خُداوند مُبارک ہو جو ہر روز ہمارا بوجھ اُٹھاتا ہے۔ وُہی ہمارا نجات دینے والا خُدا ہے۔ (سِلاہ) خُدا ہمارے لِئے چُھڑانے والا خُدا ہے اور مَوت سے بچنے کی راہیں بھی خُداوند خُدا کی ہیں۔ لیکن خُداوند اپنے دُشمنوں کے سر کو اور متواتر گُناہ کرنے والے کی بال دار کھوپڑی کو چِیر ڈالے گا۔ خُداوند نے فرمایا مَیں اُن کو بسن سے نِکال لاؤُں گا۔ مَیں اُن کو سمُندر کی تہہ سے نِکال لاؤُں گا تاکہ تُو اپنا پاؤں خُون سے تر کرے۔ اور تیرے دُشمن تیرے کُتّوں کے مُنہ کا نوالہ بنیں۔ اَے خُدا! لوگوں نے تیری آمد دیکھی۔ مَقدِس میں میرے خُدا میرے بادشاہ کی آمد۔ گانے والے آگے آگے اور بجانے والے پِیچھے پِیچھے چلے۔ دف بجانے والی جوان لڑکیاں بِیچ میں۔ تُم جو اِسرائیل کے چشمہ سے ہو خُداوند کو مُبارک کہو۔ ہاں مجمع میں خُدا کو مُبارک کہو۔ وہاں چھوٹا بِنیمِین اُن کا حاکِم ہے۔ یہُوداؔہ کے اُمرا اور اُن کے مُشِیر۔ زبُولُون کے اُمرا اور نفتالی کے اُمرا ہیں۔ تیرے خُدا نے تیری پائیداری کا حُکم دِیا ہے۔ اَے خُدا! جو کُچھ تُو نے ہمارے لِئے کِیا ہے اُسے پائیداری بخش۔ تیری ہَیکل کے سبب سے جو یروشلِیم میں ہے بادشاہ تیرے پاس ہدئیے لائیں گے۔ تُو نَیستان کے جنگلی جانوروں کو دھمکا دے۔ سانڈوں کے غول کو اور قَوموں کے بچھڑوں کو جو چاندی کے سِکّوں کو پامال کرتے ہیں۔ اُس نے جنگجُو قَوموں کو پراگندہ کر دِیا ہے۔ اُمرا مِصرؔ سے آئیں گے۔ کُوش خُدا کی طرف اپنے ہاتھ بڑھانے میں جلدی کرے گا۔ اَے زمِین کی ممُلِکتو! خُدا کے لِئے گاؤ۔ خُداوند کی مدح سرائی کرو۔ (سِلاہ) اُس کی جو قدِیم فلکُ الافلاک پر سوار ہے۔ دیکھو! وہ اپنی آواز بُلند کرتا ہے۔ اُس کی آواز میں قُدرت ہے۔ خُدا ہی کی تعظِیم کرو۔ اُس کی حشمت اِسرائیل میں ہے اور اُس کی قُدرت افلاک پر۔ اَے خُدا! تُو اپنے مَقدِسوں میں مُہِیب ہے۔ اِسرائیل کا خُدا ہی اپنے لوگوں کو زور اور توانائی بخشتا ہے۔ خُدا مُبارک ہو۔
پڑھیں زبُور 68
سنیں زبُور 68
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: زبُور 19:68-35
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos