YouVersion Logo
تلاش

2 کُرِنتھِیوں 5

5
نیا مَسکن
1ہم جانتے ہیں کہ جَب ہمارا خیمہ جو زمین پر ہمارا عارضی گھر ہے، گِرا دیا جائے گا تو ہمیں خُدا کی طرف سے آسمان پر ایک اَیسی عمارت ملے گی جو اِنسانی ہاتھوں کی بنائی ہُوئی نہیں بَلکہ اَبدی ہے۔ 2چنانچہ ہم اِس مَوجُودہ جِسم میں کراہتے ہیں، اَور ہماری بڑی آرزُو ہے کہ ہم اَپنے آسمانی مَسکن کو لباس کی طرح پہن لیں، 3تاکہ اُسے پہن لینے کے بعد، ہم ننگے نہ پایٔے جایٔیں۔#5‏:3 ننگے نہ پایٔے جایٔیں۔ ہم بے گھر نا ہوں گے‏۔ 4ہم اِس خیمہ میں رہتے ہویٔے بوجھ کے مارے کراہتے ہیں، کیونکہ ہم یہ لباس اُتارنا نہیں چاہتے، بَلکہ اُسی پر دُوسرا پہن لینا چاہتے ہیں، تاکہ جو فانی ہے وہ بَقا کا لُقمہ بَن جائے۔ 5وہ خُدا ہی ہے جِس نے ہمیں اِسی غرض سے بنایا، اَور اَپنا پاک رُوح ہمیں آنے والی چیزوں کے بیَعانہ کے طور، پر دیا ہے۔
6پس ہم ہمیشہ مطمئن رہتے ہیں اَور جانتے ہیں کہ جَب تک ہم جِسم کے گھر میں ہیں، خُداوؔند کے گھر سے دُور ہیں۔ 7کیونکہ ہم ایمان کے سہارے زندگی گزارتے ہیں، نہ کہ آنکھوں دیکھے پر۔ 8ہم اِطمینان سے ہیں، لیکن بہتر یہ ہے کہ اِس جِسمانی گھر کو چھوڑکر خُداوؔند کے گھر میں رہنے لگیں۔ 9لیکن خواہ ہم اَپنے گھر میں ہوں خواہ اُس سے دُور، ہمارا مقصد تو خُداوؔند کو خُوش رکھناہے۔ 10کیونکہ ہم سَب کو المسیؔح کی عدالت میں پیش ہوناہے، تاکہ ہر شخص اَپنے اَچھّے یا بُرے اعمال کا جو اُس نے اَپنے بَدن سے دُنیا میں کیٔے ہیں، بدلہ پایٔے۔
خُدا کے ساتھ صُلح
11کیونکہ، ہمیں، مَعلُوم ہے کہ خُداوؔند کا خوف کیا ہے، اِس لیٔے ہم دُوسروں کو سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ خُدا ہمارے دلوں کا حال اَچھّی طرح جانتا ہے، اَور مُجھے اُمّید ہے کہ یہ حال تمہارے ضمیر پر بھی ظاہر ہُوا ہوگا۔ 12اِس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم تمہارے سامنے پھر سے، اَپنی نیک نامی جتانے لگے ہیں بَلکہ تُمہیں موقع دینا چاہتے ہیں کہ تُم ہم پر فخر کر سکو، اَور اُن لوگوں کو جَواب دے سکو جو ظاہر پر تو فخر کرتے ہیں لیکن باطِن پر نہیں۔ 13اگر” ہم دیوانے ہیں،“ تو خُدا کے واسطے ہیں؛ اَور اگر ہوش میں ہیں، تو تمہارے واسطے۔ 14ہم المسیؔح کی مَحَبّت کے باعث مجبُور ہیں، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جَب ایک آدمی سَب کے لیٔے مَرا ہے، تو سَب مَر گیٔے۔ 15اَور وہ اِس لیٔے سَب کی خاطِر مَرا کہ جو، جیتے ہیں وہ آئندہ اَپنی خاطِر نہ جِئیں بَلکہ صِرف اُس کی خاطِر جو اُن کے لیٔے مَرا اَور پھر سے جی اُٹھا۔
16پس اَب سے ہم کسی کو جِسمانی حیثیت سے نہیں جانیں گے۔ اگرچہ ایک وقت ہم نے المسیؔح کو بھی جِسمانی حیثیت سے جانا تھا، لیکن اَب ہم اُنہیں جان گئے ہیں۔ 17اِس لیٔے، اگر کویٔی المسیؔح میں ہے، تو وہ نئی مخلُوق ہے۔ پُرانی چیزیں جاتی رہیں۔ دیکھو! اَب وہ نئی ہو گئیں! 18یہ سَب خُدا کی طرف سے ہے، جِس نے المسیؔح کے ذریعہ ہمارے ساتھ صُلح کرلی اَور صُلح کرانے کی خدمت ہمارے سُپرد کر دی: 19مطلب یہ ہے کہ خُدا نے المسیؔح کے ذریعہ دُنیا وَالوں سے صُلح کرلی، اَور اُنہیں اُن کی تقصیِروں کا ذمّہ دار نہیں ٹھہرایا۔ المسیؔح نے صُلح کا یہ پیغام ہمارے سُپرد کر دیا۔ 20اِس لیٔے ہم المسیؔح کے ایلچی ہیں، گویا خُدا ہمارے ذریعہ لوگوں سے مُخاطِب ہوتاہے۔ لہٰذا ہم المسیؔح کی طرف سے اِلتماس کرتے ہیں: خُدا سے صُلح کر لو۔ 21خُدا نے المسیؔح کو جو گُناہ سے واقف نہ تھا، ہمارے واسطے گُناہ ٹھہرایا تاکہ ہم المسیؔح میں خُدا کے راستباز ہو جایٔیں۔

موجودہ انتخاب:

2 کُرِنتھِیوں 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in