صفنیاہ 3
3
یروشلیِم کا گُناہ اور مخلصی
1اُس سرکش و ناپاک و ظالِم شہر پر افسوس! 2اُس نے کلام کو نہ سُنا۔ وہ تربِیّت پذِیر نہ ہُؤا۔ اُس نے خُداوند پر توکُّل نہ کِیا اور اپنے خُدا کی قُربت کی آرزُو نہ کی۔ 3اُس کے اُمرا اُس میں گرجنے والے بَبر ہیں۔ اُس کے قاضی بھیڑئے ہیں جو شام کو نِکلتے ہیں اور صُبح تک کُچھ نہیں چھوڑتے۔ 4اُس کے نبی لاف زن اور دغاباز ہیں۔ اُس کے کاہِنوں نے پاک کو ناپاک ٹھہرایا اور اُنہوں نے شرِیعت کو مروڑا ہے۔ 5خُداوند جو صادِق ہے اُس کے اندر ہے۔ وہ بے اِنصافی نہ کرے گا۔ وہ ہر صُبح بِلاناغہ اپنی عدالت ظاہِر کرتا ہے مگر بے اِنصاف آدمی شرم کو نہیں جانتا۔
6مَیں نے قَوموں کو کاٹ ڈالا۔ اُن کے بُرج برباد کِئے گئے۔ مَیں نے اُن کے کُوچوں کو وِیران کِیا یہاں تک کہ اُن میں کوئی نہیں چلتا۔ اُن کے شہر اُجاڑ ہُوئے اور اُن میں کوئی اِنسان نہیں۔ کوئی باشِندہ نہیں۔ 7مَیں نے کہا کہ فقط مُجھ سے ڈر اور تربِیّت پذِیر ہو تاکہ اُس کی بستی کاٹی نہ جائے اُس سب کے مُطابِق جو مَیں نے اُس کے حق میں ٹھہرایا تھا لیکن اُنہوں نے عمداً اپنی روِش کو بِگاڑا۔
8پس خُداوند فرماتا ہے میرے مُنتظِر رہو جب تک کہ مَیں لُوٹ کے لِئے نہ اُٹھوں کیونکہ مَیں نے ٹھان لِیا ہے کہ قَوموں کو جمع کرُوں اور مُملکتوں کو اِکٹّھا کرُوں تاکہ اپنے غضب یعنی تمام قہرِ شدِید کو اُن پر نازِل کرُوں کیونکہ میری غَیرت کی آگ ساری زمِین کو کھا جائے گی۔
9اور مَیں اُس وقت لوگوں کے ہونٹ پاک کر دُوں گا تاکہ وہ سب خُداوند سے دُعا کریں اور ایک دِل ہو کر اُس کی عِبادت کریں 10کُوؔش کی نہروں کے پار سے میرے عابِد یعنی میری پراگندہ قَوم میرے لِئے ہدیہ لائے گی 11اُسی روز تُو اپنے سب اعمال کے سبب سے جِن سے تُو میری گُنہگار ہُوئی شرمِندہ نہ ہو گی کیونکہ مَیں اُس وقت تیرے درمِیان سے تیرے مُتکبِّر لوگوں کو نِکال دُوں گا اور پِھر تُو میرے کوہِ مُقدّس پر تکبُّر نہ کرے گی۔ 12اور مَیں تُجھ میں ایک مظلُوم اور مسکِین بقِیّہ چھوڑ دُوں گا اور وہ خُداوند کے نام پر توکُّل کریں گے۔ 13اِسرائیل کے باقی لوگ نہ بدی کریں گے نہ جُھوٹ بولیں گے اور نہ اُن کے مُنہ میں دغا کی باتیں پائی جائیں گی بلکہ وہ کھائیں گے اور لیٹ رہیں گے اور کوئی اُن کو نہ ڈرائے گا۔
خُوشی کا گیِت
14اَے بِنت صِیُّون نغمہ سرائی کر! اَے اِسرائیل! للکار۔
اَے دُخترِ یروشلِیم! پُورے دِل سے خُوشی منا اور
شادمان ہو۔
15خُداوند نے تیری سزا کو دُور کر دِیا۔
اُس نے تیرے دُشمنوں کو نِکال دِیا۔
خُداوند اِسرائیل کا بادشاہ تیرے اندر ہے۔
تُو پِھر مُصِیبت کو نہ دیکھے گی۔
16اُس روز یروشلیِم سے کہا جائے گا
ہِراسان نہ ہو! اَے صِیُّون
تیرے ہاتھ ڈِھیلے نہ ہوں۔
17خُداوند تیرا خُدا جو تُجھ میں ہے قادِر ہے۔
وُہی بچا لے گا۔
وہ تیرے سبب سے شادمان ہو کر خُوشی کرے گا۔
وہ اپنی مُحبّت میں مسرُور رہے گا۔
وہ گاتے ہُوئے تیرے لِئے شادمانی کرے گا۔
18مَیں تیرے اُن لوگوں کو جو عِیدوں سے محرُوم
ہونے کے سبب سے غمگِین
اور ملامت سے زیر بار ہیں جمع کرُوں گا۔
19دیکھ مَیں اُس وقت
تیرے سب ستانے والوں کو سزا دُوں گا
اور لنگڑوں کو رہائی دُوں گا
اور جو ہانک دِئے گئے اُن کو اِکٹّھا کرُوں گا
اور جو تمام جہان میں رُسوا ہُوئے اُن کو سِتُودہ
اور نامور کرُوں گا۔
20اُس وقت مَیں تُم کو جمع کر کے مُلک میں لاؤُں گا
کیونکہ جب تُمہاری حِین حیات ہی میں تُمہاری
اسِیری کو مَوقُوف کرُوں گا
تو تُم کو زمِین کی سب قَوموں کے درمِیان نامور
اور سِتُودہ کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
موجودہ انتخاب:
صفنیاہ 3: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.