تَب اعلیٰ کاہِنؔ نے اِستِفنُسؔ سے پُوچھا، ”کیا یہ اِلزامات دُرست ہیں؟“ اِستِفنُسؔ نے جَواب دیا: ”میرے بھائیو اَور بُزرگو، میری سُنو! خُدا کا جلال ہمارے بُزرگ حضرت اِبراہیمؔ پر اُس وقت ظاہر ہُواجَب وہ حارانؔ میں مُقیم ہونے سے پہلے مسوپتامیہؔ، میں رہتے تھے۔ خُدا نے اُن سے فَرمایا، ’اَپنے وطن اَور اَپنے لوگوں کو چھوڑکر، اَور اُس مُلک میں جا بس، جو میں تُجھے دکھاؤں گا۔‘ ”چنانچہ آپ نے کَسدیوں کی سرزمین کو چھوڑ دیا اَور حارانؔ میں جا بسے۔ اُن کے والدکی وفات کے بعد، خُدا نے اُنہیں اِس مُلک میں لا بسایا جہاں اَب تُم بسے ہویٔے ہو۔ خُدا نے اُنہیں یہاں کچھ بھی وراثت میں نہیں دیا، ایک گز زمین بھی نہیں۔ لیکن وعدہ ضروُر کیا کہ میں یہ زمین تُجھے اَور تیرے بعد تیری نَسل کے قبضہ میں دے دُوں گا حالانکہ اُس وقت حضرت اِبراہیمؔ کے کویٔی اَولاد نہ تھی۔ خُدا نے حضرت اِبراہیمؔ سے فَرمایا: ’چارسَو بَرس تک تیری نَسل ایک دُوسرے مُلک میں پردیسیِوں کی طرح رہے گی، اَور وہاں کے لوگ اُسے غُلامی میں رکھیں گے اَور اُس سے بَدسلُوکی سے پیش آتے رہیں گے۔ خُدا نے فرمایا، لیکن میں اُس قوم کو جو اُسے غُلام بنائے گی سزا دُوں گا، اَور اُس کے بعد تمہاری نَسل کے لوگ وہاں سے باہر نِکل کر اِس جگہ میری عبادت کریں گے۔‘ اَور خُدا نے حضرت اِبراہیمؔ سے ایک عہد باندھا جِس کا نِشان ختنہ تھا۔ چنانچہ جَب حضرت اِبراہیمؔ اِضحاقؔ کے باپ بنے اَور اِضحاقؔ آٹھ دِن کے ہو گئے تو حضرت اِبراہیمؔ نے حضرت اِضحاقؔ کا ختنہ کیا۔ پھر حضرت اِضحاقؔ یعقوب کے باپ بنے، اَور حضرت یعقوب ہماری قوم کے بَارہ قبِیلوں کے باپ بنے۔ ”پس حضرت یعقوب کے بیٹوں نے حَسد میں آکر اَپنے بھایٔی یُوسُفؔ کو، چند مِصریوں کے ہاتھ بیچ ڈالا اَور وہ آپ کو غُلام بنا کر مِصر لے گیٔے۔ مگر خُدا آپ کے ساتھ تھا اَور خُدا نے اُنہیں ساری مُصیبتوں سے بچائے رکھا۔ اُنہیں حِکمت عطا کی اَور مِصر کے بادشاہ فرعونؔ کی نظر میں اَیسی مقبُولیّت بخشی۔ چنانچہ فرعونؔ نے حضرت یُوسُفؔ کو مِصر کا حاکم مُقرّر کر دیا اَور اَپنے محل کا مُختار بنا دیا۔ ”ایک مرتبہ سارے مِصر اَور کنعانؔ میں قحط پڑ گیا، بڑی مُصیبت آئی، اَور ہمارے آباؤاَجداد کو بھی غلّہ کی قِلّت محسُوس ہونے لگی۔ جَب حضرت یعقوب نے سُنا کہ مِصر میں غلّہ مِل سَکتا ہے، آپ نے ہمارے بُزرگوں کو مِصر روانہ کیا جہاں وہ پہلی مرتبہ گیٔے تھے۔ جَب وہ دُوسری مرتبہ مِصر گیٔے، تو حضرت یُوسُفؔ نے اَپنی پہچان اَپنے بھائیوں پر ظاہر کر دی، اَور فرعونؔ کو بھی حضرت یُوسُفؔ کے خاندان کے بارے میں مَعلُوم ہو گیا۔ اِس واقعہ کے بعد حضرت یُوسُفؔ نے اَپنے باپ حضرت یعقوب کو اَور اُن کے سارے خاندان کو جو پچھتّر افراد پر مُشتمل تھا، کو بُلا بھیجا۔ چنانچہ حضرت یعقوب مِصر کو تشریف لے گیٔے، وہاں وہ اَور ہمارے آباؤاَجداد وہیں اِنتقال کر گیٔے۔ اُن کی لاشوں کو وہاں سے سِکمؔ مُنتقل کیا گیا اَور اُنہیں اُس مقبرہ میں دفن کیا گیا جسے حضرت اِبراہیمؔ نے رقم دے کر سِکمؔ میں بنی حمورؔ سے خریدا تھا۔ ”جَب اُس وعدہ کے پُورے ہونے کا وقت آیا جو خُدا نے حضرت اِبراہیمؔ سے کیا تھا تو مِصر میں ہمارے لوگوں کی تعداد کافی بڑھ چُکی تھی۔ اُس وقت ’ایک نیا بادشاہ، جو حضرت یُوسُفؔ کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا تھا مِصر پر حُکمراں ہو چُکاتھا۔‘ اُس نے ہماری قوم کے ساتھ دھوکہ بازی کی اَور ہمارے آباؤاَجداد پر بَڑے ظُلم ڈھائے اَور اُنہیں مجبُور کر دیا کہ وہ اَپنے ننّھے بچّوں کو باہر پھینک آئیں تاکہ وہ مَر جایٔیں۔
پڑھیں اعمال 7
سنیں اعمال 7
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: اعمال 1:7-19
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos