YouVersion Logo
تلاش

زبُور 23:37-40

زبُور 23:37-40 URD

اِنسان کی روِشیں خُداوند کی طرف سے قائِم ہیں اور وہ اُس کی راہ سے خُوش ہے۔ اگر وہ گِر بھی جائے تُو پڑا نہ رہے گا کیونکہ خُداوند اُسے اپنے ہاتھ سے سنبھالتا ہے۔ مَیں جوان تھا اور اب بُوڑھا ہُوں تَو بھی مَیں نے صادِق کو بیکس اور اُس کی اَولاد کو ٹُکڑے مانگتے نہیں دیکھا۔ وہ دِن بھر رحم کرتا ہے اور قرض دیتا ہے اور اُس کی اَولاد کو برکت مِلتی ہے۔ بدی کو چھوڑ دے اور نیکی کر اور ہمیشہ تک آباد رہ۔ کیونکہ خُداوند اِنصاف کو پسند کرتا ہے اور اپنے مُقدّسوں کو ترک نہیں کرتا۔ وہ ہمیشہ کے لِئے محفُوظ ہیں۔ پر شرِیروں کی نسل کاٹ ڈالی جائے گی۔ صادِق زمِین کے وارِث ہوں گے اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔ صادِق کے مُنہ سے دانائی نِکلتی ہے اور اُس کی زُبان سے اِنصاف کی باتیں۔ اُس کے خُدا کی شرِیعت اُس کے دِل میں ہے۔ وہ اپنی روِش میں پِھسلے گا نہیں۔ شرِیر صادِق کی تاک میں رہتا ہے اور اُسے قتل کرنا چاہتا ہے۔ خُداوند اُسے اُس کے ہاتھ میں نہیں چھوڑے گا اور جب اُس کی عدالت ہو تو اُسے مُجرِم نہ ٹھہرائے گا۔ خُداوند کی آس رکھ اور اُسی کی راہ پر چلتا رہ اور وہ تُجھے سرفراز کر کے زمِین کا وارِث بنائے گا۔ جب شرِیر کاٹ ڈالے جائیں گے تو تُو دیکھے گا۔ مَیں نے شرِیر کو بڑے اِقتدار میں اور اَیسا پَھیلتے دیکھا جَیسے کوئی ہرا درخت اپنی اصلی زمِین میں پَھیلتا ہے۔ لیکن جب کوئی اُدھر سے گُذرا اور دیکھا تو وہ تھا ہی نہیں بلکہ مَیں نے اُسے ڈھُونڈا پر وہ نہ مِلا۔ کامِل آدمی پر نِگاہ کر اور راست باز کو دیکھ کیونکہ صُلح دوست آدمی کے لِئے اجر ہے۔ لیکن خطاکار اِکٹھے مَر مِٹیں گے۔ شرِیروں کا انجام ہلاکت ہے لیکن صادِقوں کی نجات خُداوند کی طرف سے ہے۔ مُصِیبت کے وقت وہ اُن کا مُحکم قلعہ ہے۔ اور خُداوند اُن کی مدد کرتا اور اُن کو بچاتا ہے۔ وہ اُن کو شرِیروں سے چُھڑاتا اور بچا لیتا ہے۔ اِس لِئے کہ اُنہوں نے اُس میں پناہ لی ہے۔

پڑھیں زبُور 37

سنیں زبُور 37