1 تواریخ 28
28
بیت المُقدّس کی تعمیر کے لیٔے داویؔد کی ہدایات
1اَور داویؔد بادشاہ نے بنی اِسرائیل کے تمام اُمرا کو یعنی بنی اِسرائیل کے قبیلوں کے افسران، بادشاہ کی مُلازمت میں، ہزاروں اَور سینکڑوں فَوجی دستوں کے سرداروں، بادشاہ اَور اُس کے بیٹوں کے مال و مویشیوں پر مُقرّر اہلکاروں، نیز شاہی محل کے خواجہ سراؤں، سُورماؤں اَور جنگجو بہادروں کو یروشلیمؔ میں جمع کیا۔
2تَب داویؔد بادشاہ اَپنے پاؤں پر اُٹھ کھڑے ہُوئے اَور فرمایا: ”اَے میرے بھائیوں اَور میرے لوگوں، میری سُنو! میرے دِل میں تھا کہ یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے لیٔے آرامگاہ اَور اَپنے خُدا کے قدموں کے لیٔے مسند بناؤں اَور مَیں نے اُس کی تعمیر کرنے کی تیّاری بھی کی تھی۔ 3لیکن خُدا نے مُجھ سے فرمایا، ’تُم میرے نام کے لیٔے گھر نہ بنانا کیونکہ تُم جنگجو مَرد ہو اَور تُم نے خُون بہایا ہے۔‘
4”تاہم یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا نے میرے تمام خاندان میں سے مُجھے ہمیشہ کے لیٔے بنی اِسرائیل کا بادشاہ ہونے کے واسطے مُنتخب کیا۔ خُدا نے بنی یہُوداہؔ کو رہنما ہونے کے لیٔے مُنتخب کیا اَور یہُوداہؔ کے گھرانے میں سے اُس نے میرے خاندان کو مُنتخب کیا اَور میرے باپ کے بیٹوں میں سے مُجھے تمام اِسرائیل کا بادشاہ مُقرّر کرنا پسند کیا۔ 5یَاہوِہ نے مُجھے بہت سے بیٹے دئیے ہیں اَور میرے سَب بیٹوں میں سے اُس نے میرے بیٹے شُلومونؔ کو بنی اِسرائیل پر یَاہوِہ کی بادشاہی کے تخت پر تخت نشین ہونے کے واسطے مُنتخب کیا۔ 6یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ’تمہارا بیٹا شُلومونؔ میرے گھر اَور میری بارگاہوں کی تعمیر کرےگا کیونکہ مَیں نے اُسے اَپنا بیٹا ہونے کے لیٔے مُنتخب کیا ہے اَور مَیں اُس کا باپ ہوں گا۔ 7اَور اگر وہ میرے اَحکام اَور قوانین پر عَمل کرنے میں ثابت قدم رہے جَیسا کہ آج کے دِن ہے تو مَیں اُس کی بادشاہی ہمیشہ تک قائِم رکھوں گا۔‘
8”پس اَب مَیں تمام اِسرائیل اَور یَاہوِہ کی جماعت کے رُوبرو اَور یَاہوِہ کی حُضُوری میں تُم سے یہ کہتا ہُوں کہ تُم محتاط ہوکر یَاہوِہ اَپنے خُدا کے سَب اَحکام پر عَمل کرو تاکہ تُم اِس اَچھّے مُلک کے وارِث بنے رہو اَور بطور مِیراث ہمیشہ کے لیٔے اُسے اَپنی اَولاد کے لیٔے چھوڑ جاؤ۔
9”اَور تُم اَے میرے بیٹے شُلومونؔ، اَپنے باپ کے خُدا کو پہچان اَور پُورے دِل و جان سے اُن کی خدمت کرو؛ کیونکہ یَاہوِہ سَب کے دِلوں کو جانچتے ہیں اَور ہر خیال اَور ہر اَندیشہ کو سمجھتے ہیں۔ اگر تُم اُنہیں ڈھونڈو تو وہ تُمہیں مِل جائیں گے؛ لیکن اگر تُم اُنہیں ترک کر دوگے تو وہ ہمیشہ کے لیٔے تُمہیں ردّ کر دیں گے۔ 10پس غور کرو کیونکہ یَاہوِہ نے تُمہیں مُنتخب کیا ہے کہ تُم پاک مَقدِس کے لیٔے ایک گھر کی تعمیر کرو۔ لہٰذا کمر باندھ لو اَور اِس کام کو اَنجام دو۔“
11تَب داویؔد نے اَپنے بیٹے شُلومونؔ کو بیت المُقدّس کے برامدے، اُس کی عمارتوں، گوداموں، اُس کے بالائی حِصّوں، اَندرونی کمروں اَور کفّارہ گاہ کی جگہ کے نقشے دئیے۔ 12اَور بادشاہ نے اُسے اُن سَب چیزوں کے نقشے بھی دئیے جو پاک رُوح نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے صحنوں، اِردگرد کے حُجروں اَور خُدا کے بیت المُقدّس کے خزانوں اَور نذر کَردہ اَشیا کے خزانوں کے متعلّق اُن کے دِل میں ڈالے تھے۔ 13اَور بادشاہ نے اُسے کاہِنوں اَور لیویوں کے فریقوں اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں خدمت کرنے کے تمام کاموں نیزعبادت میں اِستعمال ہونے والی تمام اَشیا کے متعلّق ہدایات دیں۔ 14داویؔد نے ہر قِسم کی خدمت میں کام آنے والے سونے کے ظروف کے لیٔے سونے کا وزن مُقرّر کیا اَور چاندی کے ظروف کے لیٔے چاندی کا وزن مُقرّر کیا۔ 15اَور سونے کے چراغدان اَور اُن کے چراغوں کے لیٔے سونے کا وزن یعنی ہر چراغدان اَور اُس کے چراغ کا وزن اَور چاندی کے ہر چراغدان اَور اُس کے چراغ کا وزن ہر چراغدان کے اِستعمال کے مُطابق مُقرّر کیا۔ 16اَور نذر کی روٹی کی میزوں کے واسطے ہر سونے کی میز کے لیٔے سونے کا وزن، چاندی کی میزوں کے لیٔے چاندی کا وزن؛ 17کانٹوں، چھڑکنے والے پیالوں اَور صُراحیوں کے لیٔے خالص سونے کا وزن اَور سونے کی ہر ڈونگے کے لیٔے سونے کا وزن؛ چاندی کے ڈونگے کے لئے چاندی کا وزن 18اَور بخُور کی قُربان گاہ کے لیٔے خالص سونے کا وزن۔ اَور داویؔد نے اُسے رتھ کا نقشہ بھی دیا جو اَیسا دِکھائی دیتا تھا گویا سونے کے کروبیم ہیں جو پر پھیلائے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو ڈھانکے ہُوئے ہیں۔
19داویؔد نے فرمایا، ”یَاہوِہ کا ہاتھ مُجھ پر تھا اَور اُنہُوں نے مُجھے سَب کچھ سمجھایا۔ اَب مَیں اِن سَب کاموں کی تفصیل لِکھ کر نقشوں سمیت تمہارے حوالے کرتا ہُوں۔“
20اَور داویؔد نے اَپنے بیٹے شُلومونؔ سے یہ بھی فرمایا، ”مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو اَور اِس کام کو اَنجام دو۔ خوف نہ کرو اَور ہِراساں نہ ہو کیونکہ یَاہوِہ خُدا، میرے خُدا تمہارے ساتھ ہیں۔ اَور جَب تک یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی خدمت کا سارا کام پُورا نہ ہو جائے وہ تُمہیں نہ تو ہِراساں کریں گے، نہ ترک کریں گے۔ 21کاہِنوں اَور لیویوں کے تمام فریق خُدا کے بیت المُقدّس کی ساری خدمت کے لیٔے تیّار ہیں اَور ہر طرح کی دستکاری میں ماہر آدمی ہر کام میں بخُوشی تمہاری مدد کریں گے اَور تمام اُمرا اَور تمام لوگ تمہارا ہر حُکم بجا لائیں گے۔“
موجودہ انتخاب:
1 تواریخ 28: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.