2 کُرِنتھِیوں 9
9
1اُس خدمت کے بارے میں جسے ہم یہُوداہ کے مَسیحی مُقدّسین کی خاطِر اَنجام دے رہے ہیں، مُجھے زِیادہ لکھنے کی ضروُرت نہیں۔ 2میں جانتا ہُوں کہ تُمہیں مدد کرنے کا شوق ہے، اِس لیٔے میں مَکِدُنیہؔ کے لوگوں کے سامنے تمہاری تَعریف کرتا ہُوں، میں نے اُنہیں بتایا کہ تُم صُوبہ اَخیہؔ والے، پِچھلے سال سے عَطیّہ دینے کے لئے تیّار ہو؛ تمہاری اِس سرگرمی سے اکثر مَسیحی مَکِدُنی بھائیوں میں اَیسا کرنے کا جوش پیدا ہُوا۔ 3لیکن میں اِن بھائیوں کو اِس لیٔے بھیج رہا ہُوں کہ تُم پر ہمارا فخر کرنا بے بُنیاد نہ ٹھہرے، بَلکہ جِس طرح میں نے کہا، تُم بالکُل اُسی طرح تیّار رہو۔ 4کہیں اَیسا نہ ہو کہ مَکِدُنیہؔ کے کچھ لوگ میرے ساتھ آئیں اَور تُمہیں عَطیّہ دینے کے لیٔے تیّار نہ پائیں، تمہارے اُس بھروسہ کی وجہ سے جو ہم نے کیا ہے، ہمیں اَور تُمہیں شرمندہ ہونا پڑے! 5اِس لیٔے میں نے بھائیوں سے یہ درخواست کرنا بہت ضروُری سمجھا کہ وہ مُجھ سے پہلے تمہارے پاس پہُنچ جایٔیں اَور وہ عَطیّہ جو تُم نے دینے کا وعدہ کیا۔ وقت سے پہلے تیّار کر رکھیں تاکہ وہ خُوشی سے دیا ہُوا عَطیّہ مَعلُوم ہو، نہ کہ اَیسی رقم جو زبردستی جمع کی گئی ہو۔
سخاوت کی حوصلہ اَفزائی
6یاد رکھو: جو تھوڑا بوتا ہے وہ تھوڑا کاٹے گا، اَورجو زِیادہ بوتا ہے وہ زِیادہ کاٹے گا۔ 7جِس نے دل میں جِس قدر دینے کا خیال کیا ہُواہے، بغیر کسی ہچکچاہٹ کےاُتنا ہی دے اَور خُوشی سے دے، نہ کہ مجَبُوری یا کسی دباؤسے کیونکہ خُدا خُوشی سے دینے والے کو عزیز رکھتا ہے۔ 8خُدا تُمہیں کثرت سے فضل دینے کے قابِل ہے، تاکہ تمہارے پاس ہر وقت، اَور ہر حالت میں کافی سے زِیادہ مَوجُود رہے، اَور تُم نیک کاموں کے لیٔے خُوشی سے دے سکو۔ 9چنانچہ لِکھّا ہے:
”اُنہُوں نے بکھیرا ہے، اُنہُوں نے مسکینوں کو دیا ہے؛
اُن کی راستبازی ہمیشہ تک قائِم رہے گی۔“#9:9 زبُور 112:9
10لہٰذا وہ خُدا جو بونے والے کو بیج اَور کھانے والے کو روٹی عطا فرماتا ہے وُہی تُمہیں بھی بیج عطا فرمائے گا، اُسے اُگائے گا اَور تمہاری راستبازی کی فصل کو بڑھائے گا۔ 11خُدا تُمہیں مالا مال کرے گا تاکہ تُم ہر وقت بڑی کثرت سے دے سکو، اَور لوگ ہمارے وسیلہ سے تمہارا عَطیّہ پا کر خُدا کا شُکر اَدا کریں۔
12کیونکہ تمہاری اِس خدمت سے نہ صِرف مُقدّسین کی ضروُرتیں پُوری ہوتی ہیں، بَلکہ بہت سے لوگوں کی طرف سے خُدا کا شُکرانہ بھی اَدا کیا جاتا ہے۔ 13اِس خدمت سے لوگوں پر ثابت ہو جائے گا کہ تُم المسیؔح کی خُوشخبری کو ماننے کا دعویٰ ہی نہیں کرتے، بَلکہ اُس پر تابِعداری سے عَمل بھی کرتے ہو۔ خُدا کی تَعریف کرتے اَور سَب لوگوں کی مدد کرنے میں بڑی سخاوت سے کام لیتے ہو۔ 14ساتھ ہی وہ تُمہیں خُدا کے اُس بَڑے فضل کے سبب سے جو تُم پر ہُواہے، بڑی مَحَبّت سے اَپنی دعاؤں میں یاد کریں گے۔ 15شُکر خُدا کا اُس کی اُس بخشش کے لیٔے جو بَیان سے باہر ہے!
موجودہ انتخاب:
2 کُرِنتھِیوں 9: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.