YouVersion Logo
تلاش

1 تِیمُتھِیُس 4

4
1پاک رُوح صَاف طور پر فرماتا ہے کہ آنے والے دِنوں میں بعض لوگ مَسیحی ایمان سے مُنہ موڑکر گُمراہ کرنے والی رُوحوں اَور شَیاطِین کی تعلیمات کی طرف مُتوجّہ ہونے لگیں گے۔ 2یہ باتیں اُن جھُوٹے آدمیوں کی ریاکاری کے باعث ہوں گی جِن کا ضمیر گویا گَرم لوہے سے داغاگیا ہو۔ 3یہ لوگ بیاہ کرنے سے منع کرتے ہیں اَور اُن بعض کھانوں سے پرہیز کرنے کا حُکم دیتے ہیں جنہیں خُدا نے اِس لیٔے پیدا کیا ہے کہ مُومِنِین اَور حق کو جاننے والے اُنہیں شُکر گُزاری کے ساتھ کھایٔیں۔ 4کیونکہ ہر چیز جو خُدا نے بنائی ہے، اَچھّی ہے، اَور کویٔی چیز اِنکار کے لائق نہیں؛ بشرطیکہ شُکر گُزاری کے ساتھ کھائی جائے۔ 5کیونکہ اُسے خُدا کے کلام اَور دعا سے مُقدّس کیا گیا ہے۔
6اگر تُو بھائیوں اَور بہنوں کو، یہ باتیں یاد دلائے گا تو المسیؔح عیسیٰ کا عُمدہ خادِم ٹھہرے گا اَور ساتھ ہی اُس ایمان اَور اَچھّی تعلیم سے پرورِش پایٔےگا جِس پر تُو عَمل کرتا آیا ہے۔ 7لیکن اُن فُضول قِصّوں اَور کہانیوں سے کنارہ کرجو بُوڑھی عورتوں کی زبان پر رہتی ہیں اِن کی بجائے خُدا پرستی کی زندگی گُزارنے کے لیٔے خُود کی تربّیت کر۔ 8کیونکہ جِسمانی مشقّت سے تھوڑا فائدہ تو ہوتاہے لیکن خُدا پرستی سَب چیزوں کے لیٔے فائدہ مند ہوتی ہے کیونکہ اِس میں نہ صِرف مَوجُودہ زندگی کا بَلکہ مُستقبِل زندگی کا وعدہ بھی مَوجُود ہے۔ 9یہ بات سچ ہے اَور ہر طرح سے قبُول کرنے کے لائق ہے۔ 10اِس لیٔے ہم سخت محنت اَور کوشش کرتے ہیں کیونکہ ہم نے اَپنی اُمّید اُس زندہ خُدا پر لگا رکھی ہے جو سَب اِنسانوں کا مُنجّی، خاص کر اُن کا جو مُومِنِین ہیں۔
11یہ باتیں سِکھا اَور اُن پر عَمل کرنے کا حُکم دے۔ 12کویٔی بھی تیری جوانی کی حقارت نہ کرنے پایٔے بَلکہ تُو ایمان وَالوں کے لیٔے گُفتگو، چال چلن، مَحَبّت، ایمان اَور پاکیزگی میں نمونہ بَن۔ 13جَب تک میں نہیں آ جاتا، وہاں میرے آنے تک تُو جماعت میں پاک کلامِ کی تِلاوت کرنے، نصیحت کرنے اَور تعلیم دینے میں مشغُول رہ۔ 14اَپنی اُس نِعمت سے غافل نہ رہنا جو تُجھے نبُوّت کے ذریعہ اُس وقت مِلی تھی جَب بُزرگوں کی جماعت نے تُجھ پر ہاتھ رکھے تھے۔
15اِن باتوں پر خاص طور سے غور کر۔ اَور اِن پر پُوری طرح عَمل کر؛ تاکہ سَب لوگ تُجھے ترقّی کرتا دیکھ سکیں۔ 16اَپنے کِردار اَور اَپنی تعلیم پر نظر رکھ۔ اِن باتوں پر عَمل کیٔے جا کیونکہ اَیسا کرنے سے تو اَپنی اَور اَپنے سُننے وَالوں کی نَجات کا باعث ہوگا۔

موجودہ انتخاب:

1 تِیمُتھِیُس 4: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in