2 سلاطین 10
10
احابؔ کے گھرانے کی تباہی
1سامریہؔ میں احابؔ کے گھرانے کے ستّر بیٹے تھے لہٰذا یِہُو نے سامریہؔ میں یزرعیلؔ کے افسران، بُزرگوں اَور احابؔ کے بیٹوں کے سرپرستوں کو خُطوط بھیجے جِس میں یہ لِکھا ہُوا تھا، 2”چونکہ تمہارے آقا کے بیٹے تمہارے پاس ہیں اَور تمہارے پاس رتھ اَور گھوڑے، ایک قلعہ بند شہر اَور ہتھیار بھی ہیں لہٰذا جُوں ہی تُمہیں یہ خط ملے، 3اَپنے آقا کے بیٹوں میں سَب سے اَچھّے اَور لائق کو مُنتخب کر اُس کے باپ کے تخت پر تخت نشین کر دو اَور پھر اَپنے آقا کے گھرانے کے لیٔے جنگ کرنے کو تیّار ہو جاؤ۔“
4لیکن وہ دہشت زدہ ہوکر کہنے لگے، ”جَب دو بادشاہ مِل کر اُس کا مُقابلہ نہ کر سکے تو ہم کیسے کر سکیں گے؟“
5لہٰذا شاہی محل کے دیوان، شہر کے حاکم اَور بُزرگوں، اَور شہزادوں کے سرپرستوں نے یِہُو کو یہ پیغام بھیجا: ”ہم سَب آپ کے خادِم ہیں اَورجو کچھ آپ فرمائیں گے ہم وُہی کریں گے اَور ہم کسی کو بادشاہ نہیں بنائیں گے اَورجو کچھ آپ کی نظر میں بہتر ہے آپ وُہی کریں۔“
6تَب یِہُو نے اُنہیں ایک دُوسرا خط لِکھ کر بھیجا، ”بہت خُوب! اگر تُم سَب میری طرف ہو اَور میرا حُکم مانوگے تو اَپنے آقا کے بیٹوں کے سَر لے کر کل یزرعیلؔ میں اِسی وقت میرے پاس آ جاؤ۔“
اُس وقت بادشاہ کے ستّر شہزادے شہر کے نامور لوگوں کی سَر پرستی میں رہ کر پرورِش پا رہے تھے۔ 7جَیسے ہی اُنہیں یِہُو کا خط مِلا، اُنہُوں نے بادشاہ کے تمام ستّر شہزادوں کو لے جا کر قتل کر دیا اَور اُن کے سَر ٹوکریوں میں رکھ کر یزرعیلؔ میں یِہُو کے پاس بھیج دئیے۔ 8جَب قاصِد آیا تو اُس نے یِہُو کو خبر دی، ”وہ بادشاہ کے شہزادوں کے سَر لایٔے ہیں۔“
تَب یِہُو نے حُکم دیا، ”تُم اِن سَروں کے دو ڈھیر بنا کر شہر کے پھاٹک پر صُبح تک کے لئے رکھ دو۔“
9اَور اگلی صُبح یِہُو باہر گیا اَور کھڑے ہوکر سارے مجمع سے مُخاطِب ہُوا، ”آپ سَب بے قُصُور ہیں۔ مَیں نے ہی اَپنے آقا کے خِلاف سازش کی اَور اُنہیں مار ڈالا لیکن اِن ستّر شہزادوں کا قتل کس نے کیا ہے؟ 10لہٰذا جان لو کہ احابؔ کے گھرانے کے خِلاف یَاہوِہ کی فرمائی ہوئی کویٔی بھی بات خالی نہیں جائے گی کیونکہ جو کچھ یَاہوِہ نے اَپنے خادِم ایلیّاہ کی مَعرفت فرمائی تھی اُسے یقیناً پُورا کر دیا ہے۔“ 11یہ کہتے ہُوئے یِہُو نے اُن سَب کو بھی جو احابؔ کے گھرانے سے تعلّق رکھتے تھے اَور یزرعیلؔ میں رہتے تھے قتل کر دیا۔ اَور اُس نے احابؔ کے خاندان کے باقی بچے مخصُوص آدمیوں، قریبی دوستوں اَور اُس کے کاہِنوں کو بھی قتل کر ڈالا یہاں تک کہ احابؔ کے خاندان میں ایک بھی شخص زندہ نہ بچا۔
12پھر یِہُو وہاں سے سامریہؔ کے لئے روانہ ہُوا، اَور راستہ میں جَب وہ چرواہوں کے بیت اِقدؔ نام کی جگہ میں تھا، 13تَب اُس کی مُلاقات شاہِ یہُودیؔہ احزیاہؔ کے کچھ رشتہ داروں سے ہوئی۔ یِہُو نے اُن سے دریافت کیا، ”آپ لوگ کون ہیں؟“
اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ہم احزیاہؔ کے رشتہ دار ہیں اَور ہم یہاں آئے ہیں کہ بادشاہ اَور مادرِ ملِکہ کے گھرانے کی خیریت مَعلُوم کر سکیں۔“
14یِہُو نے اَپنے آدمیوں کو حُکم دیا، ”اُنہیں زندہ پکڑ لو۔“ چنانچہ اُنہُوں نے تقریباً بِیالیس اَشخاص کو زندہ پکڑا اَور اُنہیں بیت اِقدؔ کے کوئیں کے پاس لے جا کر قتل کر دیا۔ اَور یِہُو نے اُن میں سے ایک کو بھی زندہ نہ چھوڑا۔
15پھر جَب یہُو وہاں سے رخصت ہُوا تو اُس کی مُلاقات یوُنادابؔ بِن ریخابؔ سے ہوئی، جو اُس کے اِستِقبال کو آ رہاتھا۔ یِہُو نے اُسے سلام کرنے کے بعد پُوچھا، ”کیا تُم مُجھ سے مُتّفِق ہو جَیسا کہ مَیں تُم سے ہُوں؟“
یوُنادابؔ نے جَواب دیا، ”بے شک ہاں، مَیں آپ سے مُتّفِق ہُوں۔“
تَب یِہُو نے فرمایا، ”اگر اَیسا ہے تو اَپنا ہاتھ میری طرف بڑھاؤ۔“ چنانچہ جَب اُس نے اَپنا ہاتھ بڑھایا تو یِہُو نے اُسے اَپنے رتھ پر چڑھا لیا۔ 16اَور یِہُو نے اُس سے فرمایا، ”میرے ساتھ چل اَور میری غیرت کو جو یَاہوِہ کے لیٔے ہے اَپنی آنکھوں سے دیکھ۔“ تَب یوُنادابؔ اَور یِہُو رتھ پر سوار ہوکر روانہ ہُوئے۔
17جَب یِہُو سامریہؔ میں آیا تو اُس نے جَیسا کہ یَاہوِہ نے ایلیّاہ کی مَعرفت احابؔ کے خاندان کے بارے میں فرمایا تھا احابؔ کے خاندان کے سبھی بچے ہُوئے لوگوں کو جو سامریہؔ میں تھے مار ڈالا؛ اُس نے اُنہیں نِیست و نابود کر دیا۔
بَعل کے کاہِنوں کا قتل
18تَب یِہُو نے سَب لوگوں کو جمع کیا اَور اُن سے فرمایا، ”احابؔ نے تو بَعل کی تھوڑی پرستش کی لیکن یِہُو اُس کی زِیادہ پرستش کرےگا۔ 19چنانچہ اَب تُم بَعل کے سَب نبیوں، اُس کے تمام خادِموں اَور کاہِنوں کو بُلاؤ اَور اُن میں سے کویٔی بھی غَیر حاضِر نہ رہے کیونکہ مَیں بَعل کے لیٔے ایک بڑی قُربانی کرنے والا ہُوں اَورجو کویٔی غَیر حاضِر رہے وہ زندہ نہ بچے گا۔“ مگر یہ یِہُو کی سازش تھی کہ بَعل کے سَب پرستار کو نِیست و نابود کر دے تاکہ کوئی بھی زندہ نہ بچے۔
20تَب یِہُو نے فرمان جاری کیا، ”بَعل کے اِعزاز میں ایک خاص جلسہ کا اعلان کرو۔“ لہٰذا اُنہُوں نے سَب جگہ مُنادی کر دی۔ 21اَور یِہُو نے تمام بنی اِسرائیل میں سے بَعل کے تمام پرستار کو بُلا لیا اَور کویٔی بھی غَیر حاضِر نہ تھا۔ اَور اِن سَب کا بَعل کے مَندِر میں ہُجوم جمع ہُوا اَور بَعل کے تمام پرستار سے مَندِر ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک پُوری طرح سے بھر گیا۔ 22اَور یِہُو نے توشہ خانہ کے نِگران کو حُکم دیا، ”بَعل کے تمام پرستار کے لیٔے لباس لے آؤ۔“ چنانچہ وہ اُن کے لیٔے لباس لے آئے۔
23تَب یِہُو اَور یوُنادابؔ بِن ریخابؔ بَعل کے مَندِر میں داخل ہُوئے اَور یِہُو نے بَعل کے پرستار سے فرمایا، ”اَپنے چاروں طرف دیکھو اَور اِطمینان کر لو کہ یہاں یَاہوِہ کے خادِموں میں سے تو کویٔی تمہارے درمیان مَوجُود نہیں، صِرف بَعل کے پرستار ہی مَوجُود ہیں۔“ 24چنانچہ اُنہُوں نے قُربانی اَور سوختنی نذریں گزراننے کا کام اَندر جا کر شروع کیا اَور یِہُو نے باہر اسّی شخص مُقرّر کئے ہُوئے تھے جنہیں اُس نے یہ ہدایت دی تھی: ”اگر تُم میں سے کوئی اِن آدمیوں کو جنہیں مَیں تمہارے ہاتھ میں سُپرد کر رہا ہُوں، کسی کو بھی بچ کر فرار ہونے دے گا تو، اُن کی جان کے بدلے اُسے اَپنی جان دینی پڑےگی۔“
25تَب جُوں ہی یِہُو نے سوختنی نذریں گزراننے کا کام ختم کیا، اُس نے پہرےداروں اَور شاہی افسران کو حُکم دیا: ”اَندر داخل ہوکر سَب کو قتل کر دو؛ اَور ایک بھی بچنے نہ پائے۔“ چنانچہ اُنہُوں نے سَب کو تلوار سے قتل کر دیا اَور پہرےداروں اَور شاہی افسران نے اُن کی لاشیں باہر پھینک دیں۔ تَب وہ بَعل کے بُتکدے کے اَندرونی کمرے میں گئے۔ 26اَور وہاں سے اُنہُوں نے بَعل کے مَندِر کے مُقدّس سُتون کو اُکھاڑ کر باہر لاکر جَلا دیا۔ 27اُنہُوں نے بَعل کے مُجسّمے کو پُوری طرح سے نِیست و نابود کر دیا اَور بَعل کے مَندِر کو ڈھا دیا اَور لوگ آج تک اُسے بطور بیت الخلا اِستعمال کر رہے ہیں۔
28اِس طرح یِہُو نے بَعل کی پرستش کو بنی اِسرائیل کے درمیان سے نِیست و نابود کر دیا۔ 29تاہم یِہُو یرُبعامؔ بِن نباطؔ کے گُناہوں سے جِن میں اُس نے بنی اِسرائیل کو بھی ملوث کر دیا تھا باز نہ آیا یعنی اُس نے سونے کے بچھڑوں کی پرستش سے جو بیت ایل اَور دانؔ میں تھے کنارہ نہیں کیا۔
30اَور یَاہوِہ نے یِہُو سے فرمایا، ”چونکہ تُم نے جو کچھ میری نظر میں دُرست ہے وُہی کام کیا ہے اَور احابؔ کے گھرانے کے ساتھ جَیسا میں کرنا چاہتا تھا وَیسا ہی کیا ہے اِس لیٔے تمہاری اَولاد چوتھی پُشت تک بنی اِسرائیل کے تخت پر تخت نشین رہے گی۔“ 31مگر یِہُو نے پُورے دِل سے اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کے آئین پر عَمل نہیں کیا۔ اُس نے یرُبعامؔ کے گُناہوں سے کنارہ نہ کیا جِن میں اُس نے بنی اِسرائیل کو بھی ملوث کر دیا تھا۔
32یِہُو کے دَورِ حُکومت میں ہی یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کی سرحد کو کم کرنا شروع کر دیا تھا اَور حزائیلؔ نے بنی اِسرائیل کی تمام علاقوں کو فتح کر لیا تھا۔ 33یردنؔ کے مشرقی علاقے سے لے کر پُورا گِلعادؔ، گادؔ، رُوبِنؔ اَور منشّہ کا علاقہ، عروعؔر سے ارنُونؔ کی وادی تک یعنی گِلعادؔ سے باشانؔ تک کا سارا علاقہ حزائیلؔ نے فتح کر لیا تھا۔
34اَور کیا یِہُو کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور فتوحات وہ سَب جو اُس نے کیا اُس کا ذِکر بنی اِسرائیل کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟
35اَور یِہُو اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور سامریہؔ میں دفن کیا گیا اَور اُس کی جگہ پر اُس کا بیٹا یہُوآحازؔ بادشاہ بنا۔ 36یِہُو نے سامریہؔ میں اِسرائیل پر اٹّھائیس سال تک حُکمرانی کی۔
موجودہ انتخاب:
2 سلاطین 10: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.