YouVersion Logo
تلاش

زبور 19:68-35

زبور 19:68-35 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

یَاہوِہ ہمارے مُنجّی خُداوؔند کی سِتائش ہو، جو روزانہ ہمارے بوجھ اُٹھاتے ہیں۔ ہمارے خُدا وہ خُدا ہیں جو بچاتے ہیں؛ موت سے نَجات یَاہوِہ قادر کی طرف سے ملتی ہے۔ یقیناً خُدا اَپنے دُشمنوں کے سَر، اَور اُن لوگوں کی بالدار کھوپڑیاں کُچل ڈالیں گے جو مُتواتر گُناہ کرتے رہتے ہیں۔ خُداوؔند فرماتے ہیں: ”میں اُنہیں باشانؔ سے لے آؤں گا؛ بَلکہ میں اُنہیں سمُندر کی تہہ سے بھی نکال لاؤں گا، تاکہ تُم اَپنے پاؤں اَپنے مُخالفوں کے خُون میں تر کر سکو، اَور تمہارے کُتّوں کی زبانیں بھی اَپنا حِصّہ پائیں۔“ اَے خُدا، آپ کا جلوس سَب کی نگاہ میں ہے، میرے خُدا اَور بادشاہ کی پاک مَقدِس میں تشریف آوری کا جلوس۔ موسیقار آگے آگے ہیں اَور سازندے اُن کے پیچھے ہیں؛ اَور اُن کے ساتھ دف بجاتی ہُوئی جَوان لڑکیاں ہیں۔ بڑے مجمع میں خُدا کی مدح سرائی کرو؛ اِسرائیل کے مجمع میں یَاہوِہ کو مُبارک کہو۔ کہیں بِنیامین کا چھوٹا قبیلہ اُن کی قیادت کر رہاہے، تو کہیں یہُوداہؔ کے اُمرا کا بڑا ہُجوم، اَور کہیں زبُولُون اَور نفتالی کے اُمرا نظر آتے ہیں۔ اَے خُدا، اَپنی قُدرت کو ظاہر کریں، اَے خُدا، ہمیں وُہی قُدرت دِکھائیں جِس سے آپ نے اِس سے قبل ہماری مدد کی تھی۔ آپ کے یروشلیمؔ کے ہیکل کے سبب سے بادشاہ آپ کی لیٔے عطیات لائیں گے۔ نَیستان کے سرکنڈوں کے درمیان حَیوان کو، اَور سانڈوں کے گلّہ کو جو قوموں کے بچھڑوں کے درمیان ہیں، اُن کو دھمکا دیں، تاکہ عاجز ہوکر وہ چاندی کی اینٹیں لائیں۔ اُن قوموں کو پراگندہ کر دیں جو جنگ کا شوق رکھتی ہیں۔ مِصر سے سفیر آئیں گے؛ اَور کُوشؔ خُدا کے طابع ہو جائے گا۔ اَے زمین کی مملکتو! خُدا کے لیٔے گاؤ، خُداوؔند کی مدح سرائی کرو، جو قدیم آسمانوں پر سواری کرتے ہیں، اَورجو زوردار آواز سے گرجتے ہیں۔ خُدا کی قُدرت کا اعلان کرو، جِن کی حشمت اِسرائیل میں، اَور جِن کی قُدرت آسمانوں پر ہے۔ اَے خُدا، آپ اَپنے پاک مَقدِس میں مُہیب ہیں؛ اِسرائیل کے خُدا اَپنی اُمّت کو قُوّت اَور طاقت بخشتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 68

زبور 19:68-35 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب کی تمجید ہو جو روز بہ روز ہمارا بوجھ اُٹھائے چلتا ہے۔ اللہ ہماری نجات ہے۔ (سِلاہ) ہمارا خدا وہ خدا ہے جو ہمیں بار بار نجات دیتا ہے، رب قادرِ مطلق ہمیں بار بار موت سے بچنے کے راستے مہیا کرتا ہے۔ یقیناً اللہ اپنے دشمنوں کے سروں کو کچل دے گا۔ جو اپنے گناہوں سے باز نہیں آتا اُس کی کھوپڑی وہ پاش پاش کرے گا۔ رب نے فرمایا، ”مَیں اُنہیں بسن سے واپس لاؤں گا، سمندر کی گہرائیوں سے واپس پہنچاؤں گا۔ تب تُو اپنے پاؤں کو دشمن کے خون میں دھو لے گا، اور تیرے کُتے اُسے چاٹ لیں گے۔“ اے اللہ، تیرے جلوس نظر آ گئے ہیں، میرے خدا اور بادشاہ کے جلوس مقدِس میں داخل ہوتے ہوئے نظر آ گئے ہیں۔ آگے گلوکار، پھر ساز بجانے والے چل رہے ہیں۔ اُن کے آس پاس کنواریاں دف بجاتے ہوئے پھر رہی ہیں۔ ”جماعتوں میں اللہ کی ستائش کرو! جتنے بھی اسرائیل کے سرچشمے سے نکلے ہوئے ہو رب کی تمجید کرو!“ وہاں سب سے چھوٹا بھائی بن یمین آگے چل رہا ہے، پھر یہوداہ کے بزرگوں کا پُرشور ہجوم زبولون اور نفتالی کے بزرگوں کے ساتھ چل رہا ہے۔ اے اللہ، اپنی قدرت برُوئے کار لا! اے اللہ، جو قدرت تُو نے پہلے بھی ہماری خاطر دکھائی اُسے دوبارہ دکھا! اُسے یروشلم کے اوپر اپنی سکونت گاہ سے دکھا۔ تب بادشاہ تیرے حضور تحفے لائیں گے۔ سرکنڈوں میں چھپے ہوئے درندے کو ملامت کر! سانڈوں کا جو غول بچھڑوں جیسی قوموں میں رہتا ہے اُسے ڈانٹ! اُنہیں کچل دے جو چاندی کو پیار کرتے ہیں۔ اُن قوموں کو منتشر کر جو جنگ کرنے سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔ مصر سے سفیر آئیں گے، ایتھوپیا اپنے ہاتھ اللہ کی طرف اُٹھائے گا۔ اے دنیا کی سلطنتو، اللہ کی تعظیم میں گیت گاؤ! رب کی مدح سرائی کرو (سِلاہ) جو اپنے رتھ پر سوار ہو کر قدیم زمانے کے بلندترین آسمانوں میں سے گزرتا ہے۔ سنو اُس کی آواز جو زور سے گرج رہا ہے۔ اللہ کی قدرت کو تسلیم کرو! اُس کی عظمت اسرائیل پر چھائی رہتی اور اُس کی قدرت آسمان پر ہے۔ اے اللہ، تُو اپنے مقدِس سے ظاہر ہوتے وقت کتنا مہیب ہے۔ اسرائیل کا خدا ہی قوم کو قوت اور طاقت عطا کرتا ہے۔ اللہ کی تمجید ہو!

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 68

زبور 19:68-35 کِتابِ مُقادّس (URD)

خُداوند مُبارک ہو جو ہر روز ہمارا بوجھ اُٹھاتا ہے۔ وُہی ہمارا نجات دینے والا خُدا ہے۔ (سِلاہ) خُدا ہمارے لِئے چُھڑانے والا خُدا ہے اور مَوت سے بچنے کی راہیں بھی خُداوند خُدا کی ہیں۔ لیکن خُداوند اپنے دُشمنوں کے سر کو اور متواتر گُناہ کرنے والے کی بال دار کھوپڑی کو چِیر ڈالے گا۔ خُداوند نے فرمایا مَیں اُن کو بسن سے نِکال لاؤُں گا۔ مَیں اُن کو سمُندر کی تہہ سے نِکال لاؤُں گا تاکہ تُو اپنا پاؤں خُون سے تر کرے۔ اور تیرے دُشمن تیرے کُتّوں کے مُنہ کا نوالہ بنیں۔ اَے خُدا! لوگوں نے تیری آمد دیکھی۔ مَقدِس میں میرے خُدا میرے بادشاہ کی آمد۔ گانے والے آگے آگے اور بجانے والے پِیچھے پِیچھے چلے۔ دف بجانے والی جوان لڑکیاں بِیچ میں۔ تُم جو اِسرائیل کے چشمہ سے ہو خُداوند کو مُبارک کہو۔ ہاں مجمع میں خُدا کو مُبارک کہو۔ وہاں چھوٹا بِنیمِین اُن کا حاکِم ہے۔ یہُوداؔہ کے اُمرا اور اُن کے مُشِیر۔ زبُولُون کے اُمرا اور نفتالی کے اُمرا ہیں۔ تیرے خُدا نے تیری پائیداری کا حُکم دِیا ہے۔ اَے خُدا! جو کُچھ تُو نے ہمارے لِئے کِیا ہے اُسے پائیداری بخش۔ تیری ہَیکل کے سبب سے جو یروشلِیم میں ہے بادشاہ تیرے پاس ہدئیے لائیں گے۔ تُو نَیستان کے جنگلی جانوروں کو دھمکا دے۔ سانڈوں کے غول کو اور قَوموں کے بچھڑوں کو جو چاندی کے سِکّوں کو پامال کرتے ہیں۔ اُس نے جنگجُو قَوموں کو پراگندہ کر دِیا ہے۔ اُمرا مِصرؔ سے آئیں گے۔ کُوش خُدا کی طرف اپنے ہاتھ بڑھانے میں جلدی کرے گا۔ اَے زمِین کی ممُلِکتو! خُدا کے لِئے گاؤ۔ خُداوند کی مدح سرائی کرو۔ (سِلاہ) اُس کی جو قدِیم فلکُ الافلاک پر سوار ہے۔ دیکھو! وہ اپنی آواز بُلند کرتا ہے۔ اُس کی آواز میں قُدرت ہے۔ خُدا ہی کی تعظِیم کرو۔ اُس کی حشمت اِسرائیل میں ہے اور اُس کی قُدرت افلاک پر۔ اَے خُدا! تُو اپنے مَقدِسوں میں مُہِیب ہے۔ اِسرائیل کا خُدا ہی اپنے لوگوں کو زور اور توانائی بخشتا ہے۔ خُدا مُبارک ہو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 68