خُدا اُٹھے۔ اُس کے دُشمن پراگندہ ہوں۔ اُس سے عداوت رکھنے والے اُس کے سامنے سے بھاگ جائیں جَیسے دُھواں اُڑ جاتا ہے وَیسے ہی تُو اُن کو اُڑا دے۔ جَیسے موم آگ کے سامنے پِگھل جاتا ہے وَیسے ہی شرِیر خُدا کے حضُور فنا ہو جائیں لیکن صادِق خُوشی منائیں۔ وہ خُدا کے حضُور شادمان ہوں بلکہ وہ خُوشی سے پُھولے نہ سمائیں۔ خُدا کے لِئے گاؤ۔ اُس کے نام کی مدح سرائی کرو۔ صحرا کے سوار کے لِئے شاہراہ تیّار کرو۔ اُس کا نام یاہ ہے اور تُم اُس کے حضُور شادمان ہو۔ خُدا اپنے مُقدّس مکان میں یتیِموں کا باپ اور بیواؤں کا دادرس ہے۔ خُدا تنہا کو خاندان بخشتا ہے۔ وہ قَیدِیوں کو آزاد کر کے اِقبال مند کرتا ہے۔ لیکن سرکش خُشک زمِین میں رہتے ہیں۔ اَے خُدا! جب تُو اپنے لوگوں کے آگے آگے چلا۔ جب تُو بِیابان میں سے گُذرا (سِلاہ) تو زمِین کانپ اُٹھی۔ خُدا کے حضُور آسمان گِر پڑے۔ بلکہ کوہِ سِینا بھی خُدا کے حضُور۔ اِسرائیل کے خُدا کے حضُور کانپ اُٹھا۔ اَے خُدا تُو نے خُوب مینہ برسایا۔ تُو نے اپنی خُشک مِیراث کو تازگی بخشی۔ تیرے لوگ اُس میں بسنے لگے۔ اَے خُدا! تُو نے اپنے فَیض سے غرِیبوں کے لِئے اُسے تیّار کِیا۔ خُداوند حُکم دیتا ہے۔ خُوشخبری دینے والِیاں فَوج کی فَوج ہیں۔ لشکروں کے بادشاہ بھاگتے ہیں۔ وہ بھاگ جاتے ہیں اور عَورت گھر میں بَیٹھی بَیٹھی لُوٹ کا مال بانٹتی ہے۔ جب تُم بھیڑ سالوں میں پڑے رہتے ہو تو اُس کبُوتر کی مانِند ہو گے جِس کے بازُو گویا چاندی سے اور پَر خالِص سونے سے منڈھے ہُوئے ہوں۔ جب قادرِ مُطلِق نے بادشاہوں کو اُس میں پراگندہ کِیا تو اَیسا حال ہو گیا گویا سلمون پر برف پڑ رہی تھی۔ بسن کا پہاڑ خُدا کا پہاڑ ہے۔ بسن کا پہاڑ اُونچا پہاڑ ہے۔ اَے اُونچے پہاڑو! تُم اُس پہاڑ کو کیوں تاکتے ہو جِسے خُدا نے اپنی سکُونت کے لِئے پسند کِیا ہے؟ بلکہ خُداوند اُس میں ابد تک رہے گا۔ خُدا کے رتھ بِیس ہزار بلکہ ہزارہا ہزار ہیں۔ خُداوند جَیسا کوہِ سِینا میں وَیسا ہی اُن کے درمیان مَقدِس میں ہے۔ تُو نے عالمِ بالا کو صعُود فرمایا۔ تُو قَیدِیوں کو ساتھ لے گیا۔ تُجھے لوگوں سے بلکہ سرکشوں سے بھی ہدئیے مِلے تاکہ خُداوند خُدا اُن کے ساتھ رہے۔
پڑھیں زبُور 68
سنیں زبُور 68
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: زبُور 1:68-18
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos