے ساتھ زندہ کیٔے گیٔے تو عالِم بالا کی چیزوں کی جُستُجو میں رہو، جہاں المسیؔح خُدا کی داہنی طرف تخت نشین ہیں۔ عالِم بالا کی چیزوں کے خیال میں رہو، نہ کہ زمین پر کی چیزوں کے۔ کیونکہ تُم مَر گیٔے، اَور اَب تمہاری زندگی المسیؔح کے ساتھ خُدا میں پوشیدہ ہے۔ اَور جَب المسیؔح جو ہماری زندگی ہیں، ظاہر ہوں گے، تو تُم بھی اُن کے ساتھ اُن کے جلال میں ظاہر کیٔے جاؤگے۔ پس تُم اَپنی دُنیوی فطرت کو مار ڈالو مثلاً: جنسی بدفعلی، ناپاکی، شَہوت پرستی، بُری خواہشات اَور لالچ کو جو بُت پرستی کے بَرابر ہے۔ کیونکہ اِن ہی کے سبب سے، خُدا کا غضب نازل ہوتاہے۔ ایک وقت تھا، جَب تُم بھی اَپنی پچھلی زندگی اِسی طرح کی غُلامی میں گزارتے تھے۔ مگر اَب اِن سَب چیزوں کو: یعنی غُصّہ، قہر، کینہ، کُفر اَور اَپنے مُنہ سے گالی بکنا چھوڑ دو۔ ایک دُوسرے سے جھُوٹ مت بولو، کیونکہ تُم نے اَپنی پُرانی فطرت کو اُس کی بُری عادتوں سمیت اُتار پھینکا ہے اَور نئی اِنسانیّت کو پہن لیا ہے، جسے خُدا نے اَپنی صورت پر پیدا کیا ہے تاکہ تُم اُس کے عِرفان میں بڑھتے اَور اُس کے مانند بنتے جاؤ۔ چنانچہ اِس نئی زندگی میں نہ تو کویٔی یُونانی ہے نہ یہُودی، نہ ختنہ والا نہ نامختون، نہ وحشی نہ سکوتی، نہ غُلام نہ آزاد، صِرف المسیؔح ہی سَب کچھ اَور سَب میں اہم ہیں۔ پس خُدا کے مُنتخب کیٔے ہوئے مُقدّس اَور عزیز برگزیدوں کی طرح ترس، مہربانی، فروتنی، نرمی اَور تحمُّل کا لباس پہن لو۔ ایک دُوسرے کی برداشت کرو اَور ایک دُوسرے کو مُعاف کرو اگر کسی کو کسی سے شکایت ہے۔ اُسے وَیسے ہی مُعاف کرو جَیسے خُداوؔند نے تُمہیں مُعاف کیا ہے۔ اَور اِن سَب خُوبیوں سے بڑھ کر مَحَبّت کو پہن لو، جو سَب کچھ ایک ساتھ باندھ کر کامل اِتّحاد قائِم کرتی ہے۔
پڑھیں کلُسّیِوں 3
سنیں کلُسّیِوں 3
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: کلُسّیِوں 1:3-14
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos