YouVersion Logo
تلاش

زبُور 40:78-72

زبُور 40:78-72 URD

کِتنی بار اُنہوں نے بیابان میں اُس سے سرکشی کی اور صحرا میں اُسے آزُردہ کِیا! اور وہ پِھر خُدا کو آزمانے لگے اور اُنہوں نے اِسرائیل کے قدُوُّس کو ناراض کِیا۔ اُنہوں نے اُس کے ہاتھ کو یاد نہ رکھّا۔ نہ اُس دِن کو جب اُس نے فِدیہ دے کر اُن کو مُخالِف سے رہائی بخشی۔ اُس نے مِصرؔ میں اپنے نِشان دِکھائے اور ضُعن کے عِلاقہ میں اپنے عجائِب اور اُن کے دریاؤں کو خُون بنا دِیا اور وہ اپنی ندیوں سے پی نہ سکے۔ اُس نے اُن پر مچھّروں کے غول بھیجے جو اُن کو کھا گئے۔ اور مینڈک جِنہوں نے اُن کو تباہ کر دِیا۔ اُس نے اُن کی پَیداوار کِیڑوں کو اور اُن کی مِحنت کا پَھل ٹِڈّیوں کو دے دِیا۔ اُس نے اُن کی تاکوں کو اَولوں سے اور اُن کے گُولر کے درختوں کو پالے سے مارا۔ اُس نے اُن کے چَوپایوں کو اَولوں کے حوالہ کِیا اور اُن کی بھیڑ بکرِیوں کو بِجلی کے۔ اُس نے عذاب کے فرِشتوں کی فَوج بھیج کر اپنے قہر کی شِدّت غَیظ و غضب اور بلا کو اُن پر نازِل کِیا۔ اُس نے اپنے قہر کے لِئے راستہ بنایا اور اُن کی جان مَوت سے نہ بچائی بلکہ اُن کی زِندگی وبا کے حوالہ کی۔ اُس نے مِصرؔ کے سب پہلوٹھوں کو یعنی حام کے مسکنوں میں اُن کی قُوّت کے پہلے پَھل کو مارا۔ لیکن وہ اپنے لوگوں کو بھیڑوں کی مانِند لے چلا اور بیابان میں گلّہ کی مانِند اُن کی رہنُمائی کی۔ اور وہ اُن کو سلامت لے گیا اور وہ نہ ڈرے۔ لیکن اُن کے دُشمنوں کو سمُندر نے چِھپا لِیا۔ اور وہ اُن کو اپنے مَقدِس کی سرحد تک لایا۔ یعنی اُس پہاڑ تک جِسے اُس کے دہنے ہاتھ نے حاصِل کِیا تھا۔ اُس نے اَور قَوموں کو اُن کے سامنے سے نِکال دِیا جِن کی مِیراث جرِیب ڈال کر اُن کو بانٹ دی اور جِن کے خَیموں میں اِسرائیل کے قبِیلوں کو بسایا۔ تَو بھی اُنہوں نے خُدا تعالیٰ کو آزمایا اور اُس سے سرکشی کی اور اُس کی شہادتوں کو نہ مانا بلکہ برگشتہ ہو کر اپنے باپ دادا کی طرح بے وفائی کی اور دھوکا دینے والی کمان کی طرح ایک طرف کو جُھک گئے۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنے اُونچے مقاموں کے باعِث اُس کا قہر بھڑکایا اور اپنی کھودی ہُوئی مُورتوں سے اُسے غَیرت دِلائی۔ خُدا یہ سُن کر غضب ناک ہُؤا اور اِسرائیل سے سخت نفرت کی۔ سو اُس نے سَیلا کے مسکن کو ترک کر دِیا یعنی اُس خَیمہ کو جو بنی آدمؔ کے درمیان کھڑا کِیا تھا اور اُس نے اپنی قُوّت کو اسِیری میں اور اپنی حشمت کو مُخالِف کے ہاتھ میں دے دِیا۔ اُس نے اپنے لوگوں کو تلوار کے حوالہ کر دِیا اور وہ اپنی مِیراث سے غضب ناک ہو گیا۔ آگ اُن کے جوانوں کو کھا گئی اور اُن کی کُنواریوں کے سُہاگ نہ گائے گئے۔ اُن کے کاہِن تلوار سے مارے گئے اور اُن کی بیواؤں نے نَوحہ نہ کِیا۔ تب خُداوند گویا نِیند سے جاگ اُٹھا۔ اُس زبردست آدمی کی طرح جو مَے کے سبب سے للکارتا ہو اور اُس نے اپنے مُخالِفوں کو مار کر پسپا کر دِیا۔ اُس نے اُن کو ہمیشہ کے لِئے رُسوا کِیا۔ اور اُس نے یُوسفؔ کے خَیمہ کو چھوڑ دِیا اور اِفرائِیم کے قبِیلہ کو نہ چُنا۔ بلکہ یہُوداؔہ کے قبِیلہ کو چُنا۔ اُسی کوہِ صِیُّون کو جِس سے اُس کو مُحبّت تھی اور اپنے مَقدِس کو پہاڑوں کی مانِند تعمِیر کِیا اور زمِین کی مانِند جِسے اُس نے ہمیشہ کے لِئے قائِم کِیا ہے اُس نے اپنے بندہ داؤُد کو بھی چُنا اور بھیڑسالوں میں سے اُسے لے لِیا۔ وہ اُسے بچّے والی بھیڑوں کی چَوپانی سے ہٹا لایا تاکہ اُس کی قَوم یعقُوب اور اُس کی مِیراث اِسرائیل کی گلّہ بانی کرے۔ سو اُس نے خلُوصِ دِل سے اُن کی پاسبانی کی اور اپنے ماہِر ہاتھوں سے اُن کی راہنُمائی کرتا رہا۔

پڑھیں زبُور 78

سنیں زبُور 78