1 شموایلؔ 29

29
اکِیشؔ کا داویؔد کو صِقلاگ بھیجنا
1اَور فلسطینیوں نے اَپنی تمام فَوجوں کو افیقؔ میں جمع کیا اَور اِسرائیلیوں نے یزرعیلؔ میں چشمہ کے پاس ڈالی۔ 2جَب فلسطینی سردار سپاہیوں کے سَو کے اَور ہزار کے دستے بنا کر کُوچ کرنے لگے تو داویؔد اَور اُس کے آدمی بھی اُن کے عقب میں اکِیشؔ کے پیچھے پیچھے ہو لئے۔ 3تَب فلسطینی سرداروں نے پُوچھا، ”اِن عِبرانیوں کا یہاں کیا کام ہے؟“ اکِیشؔ نے جَواب دیا، ”کیا یہ داویؔد نہیں جو شاہِ اِسرائیل شاؤل کا مُلازم تھا؟ وہ ایک سال سے زائد عرصہ سے میرے ساتھ ہے اَور جِس دِن سے اُس نے شاؤل کو چھوڑا آج تک مَیں نے اُس میں کویٔی بُرائی نہیں پائی۔“
4لیکن فلسطینی سردار اُس سے ناراض تھے اَور کہنے لگے، ”اُس آدمی کو واپس بھیج دو تاکہ، وہ اُس جگہ لَوٹ جائے جو اُس کے لیٔے مُقرّر کی گئی ہے۔ وہ جنگ میں ہمارے ساتھ ہرگز نہ جائے۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ ہمارے ہی خِلاف جنگ کرنے لگے۔ اُس کے لیٔے اَپنے آقا کی خُوشنودی دوبارہ حاصل کرنے کے لیٔے ہمارے آدمیوں کے سَروں کو کاٹ دینے سے بہتر کیا ہو سَکتا ہے؟ 5کیا یہ داویؔد وُہی نہیں ہے جِس کے متعلّق اُنہُوں نے ناچتے ہُوئے گا گا کر کہاتھا:
” ’شاؤل نے تو ہزاروں کو قتل کیا ہے،
لیکن داویؔد نے دس ہزاروں کو مارا ہے‘؟“
6لہٰذا اکِیشؔ نے داویؔد کو بُلاکر کہا، ”یَاہوِہ کی حیات کی قَسم تُم حق پرست آدمی ہو اَور تُمہیں اَپنی فَوج میں آتا جاتا دیکھ کر مُجھے بڑی خُوشی ہوتی ہے اَور جِس دِن سے تُم آئے ہو تَب سے آج تک مَیں نے تُم میں کویٔی بدی نہیں پائی۔ لیکن میرے سردار تُمہیں پسند نہیں کرتے۔ 7لہٰذا لَوٹ کر سلامت چلے جاؤ اَور کویٔی اَیسا قدم نہ اُٹھنا کہ فلسطینی سرداروں کو ناراض ہونے کا موقع ملے۔“
8داویؔد نے اکِیشؔ سے پُوچھا، ”مَیں نے کیا کیا ہے؟ جِس دِن سے مَیں آپ کے پاس آیا ہُوں تَب سے آج تک آپ نے اَپنے خادِم کے خِلاف کون سِی بات پائی ہے کہ میں اَپنے آقا بادشاہ کے دُشمنوں کے خِلاف جا کر لڑ نہیں سَکتا؟“
9اکِیشؔ نے داویؔد کو جَواب دیا، ”میں جانتا ہوں کہ تُم میری نظروں میں اِتنا ہی نیک ہو جِتنا خُدا کا فرشتہ؛ تاہم فلسطینی سرداروں نے کہا ہے، ’وہ جنگ میں ہمارے ساتھ ہرگز نہ جائے۔‘ 10لہٰذا اَب تُم صُبح سویرے رَوشنی ہوتے ہی اَپنے آقا کے خادِموں کے ہمراہ جو تمہارے ساتھ آئے ہیں روانہ ہو جانا۔“
11لہٰذا داویؔد اَور اُس کے آدمی صُبح سویرے اُٹھ بیٹھے تاکہ فلسطینیوں کے مُلک کو لَوٹ جایٔیں اَور فلسطینی یزرعیلؔ کو لَوٹ گیٔے۔

موجودہ انتخاب:

1 شموایلؔ 29: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in