YouVersion Logo
تلاش

2 کُرِنتھِیوں 12

12
پَولُسؔ کی رُویا
1میں فخر کرنے پر مجبُور ہُوں۔ حالانکہ اِس سے کویٔی فائدہ نہیں، اِس لیٔے میں اُن رُویاؤں اَور مُکاشفوں کا ذِکر کروں گا جو خُداوؔند نے مُجھ پر ظاہر کیٔے۔ 2المسیؔح پر ایمان لانے والے کی حیثیت سے میں ایک اَیسے شخص کو جانتا ہُوں جو چودہ سال پہلے اَچانک تیسرے آسمان پر اُٹھالیا گیا۔ یہ صَعُود جِسمانی تھا یا رُوحانی میں نہیں جانتا خُدا ہی بہتر جانتا ہے۔ 3مُجھے مَعلُوم ہے کہ یہی شخص جِسمانی طور پر یا رُوحانی طور پر، جِس کا علم خُدا کو ہے، اَچانک 4فِردَوس میں پہُنچ گیا اَور وہاں اُس نے اَیسی باتیں سُنیں جو بَیان سے باہر ہیں، بَلکہ آدمی کو اُن کا زبان پر لانا بھی روا نہیں۔ 5میں اَیسے شخص کا ذِکر تو فخر سے کروں گا، لیکن اَپنے آپ پر فخر نہیں کروں گا، سِوائے اُن باتوں کے جو میری کمزوری ظاہر کرتی ہیں۔ 6اگر فخر کرنا چاہُوں بھی، تو یہ میری بےوقُوفی نہیں سَمجھی جائے گی، اِس لیٔے کہ میں سچ بول رہا ہُوں۔ بہرحال میں فخر کرنے سے باز رہُوں گا، کیونکہ جو کویٔی جَیسا مُجھے دیکھتا ہے یا جَیسا مُجھ سے سُنتا ہے، مُجھے اُس سے بڑھ کر نہ سمجھے، 7ممکن تھا کہ اُن بے شُمار مُکاشفوں کی وجہ سے جو مُجھ پر ظاہر کیٔے گیٔے۔ لہٰذا، میں غُرور سے بھر جاتا، اِس لیٔے میرے جِسم میں ایک کانٹا چُبھو دیا گیا، جو گویا شیطان کا قاصِد تھا، جو مُجھے مُکّے مارتا رہے تاکہ میں پھُول نہ جاؤں۔ 8میں نے اِس کے بارے میں خُداوؔند سے تین بار اِلتماس کیا کہ وہ اِسے مُجھ سے دُور کر دے۔ 9مگر خُداوؔند نے مُجھے جَواب دیا، ”میرا فضل تیرے لیٔے کافی ہے کیونکہ میری قُدرت کمزوری ہی میں پُوری ہوتی ہے۔“ لہٰذا میں اَپنی کمزوریوں پر فخر کروں گا، تاکہ میں المسیؔح کی قُدرت کے زیرِ سایہ رہُوں۔ 10یہی وجہ ہے کہ میں المسیؔح کی خاطِر کمزوری میں، بے عزّتی میں، ضرورتوں میں، اَذیتّوں میں اَور تنگی میں، خُوشی محسُوس کرتا ہُوں۔ کیونکہ جَب میں کمزور ہوتا ہُوں، تو مُجھے اَپنے قوی ہونے کا احساس ہونے لگتا ہے۔
کُرِنتھُسؔ کی جماعت کے لیٔے پَولُسؔ کی تشویش
11تُم نے مُجھے بے وقُوف بننے پر مجبُور کر دیا۔ ضروُرت تو اِس بات کی تھی کہ تُم میری تَعریف کرتے، اگرچہ میں کچھ بھی نہیں ہُوں پھر بھی تمہارے ”افضل رسولوں،“ سے کسی بات میں کمتر نہیں۔ 12میں نے بہت سے نِشانوں، حیرت اَنگیز کاموں اَور معجزوں کے ذریعہ بَڑے صبر کے ساتھ تمہارے درمیان یہ حقیقت ظاہر کر دی کہ میں بھی المسیؔح کا سچّا رسول ہُوں۔ 13میرا مالی بوجھ اُٹھانے کے سِوا تُم دُوسری جماعتوں سے کسی بھی بات میں کم نہ ٹھہرے، میں دراصل تُم پر بوجھ نہیں بننا چاہتا تھا؟ اگر یہ ناانصافی ہے تو میں مُعافی چاہتا ہُوں۔
14اَب میں تیسری بار تمہارے پاس آنے کی تیّاری کر رہا ہُوں، لیکن اِس بار بھی میں تُم پر بوجھ نہیں ڈالُوں گا، کیونکہ مُجھے تمہارے مال کی ضروُرت نہیں بَلکہ تمہاری ضروُرت ہے۔ مطلب یہ ہے کہ بچّوں کو ماں باپ کے لیٔے نہیں، بَلکہ ماں باپ کو بچّوں کے لیٔے مال جمع کرنا چاہئے۔ 15چنانچہ میں تمہاری خاطِر رُوحوں کے واسطے بڑی خُوشی سے اَپنا سَب کچھ بَلکہ خُود بھی خرچ ہو جانے کو تیّار رہُوں گا۔ اگرمیں تُم سے اِس قدر مَحَبّت رکھتا ہُوں، تو کیاتُم مُجھ سے کم مَحَبّت رکھوگے؟ 16جَیسے بھی ہو، میں نے تُم پر بوجھ نہیں ڈالا۔ شاید، کویٔی یہ کہے کہ میں فریبی ہُوں، اِس لیٔے میں نے تُمہیں فریب دے کر اَپنے جال میں پھنسالیا! 17خَیر! یہ بتاؤ کہ جِن لوگوں کو میں نے تمہارے پاس بھیجا، کیا اُن میں سے کسی کے ذریعہ میں نے تُم سے بےجا فائدہ اُٹھایا؟ 18میں نے طِطُسؔ کی مِنّت کی کہ وہ تمہارے پاس جائے اَور اُس کے ساتھ ایک اَور مَسیحی بھایٔی کو بھیجا۔ کیا طِطُسؔ نے تُم سے، بےجا فائدہ اُٹھایا؟ کیا وہ اَور میں ایک ہی رُوح کی ہدایت پا کر ایک ہی نَقش قدم پر نہیں چلے؟
19کیاتُم ابھی تک یہی سمجھتے ہو کہ ہم اَپنی صفائی پیش کر رہے ہیں؟ ہم تو خُدا کو حاضِر ناظرجان کر المسیؔح میں بولتے ہیں؛ عزیزو! اَور یہ سَب کچھ، تمہاری ترقّی کے لیٔے ہے۔ 20کیونکہ مُجھے ڈر ہے کہ وہاں آکر میں جَیسا چاہتا ہُوں تُمہیں وَیسا نہ پاؤں اَور مُجھے بھی جَیسا تُم چاہتے ہو وَیسا نہ پاؤ۔ مُجھے اَندیشہ ہے کہ کہیں تُم میں لڑائی جھگڑے، حَسد، غُصّہ، تِفرقے، بدگوئی، چُغل خوری، شیخی اَور فساد نہ ہوں۔ 21کہیں اَیسا نہ ہو کہ جَب میں آؤں تو خُدا تمہارے سامنے مُجھے عاجِز کر دے، اَور مُجھے بہت سے لوگوں کے لیٔے افسوس کرنا پڑے جنہوں نے پہلے تو گُناہ کیٔے، اَور پھر اَپنی ناپاکی، حرام کاری اَور شَہوت پرستی سے تَوبہ بھی نہ کی۔

موجودہ انتخاب:

2 کُرِنتھِیوں 12: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in