2 تِیمُتھِیُس 4
4
1میں خُداتعالیٰ اَور المسیؔح عیسیٰ کی حُضُوری میں، جو زندوں اَور مُردوں کی عدالت کرے گا اَور حُضُور کی دُوسری آمد اَور اُن کی بادشاہی ظاہر ہونے کی یاد دلا کر تُجھے تَاکید کرتا ہُوں: 2کلام کی مُنادی کر؛ وقت بے وقت تیّار رہ؛ بَڑے صبر اَور تعلیم کے ساتھ لوگوں کو سمجھا، ملامت اَور اُن کی حوصلہ اَفزائی کر۔ 3کیونکہ ایک اَیسا وقت آئے گا جَب لوگ صحیح تعلیم کو برداشت نہیں کریں گے بَلکہ اَپنی خواہِشوں کے مُطابق اَپنے بہت سے اُستاد بنا لیں گے جو اُنہیں صِرف اُن کے کانوں کو اَچھّا لگنے والی تعلیم دیں گے۔ 4اَور وہ اَپنے کانوں کو حق کی طرف سے پھیر کر جھُوٹے قصّے کہانیوں کی طرف مُتوجّہ ہوں گے۔ 5مگر تُو ہر حالت میں ہوشیار رہ، دُکھ اُٹھا، مُبشَّر کا کام اَنجام دے اَور اَپنی خدمت کو پُورا کر۔
6کیونکہ اَب میں نذر کی قُربانی کی طرح اُنڈیلا جا رہا ہُوں اَور میرے اِس دُنیا سے جانے کا وقت آ پہنچا ہے۔ 7میں اَچھّی کُشتی لڑ چُکا ہوں۔ میں نے دَوڑ کو ختم کر لیا ہے اَور میں نے اَپنے ایمان کو محفوظ رکھا ہے۔ 8مُستقبِل میں میرے لیٔے راستبازی کا وہ تاج رکھا ہُواہے، جو عادل اَور مُنصِف خُداوؔند مُجھے اَپنے دوبارہ آمد کے دِن عطا فرمائے گا۔ اَور نہ صِرف مُجھے بَلکہ اُن سَب کو بھی جو خُداوؔند کی آمد کے آرزُومند ہیں۔
کُچھ شخصی ہدایات
9میرے پاس جلد پہنچنے کی کوشش کر۔ 10کیونکہ دیماسؔ نے دُنیا کی مَحَبّت میں پھنس کر مُجھے چھوڑ دیا اَور تھِسلُنِیکے شہر کو چَلا گیا۔ اَور کریسکِنس صُوبہ گلِتیؔہ کو اَور طِطُسؔ صُوبہ دلمتیہؔ کو چَلا گیا ہے۔ 11صِرف لُوقا میرے پاس ہے۔ تو مرقُسؔ کو ساتھ لے کر چَلا آ کیونکہ وہ اِس خدمت میں میرے بَڑے کام کاہے۔ 12تُخِکسؔ کو میں نے اِفِسُسؔ شہر بھیج دیا ہے۔ 13جَب تُو آئے تو اَپنے ساتھ وہ چوغہ اَور طُومار#4:13 طُومار تحریروں کا مجموعہ خاص طور پر چمڑے کے نوشتے جو میں تروآسؔ میں کرپُسؔ کے یہاں چھوڑ آیاتھا، اَپنے ساتھ لیتے آنا۔
14سِکندرؔ ٹھٹھیرے نے مُجھے بہت نُقصان پہنچایا ہے۔ خُداوؔند اُسے اُس کے کاموں کا بدلہ دے گا۔ 15تُو بھی اُس سے خبردار رہنا کیونکہ اُس نے ہماری باتوں کی سخت مُخالفت کی تھی۔
16عدالت میں میری پہلی پیشی کے وقت کسی نے میرا ساتھ نہیں دیا بَلکہ سَب نے مُجھے چھوڑ دیا تھا۔ کاش خُدا اُن سے اُس کا جَواب طلب نہ کرے! 17مگر خُداوؔند میرا مددگار ہُوا۔ اَور خُداوؔند نے مُجھے قُوّت بخشی تاکہ میرے ذریعہ پیغام کی پُوری طرح سے مُنادی کی جائے تاکہ سَب غَیریہُودی اُسے سُن سکیں۔ ساتھ ہی میں بھُوکے شیروں کے مُنہ سے بھی چھُڑایا گیا۔ 18اَور خُداوؔند مُجھے ہر بدی کے حملہ سے بچائے گا اَور سلامتی کے ساتھ اَپنی آسمانی بادشاہی میں پہنچائے گا۔ خُدا کی تمجید ہمیشہ تک ہوتی رہے۔ آمین۔
آخِری سلام
19پرسکِلّہؔ اَکوِلہؔ اَور اُنیِسفُرس کے خاندان سے میرا سلام کہنا۔
20اِراستُسؔ، کُرِنتھُسؔ شہر میں رُک گیا اَور تُرِفمُسؔ کی بِیماری کی وجہ سے مُجھے اُسے بندرگاہ شہر میلِیتُسؔ میں چھوڑنا پڑا۔ 21سردی کے موسم سے پہلے میرے پاس پہُنچنے کی کوشش کر۔
یُوبُولُسؔ، پُودینُسؔ، لینُسؔ، کلَودیہؔ اَور سَب مومِن بھایٔی بہن تُجھے سلام کہتے ہیں۔
22خُداوؔند تیری رُوح کے ساتھ رہے۔ تُم سَب پر خُدا کا فضل ہوتا رہے۔
موجودہ انتخاب:
2 تِیمُتھِیُس 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.