YouVersion Logo
تلاش

اعمال 13:13-41

اعمال 13:13-41 UCV

پافُسؔ سے پَولُسؔ اَور اُن کے ساتھی جہاز کے ذریعہ پَمفِیلؔیہ کے علاقہ پِرگہؔ، میں پہُنچے جہاں یُوحنّؔا نے اُنہیں خَیرباد کہا اَور یروشلیمؔ کو واپس تشریف لے گیٔے۔ اَور وہ پِرگہؔ سے روانہ ہوکر پِسدِیہؔ کے شہر انطاکِیہؔ میں آئے۔ سَبت کے دِن وہ یہُودی عبادت گاہ میں داخل ہویٔے اَور جا بَیٹھے۔ جَب توریت اَور نَبیوں کے صحیفوں میں سے تِلاوت ہو چُکی تو یہُودی عبادت گاہ کے قائدین نے اُن کو یہ پیغام بھیجا، ”بھائیو، اگر لوگوں کی حوصلہ اَفزائی کے لیٔے آپ کچھ کہنا چاہتے ہو تو براہ کرم بَیان کیجئے۔“ اِس پر پَولُسؔ نے کھڑے ہوکر ہاتھ سے اِشارہ کرتے ہویٔے فرمایا: ”اَے بنی اِسرائیلؔ اَور اَے خُدا سے ڈرنے والے غَیراِسرائیلیو میری سُنو! اُمّت اِسرائیلؔ کے خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد کو چُنا اَور جَب وہ مُلک مِصر میں پردیسیِوں کی طرح رہتے تھے، اُنہیں طاقت بخشی وہ اَپنی طاقت کے ساتھ اُن کو اُس مُلک سے باہر لے گیا۔ پھر قریب چالیس بَرس تک اُس نے بیابان میں اُن کے طرزِ عَمل کو برداشت کیا؛ اَور خُدا نے کنعانؔ میں سات غَیریہُودی قوموں کو غارت کرکے اُن کی سرزمین اَپنے لوگوں کو بطور مِیراث عطا فرمائی۔ اِن واقعات کو پیش آنے میں تقریباً چارسَو پچاس بَرس لگ گیٔے۔ ”اِس کے بعد، خُدا نے اُن کے لیٔے سمُوئیل نبی کے زمانہ تک قاضی مُقرّر کیٔے۔ پھر لوگوں نے بادشاہ مُقرّر کرنے کی درخواست کی اَور خُدا نے قِیسؔ کے بیٹے ساؤلؔ کو بادشاہ مُقرّر کیا، جو بِنیمینؔ کے قبِیلہ سے تھا، آپ نے چالیس بَرس تک حُکومت کی۔ پھر ساؤلؔ کو معزول کرنے کے بعد خُدا نے داؤؔد کو اُن کا بادشاہ مُقرّر کیا۔ خُدا نے داؤؔد کے بارے میں گواہی دی: ’مُجھے یسّیؔ کا بیٹا داؤؔد مِل گیا ہے، جو میرا ایک دل پسند آدمی ہے؛ وُہی میری تمام خواہشات کو پُوری کرے گا۔‘ ”خُدا نے اَپنے وعدہ کے مُطابق، داؤؔد کی نَسل سے ایک مُنجّی یعنی حُضُور عیسیٰ کو اِسرائیلؔ کے پاس بھیجا۔ حُضُور عیسیٰ کی آمد سے قبل، یحییٰ نے اِسرائیلؔ کی ساری اُمّت کو تبلیغ کی کہ تَوبہ کرو اَور پاک ‏غُسل لو۔ جَب یحییٰ کی خدمت کی مُدّت پُوری ہونے کو تھی، تو آپ نے فرمایا: ’تُم مُجھے کیا سمجھتے ہو؟ میں وہ نہیں ہُوں جو تُم دیکھتے ہو۔ لیکن ایک شخص ہے جو میرے بعد آنے والا ہے اَور میں اِس لائق بھی نہیں کہ اُن کے جُوتوں کے تسمے بھی کھول سکوں۔‘ ”اَے ساتھیو“ فرزندانِ اِبراہیمؔ اَور خُدا سے ڈرنے والے غَیراِسرائیلیو، اِس نَجات کے کلام کو ہمارے پاس بھیجا گیا ہے۔ اہلِ یروشلیمؔ نے اَور اُس کے حُکاّم نے حُضُور عیسیٰ کو نہیں پہچانا، پھر بھی سزائے موت کا فتویٰ دے کر اُنہُوں نے اَنبیا کی اُن باتوں کو پُورا کر دیا جو ہر سَبت کو پڑھ کر سُنایٔی جاتی ہیں۔ اگرچہ وہ اُنہیں موت کی سزا کے لائق ثابت نہ کر سکے، پھر بھی اُنہُوں نے پِیلاطُسؔ سے درخواست کی کہ اُنہیں قتل کیا جائے۔ اَور جَب اُنہُوں نے سَب کچھ جو حُضُور عیسیٰ کے بارے میں لِکھّا ہُوا تھا، پُورا کر دیا تو اُنہیں صلیب پر سے اُتار کر ایک قبر میں رکھ دیا۔ لیکن خُدا نے اُنہیں مُردوں میں سے زندہ کر دیا، اَورجو لوگ گلِیل سے آپ کے ساتھ یروشلیمؔ آئےتھے، وہ اُنہیں کیٔی دِنوں تک نظر آتے رہے۔ اَب وُہی اُمّت کے لیٔے حُضُور اَقدس عیسیٰ کے گواہ ہیں۔ ”ہم تُمہیں وہ خُوشخبری سُناتے ہیں: جِس کا وعدہ خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد کے ساتھ کیا تھا خُدا نے اَپنی اَولاد، یعنی ہمارے لیٔے حُضُور عیسیٰ کو پھر سے زندہ کرکے اَپنے وعدہ کو پُورا کر دیا۔ چنانچہ زبُور پاک کے دُوسرے باب میں لِکھّا ہے: ” ’تُو میرا بیٹا ہے؛ آج سے میں تیرا باپ بَن گیا ہُوں۔‘ “ یہ حقیقت کہ خُدا نے آپ کو مُردوں میں سے جِلا دیا تاکہ وہ پھر کبھی نہ مَریں۔ خُدا کے کلام میں یُوں بَیان کیا گیا ہے، ” ’میں تُمہیں پاک اَور سچّی نعمتیں بخشُوں گا جِن کا وعدہ میں نے حضرت داؤؔد سے کیا تھا۔‘ “ ایک اَور زبُور میں حضرت داؤؔد فرماتے ہیں: ” ’خُدا اَپنے مُقدّس کے جِسم کے سَڑنے کی نَوبَت ہی نہ آنے دے گا۔‘ ”جَب کہ داؤؔد اَپنی پُشت میں خُدا کا مقصد پُورا کرنے کے بعد، موت کی نیند سَو گیٔے؛ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ دفن ہویٔے اَور آپ کا جِسم سڑ گیا۔ لیکن جسے خُدا نے مُردوں میں سے جی اُٹھایا اُن کے سَڑنے کی نَوبَت تک نہ آئی۔ ”پس اَے عزیزو، جان لو کہ حُضُور عیسیٰ کے وسیلہ سے ہی تُمہیں گُناہوں کی مُعافی کی مُنادی کی جاتی ہے۔ حضرت مُوسیٰ کی شَریعت کے باعث جِن باتوں سے تُم بَری نہیں ہو سکتے تھے، اُن سَب سے ہر ایک ایمان لانے والا اُس کے وسیلہ سے بَری ہوتاہے۔ باخبر رہو، اَیسا نہ ہو کہ نَبیوں کی یہ بات تُم پر صادق آئے: ” ’دیکھو، تُم جو دُوسروں کی تحقِیر کرتے ہو، تعجُّب کرو اَور نِیست ہو جاؤ، کیونکہ میں تمہارے دِنوں میں ایک اَیسا کام کرنے پر ہُوں کہ اگر کویٔی اُس کا ذِکر تُم سے کرے بھی، تو تُم کبھی نہ یقین رو گے۔‘“

پڑھیں اعمال 13