زکریاہ 6
6
چار رَتھوں کی رویا
1تب مَیں نے پِھر آنکھ اُٹھا کر نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ دو پہاڑوں کے درمِیان سے چار رتھ نِکلے اور وہ پہاڑ پِیتل کے تھے۔ 2پہلے رتھ کے گھوڑے سُرنگ۔ دُوسرے کے مُشکی۔ 3تِیسرے کے نُقرہ اور چَوتھے کے ابلق تھے۔ 4تب مَیں نے اُس فرِشتہ سے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا پُوچھا اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟
5اور فرِشتہ نے مُجھے جواب دِیا کہ یہ آسمان کی چارہوائیں ہیں جو ربُّ العالمِین کے حضُور سے نِکلی ہیں۔
6اور مُشکی گھوڑوں والا رتھ شِمالی مُلک کو نِکلا چلا جاتا ہے اور نُقرہ گھوڑوں والا اُس کے پِیچھے اور ابلق گھوڑوں والا جنُوبی مُلک کو۔ 7اور سُرنگ گھوڑوں والا بھی نِکلا اور اُنہوں نے چاہا کہ دُنیا کی سَیر کریں اور اُس نے اُن سے کہا جاؤ دُنیا کی سَیر کرو اور اُنہوں نے دُنیا کی سَیر کی۔ 8تب اُس نے بُلند آواز سے مُجھ سے کہا دیکھ جو شِمالی مُلک کو گئے ہیں اُنہوں نے وہاں میرا جی ٹھنڈا کِیا ہے۔
یشُوع کی تاجپوشی کا حُکم
9پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا 10کہ تُو آج ہی خلدی اور طُوبیاؔہ اور یدعیاؔہ کے پاس جا جو بابل کے اؔسِیروں کی طرف سے آ کر یُوسِیاؔہ بِن صفنیاہ کے گھر میں اُترے ہیں۔ 11اور اُن سے سونا چاندی لے کر تاج بنا اور یشُوع بِن یہُو صدق سردار کاہِن کو پہنا۔ 12اور اُس سے کہہ کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ وہ شخص جِس کا نام شاخ ہے اُس کے زیرِ سایہ خُوش حالی ہو گی اور وہ خُداوند کی ہَیکل کو تعمِیر کرے گا۔ 13ہاں وُہی خُداوند کی ہَیکل کو بنائے گا اور وہ صاحبِ شَوکت ہو گا اور تخت نشِین ہو کر حُکُومت کرے گا اور اُس کے ساتھ کاہِن بھی تخت نشِین ہو گا اور دونوں میں صُلح و سلامتی کی مشورَت ہو گی۔ 14اور یہ تاج حِیلم اور طُوبیاؔہ اور یدعیاؔہ اور حین بِن صفنیاہ کے لِئے خُداوند کی ہَیکل میں یادگار ہو گا۔
15اور وہ جو دُور ہیں آ کر خُداوند کی ہَیکل کو تعمِیر کریں گے۔ تب تُم جانو گے کہ ربُّ الافواج نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے اور اگر تُم دِل سے خُداوند اپنے خُدا کی فرمانبرداری کرو گے تو یہ باتیں پُوری ہوں گی۔
موجودہ انتخاب:
زکریاہ 6: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.