YouVersion Logo
تلاش

1 کُرِنتھِیوں 6

6
مُقدّمہ بازی
1اگر تُم میں ایک کا دُوسرے کے ساتھ جھگڑا چل رہا ہو تو کیا وہ اَپنے فیصلہ کے لیٔے مَسیحی مُقدّسین کی بجائے بےدینوں کی عدالت میں جانے کی جُرأت کرے گا؟ 2کیاتُم نہیں جانتے کہ مُقدّس لوگ دُنیا کا اِنصاف کریں گے؟ اَور جَب تُمہیں دُنیا کا اِنصاف کرناہے تو کیاتُم اِس قابِل بھی نہیں کہ چھوٹی چھوٹی باتوں کا فیصلہ کر سکو؟ 3کیاتُم نہیں جانتے کہ ہم فرشتوں کا اِنصاف کریں گے؟ اِس دُنیا کے مُعاملات کا تو ذِکر ہی کیا؟ 4اگر تُم میں اَیسے دُنیوی مُقدّمے ہوں تو کیاتُم اُن کا فیصلہ اَیسے لوگوں سے کراؤگے جِن کی جماعت میں کویٔی حیثیت نہیں؟ 5میں تُمہیں شرمندہ کرنے کے لیٔے یہ کہتا ہُوں۔ کیا سچ مُچ تُم میں ایک بھی عقلمند نہیں جو مَسیحی بھائیو کے مُعاملات کا بِلاجِھجک فیصلہ کر سکے؟ 6بَلکہ ایک مَسیحی بھایٔی دُوسرے مَسیحی بھایٔی پر مُقدّمہ دائر کرتا ہے اَور وہ بھی بےاِعتقادوں کی عدالت میں۔
7دراصل تُم میں بڑا نُقص یہ ہے کہ تُم آپَس کی مُقدّمہ بازی میں مشغُول ہو۔ تُم ظُلم اُٹھانا کیوں نہیں بہتر جانتے؟ اَپنا نُقصان کیوں نہیں قبُول کرتے؟ 8اِس کے برعکس تُم ظُلم کرتے ہو، نُقصان پہنچاتے ہو اَور وہ بھی اَپنے ہی مَسیحی بھائیوں اَور بہنوں کو۔ 9کیاتُم نہیں جانتے کہ بدکار خُدا کی بادشاہی کے وارِث نہ ہوں گے؟ دھوکے میں نہ رہو! نہ حرام کار نہ بُت پرست، نہ زناکار، نہ لَونڈے باز 10نہ چور، نہ لالچی، نہ شرابی، نہ گالی بکنے والے، نہ ظالِم خُدا کی بادشاہی کے وارِث ہوں گے۔ 11تُم میں بعض اَیسے ہی تھے مگر تُم خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے نام اَور ہمارے خُدا کے پاک رُوح سے دھل گیٔے، پاک ہو گئے اَور راستباز ٹھہرائے گیٔے۔
جنسی بدفعلی
12ساری چیزیں میرے لیٔے جائز ہیں مگر ساری چیزیں مفید نہیں۔ ساری چیزیں میرے لیٔے روا ہیں لیکن میں کسی چیز کا غُلام نہ بنُوں گا۔ 13کھانا پیٹ کے لیٔے اَور پیٹ کھانے کے لیٔے لیکن خُدا اِن دونوں کو نِیست و نابُود کر دے گا۔ مگر بَدن بدفعلی کے لیٔے نہیں بَلکہ خُداوؔند کے لیٔے ہے اَور وُہی اُس کا مالک ہے۔ 14خُدا نے اَپنی قُدرت سے خُداوؔند عیسیٰ کو زندہ کیا اَور وہ ہمیں بھی اَپنی قُدرت سے زندہ کرے گا۔ 15کیاتُم نہیں جانتے کہ تمہارے بَدن المسیؔح کے اَعضا ہیں؟ کیا میں المسیؔح کے اَعضا لے کر اُنہیں کسی فاحِشہ کے ساتھ جوڑ دُوں؟ ہر گز نہیں! 16کیاتُم نہیں جانتے کہ جو کسی فاحِشہ سے صُحبت کرتا ہے، اُس کے ساتھ ایک جِسم ہو جاتا ہے؟ کیونکہ صحیفہ میں لِکھّا ہے، ”وہ دونوں مِل کر ایک جِسم ہوں گے۔“#6‏:16 پیدا 2‏:24‏‏ 17مگر جو خُود کو خُداوؔند سے جوڑ دیتاہے وہ رُوحانی طور پر اُس کے ساتھ ایک ہو جاتا ہے۔
18جنسی بدفعلی سے دُور رہو۔ اِنسان کے دُوسرے سارے گُناہ بَدن سے تعلّق نہیں رکھتے لیکن حرام کار اَپنے بَدن کا بھی گنہگار ہے۔ 19کیاتُم نہیں جانتے کہ تمہارا بَدن اُس پاک رُوح کا مَقدِس ہے جو تُم میں بسا ہُواہے اَور جسے تُم نے خُدا کی طرف سے پایا ہے؟ تُم اَپنے نہیں ہو۔ 20کیونکہ تُم قِیمت سے خریدے گیٔے ہو۔#6‏:20 ”المسیؔح نے اُسے خریدا ہے اَور آپ کے لیٔے ادائیگی کی ہے۔“‏ پس اَپنے بَدن سے خُدا کا جلال ظاہر کرو۔

موجودہ انتخاب:

1 کُرِنتھِیوں 6: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in