ہلاک ہونے والوں کے لیٔے تو صلیب کا پیغام ہے لیکن ہم نَجات پانے والوں کے لیٔے خُدا کی قُدرت ہے۔ کیونکہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”میں دانشمندوں کی دانش کو نِیست کر ڈالُوں گا؛ اَور عقلمندوں کی عقل کو باطِل کر دُوں گا۔“ کہاں کا دانشمند؟ کہاں کا فقیہ؟ کہاں کا اُس دَور کا بحث کرنے والا؟ کیا خُدا نے دُنیا کی حِکمت کو بےوقُوفی نہیں ٹھہرایا؟ کیونکہ جَب دُنیا والے خُدا کی حِکمت کے مُطابق اَپنی دانش سے خُدا کو نہ جان سکے تو خُدا کو پسند آیا کہ ایمان لانے والوں کو اِس مُنادی کی بےوقُوفی کے وسیلہ نَجات بخشے۔ یہُودی معجزوں کے طالب ہیں اَور یُونانی حِکمت کی تلاش میں ہیں مگر ہم اُس المسیح مصلُوب کی مُنادی کرتے ہیں: جو یہُودیوں کے نزدیک ٹھوکر کا باعث اَور غَیریہُودیوں کے نزدیک بےوقُوفی ہے۔ لیکن خُدا کے بُلائے ہویٔے لوگوں کے لیٔے خواہ وہ یہُودی ہوں یا غَیریہُودی، المسیح خُدا کی قُدرت اَور خُدا کی حِکمت ہیں۔ کیونکہ جسے لوگ خُدا کی بےوقُوفی سمجھتے ہیں وہ آدمیوں کی حِکمت سے زِیادہ حِکمت والی ہے اَور جسے لوگ خُدا کی کمزوری سمجھتے ہیں وہ آدمیوں کی طاقت سے زِیادہ زورآور ہے۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! غور کرو کہ جَب تُم بُلائے گیٔے تھے۔ تَب تُم کیا تھے۔ تُم میں سے بہت سے نہ تو جِسمانی لِحاظ سے دانِشور؛ بارسوخ تھے؛ اَور نہ ہی نیک۔ لیکن خُدا نے اُنہیں، جو دُنیا کی نظروں میں احمق ہیں، چُن لیا تاکہ عالِموں کو شرمندہ کرے اَور اُنہیں جو دُنیا کی نظر میں کمزور ہیں، چُن لیا تاکہ زور آوروں کو شرمندہ کرے۔ خُدا نے اِس جہاں کے کمینوں، حقیروں بَلکہ بےوُجُودوں کو چُن لیا کہ مَوجُودوں کو نِیست کرے۔ تاکہ کویٔی بھی بشر خُدا کے سامنے فخر نہ کر سکے۔ لیکن تُم خُدا کی طرف سے المسیح یِسوعؔ میں ہو جسے خُدا نے ہمارے لیٔے حِکمت، راستبازی، پاکیزگی اَور مخلصی ٹھہرایا۔
پڑھیں 1 کُرِنتھِیوں 1
سنیں 1 کُرِنتھِیوں 1
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: 1 کُرِنتھِیوں 18:1-30
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos