یِسوعؔ کی آمد سے قبل، یُوحنّا نے اِسرائیلؔ کی ساری اُمّت کو تبلیغ کی کہ تَوبہ کرو اَور پاک غُسل لو۔ جَب یُوحنّا کی خدمت کی مُدّت پُوری ہونے کو تھی، تو آپ نے فرمایا: ’تُم مُجھے کیا سمجھتے ہو؟ میں وہ نہیں ہُوں جو تُم دیکھتے ہو۔ لیکن ایک شخص ہے جو میرے بعد آنے والا ہے اَور مَیں اِس لائق بھی نہیں کہ اُن کے جُوتوں کے تسمے بھی کھول سکوں۔‘ ”اَے ساتھیو، فرزندانِ اَبراہامؔ اَور خُدا سے ڈرنے والے غَیر اِسرائیلیوں، اِس نَجات کے کلام کو ہمارے پاس بھیجا گیا ہے۔ اہلِ یروشلیمؔ نے اَور اُس کے حاکموں نے یِسوعؔ کو نہیں پہچانا، پھر بھی سزائے موت کا فتویٰ دے کر اُنہُوں نے نبیوں کی اُن باتوں کو پُورا کر دیا جو ہر سَبت کو پڑھ کر سُنایٔی جاتی ہیں۔ اگرچہ وہ اُنہیں موت کی سزا کے لائق ثابت نہ کر سکے، پھر بھی اُنہُوں نے پِیلاطُسؔ سے درخواست کی کہ اُنہیں قتل کیا جائے۔ اَور جَب اُنہُوں نے سَب کچھ جو یِسوعؔ کے بارے میں لِکھّا ہُوا تھا، پُورا کر دیا تو اُنہیں صلیب پر سے اُتار کر ایک قبر میں رکھ دیا۔ لیکن خُدا نے اُنہیں مُردوں میں سے زندہ کر دیا، اَورجو لوگ گلِیل سے آپ کے ساتھ یروشلیمؔ آئےتھے، وہ اُنہیں کیٔی دِنوں تک نظر آتے رہے۔ اَب وُہی اُمّت کے لیٔے حُضُور اَقدس یِسوعؔ کے گواہ ہیں۔ ”ہم تُمہیں وہ خُوشخبری سُناتے ہیں: جِس کا وعدہ خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد کے ساتھ کیا تھا خُدا نے اَپنی اَولاد، یعنی ہمارے لیٔے یِسوعؔ کو پھر سے زندہ کرکے اَپنے وعدہ کو پُورا کر دیا۔ چنانچہ زبُور پاک کے دُوسرے باب میں لِکھّا ہے: ” ’تُو میرا بیٹا ہے؛ آج سے میں تیرا باپ بَن گیا ہُوں۔‘ “ یہ حقیقت کہ خُدا نے آپ کو مُردوں میں سے جِلا دیا تاکہ وہ پھر کبھی نہ مَریں۔ خُدا کے کلام میں یُوں بَیان کیا گیا ہے، ” ’میں تُمہیں پاک اَور سچّی نِعمتیں بخشوں گا جِن کا وعدہ مَیں نے داویؔد سے کیا تھا۔‘ “ ایک اَور زبُور میں حضرت داویؔد فرماتے ہیں: ” ’خُدا اَپنے مُقدّس کے جِسم کے سَڑنے کی نَوبَت ہی نہ آنے دیں گے۔‘ ”جَب کہ داویؔد اَپنی پُشت میں خُدا کا مقصد پُورا کرنے کے بعد، موت کی نیند سَو گیٔے؛ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ دفن ہویٔے اَور آپ کا جِسم سڑ گیا۔ لیکن جسے خُدا نے مُردوں میں سے جی اُٹھایا اُن کے سَڑنے کی نَوبَت تک نہ آئی۔ ”پس اَے عزیزو، جان لو کہ یِسوعؔ کے وسیلہ سے ہی تُمہیں گُناہوں کی مُعافی کی مُنادی کی جاتی ہے۔ حضرت مَوشہ کی شَریعت کے باعث جِن باتوں سے تُم بَری نہیں ہو سکتے تھے، اُن سَب سے ہر ایک ایمان لانے والا اُس کے وسیلہ سے بَری ہوتاہے۔ باخبر رہو، اَیسا نہ ہو کہ نبیوں کی یہ بات تُم پر صادق آئے: ” ’دیکھو، تُم جو دُوسروں کی تحقِیر کرتے ہو، تعجُّب کرو اَور نِیست ہو جاؤ، کیونکہ مَیں تمہارے دِنوں میں ایک اَیسا کام کرنے پر ہُوں کہ اگر کویٔی اُس کا ذِکر تُم سے کرے بھی، تُو تُم ہرگز یقین نہ کروگے۔‘“ جَب پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ یہُودی عبادت گاہ سے نکل کر جانے لگے، تو لوگ اُن سے درخواست کرنے لگے کہ اگلے سَبت کو بھی اِن ہی باتوں کا ذِکر کیا جائے۔ جَب مَجلِس بَرخواست ہویٔی، تو بہت سے یہُودی اَور کیٔی نَو مُرید پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کے پیچھے ہو لیٔے، رسولوں نے اُن سے مزید گُفتگو کی اَور اُنہیں خُدا کے فضل میں بڑھتے چلے جانے کی ترغِیب دی۔ اگلے سَبت کو تقریباً سارا شہر خُداوؔند کا کلام سُننے کے لیٔے جمع ہو گیا۔ جَب یہُودیوں نے اِتنے بڑے ہُجوم کو دیکھا، تو بُغض سے بھر گیٔے۔ یہُودی پَولُسؔ کی باتوں کی مُخالفت کرنے اَور آپ سے بدسلُوکی کرنے لگے۔ لہٰذا پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ نے دِلیری سے اُنہیں جَواب میں فرمایا: ”لازِم تھا کہ ہم پہلے تُمہیں خُدا کا کلام سُناتے۔ جَب کہ تُم اُسے مُسترد کر رہے ہو اَور اَپنے آپ کو اَبدی زندگی کے لائق نہیں سمجھتے ہو، تو دیکھو ہم غَیریہُودیوں کی طرف رُجُوع کرتے ہیں۔ کیونکہ خُداوؔند نے ہمیں یہ حُکم دیا ہے: ” ’مَیں نے تُجھے غَیریہُودیوں کے لیٔے نُور مُقرّر کیا ہے، تاکہ تُو زمین کی اِنتہا تک نَجات کو پہُنچانے کا باعث بنے۔‘ “ جَب غَیریہُودیوں نے یہ سُنا تو بہت خُوش ہویٔے اَور خُداوؔند کے کلام کی تمجید کرنے لگے؛ اَور جنہیں خُدا نے اَبدی زندگی کے لیٔے چُن رکھا تھا، وہ ایمان لے لایٔے۔ اَور خُداوؔند کا کلام اُس سارے علاقہ میں پھیل گیا۔ لیکن یہُودی رہنماؤں نے بعض خُدا کی عقیدت مند عورتوں اَور شہر کے دبدبے والے مَردوں کو اُکسایا اَور اُنہُوں پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کے خِلاف ظُلم و سِتم برپا کیا، اَور اُنہیں اَپنی ریاست سے بے دخل کر دیا۔ پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ نے اِحتِجاج کے طور پر اَپنے پاؤں کی گَرد بھی جھاڑ دی اَور وہاں سے اِکُنِیُم کو چلے گیٔے۔ مگر شاگرد بڑی خُوشی اَور پاک رُوح سے بھرے ہویٔے تھے۔
پڑھیں اعمال 13
سنیں اعمال 13
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: اعمال 24:13-52
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos