YouVersion Logo
تلاش

2 پطرس 3

3
خُداوؔند کی دُوسری آمد کا دِن
1اَے عزیزو! اَب میں تُمہیں یہ دُوسرا خط لِکھ رہا ہُوں۔ میں نے دونوں خُطوط میں تمہاری یادداشت کو تازہ کرنے اَور تمہارے صَاف دلوں کی حوصلہ اَفزائی کرنے کی کوشش کی ہے۔ 2تاکہ تُم اُن نبُوّتوں کو جو پاک نَبیوں نے قدیم زمانے سے کی ہیں اَور ہمارے خُداوؔند اَور مُنجّی کے اُس حُکم کو یاد رکھو جو تمہارے رسولوں کی مَعرفت سے تُم تک پہنچا ہے۔
3سَب سے پہلے تُمہیں یہ جان لینا چاہیے کہ آخِری دِنوں میں راہِ حق کا مذاق اُڑانے والے آئیں گے جو اَپنی نَفسانی بَدخواہشات کے مُطابق زندگی گُزاریں گے۔ 4اَور کہیں گے، ”المسیؔح کے ’آمد کا‘ وعدہ کہاں گیا؟ کیونکہ ہمارے آباؤاَجداد کی وفات سے لے کر اَب تَب سَب کچھ وَیسا ہی چَلا آ رہا ہے جَیسا کہ دُنیا کی تخلیق کے وقت تھا۔“ 5وہ تو جان بوجھ کر اِس حقیقت کو نظرانداز کرتے ہیں کہ آسمان خُدا کے کلام کے ذریعہ سے قدیم زمانہ سے مَوجُود ہے اَور زمین پانی میں سے بنی اَور پانی میں قائِم ہے۔ 6اَور پانی ہی سے اُس وقت کی قدیم دُنیا سیلاب میں ڈُوب کر تباہ ہو گئی۔ 7مگر اِس وقت کے آسمان اَور زمین اُسی خُدا کے کلام کے ذریعہ سے اِس لیٔے رکھے گیٔے ہیں کہ آگ میں جلائے جایٔیں؛ اَور یہ بے دین اِنسانوں کی عدالت اَور ہلاکت کے دِن تک محفوظ رہیں گے۔
8لیکن اَے عزیزوں! اِس بات کو کبھی نہ بھُولو کہ خُداوؔند کے یہاں ایک دِن ہزار بَرس اَور ہزار بَرس ایک دِن کے بَرابر ہیں۔#3‏:8 زبُور 90‏:4‏‏ 9خُداوؔند اَپنا وعدہ پُورا کرنے میں دیر نہیں کرتا، جِس طرح بعض لوگ سمجھتے ہیں بَلکہ وہ تمہارے لیٔے صبر کر رہا ہے اَور نہیں چاہتا کہ کویٔی شخص ہلاک ہو بَلکہ چاہتاہے کہ سَب لوگوں کو تَوبہ کرنے کا موقع ملے۔
10لیکن خُداوؔند کے لَوٹنے کا دِن چور کی مانند اَچانک آ جائے گا۔ اُس دِن آسمان بَڑے شور و غُل کے ساتھ غائب ہو جایٔیں گے اَور اجرامِ فلکی شدید حرارت سے پگھل جایٔیں گے اَور زمین اَور اُس پر کی تمام چیزیں جَل جایٔیں گی۔
11جَب تمام چیزیں اِس طرح تباہ و برباد ہونے والی ہیں تو تُمہیں کَیسا شخص ہونا چاہیے؟ تُمہیں تو نہایت ہی پاکیزگی اَور خُدا پرستی کی زندگی گزارنی چاہیے۔ 12اَور خُدا کے اُس دِن کا نہایت مُشتاق اَور مُنتظر رہنا چاہیے جِس کے باعث افلاک جَل کر تباہ ہو جایٔیں گے اَور اجرامِ فلکی شدید حرارت سے پگھل جایٔیں گے۔ 13لیکن ہم خُدا کے وعدوں کے مُوافق نئے آسمان اَور نئی زمین کے اِنتظار میں ہیں جِس میں راستبازی سکونت کرتی ہے۔
14چنانچہ اَے عزیزوں! جَب کہ تُم اِن باتوں کے مُنتظر ہو اِس لیٔے پُوری کوشش کرو کہ خُداوؔند کی حُضُوری میں اَپنے آپ کو بے داغ، بے عیب اَور صُلح کے ساتھ پایٔے جاؤ۔ 15اَور ہمارے خُداوؔند کا تحمُّل لوگوں کو نَجات پانے کا موقع دیتاہے۔ چنانچہ ہمارے پیارے بھایٔی پَولُسؔ نے بھی اُس عِرفان کے مُوافق جو اُسے دیا گیا ہے تُمہیں یہی لِکھّا ہے۔ 16اُس نے اَپنے تمام خُطوط میں اِن باتوں کا ذِکر کیا ہے۔ اُس کے خُطوط میں بعض باتیں اَیسی بھی ہیں جِن کا سمجھنا مُشکِل ہے اَور جنہیں جاہل اَور بے قِیام لوگ اُن کے معنی کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں جَیسا وہ باقی صحیفوں کے ساتھ بھی کرتے ہیں اَور اَیسا کرکے اَپنے اُوپر تباہی لاتے ہیں۔
17اِس لیٔے اَے عزیز دوستوں! میں نے تُمہیں اِن باتوں سے پہلے ہی سے آگاہ کر دیا ہے تاکہ تُم ہوشیار رہو، اَور بےدینوں کی گمراہی میں پھنس کر خُود ہی محفوظ مقام سے گر نہ جاؤ۔ 18بَلکہ ہمارے خُداوؔند اَور مُنجّی عیسیٰ المسیؔح کے فضل اَور عِرفان میں بڑھتے جاؤ۔
اُسی کی تمجید اَب بھی ہو اَور اَبد تک ہوتی رہے۔ آمین۔

موجودہ انتخاب:

2 پطرس 3: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in