زبور 23:37-40
زبور 23:37-40 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اگر یَاہوِہ کسی اِنسان کی روِش سے خُوش ہوتے ہیں، تو اُسے ثابت قدم رکھتے ہیں؛ اگر وہ ٹھوکر بھی کھائے تو گرتا نہیں، کیونکہ یَاہوِہ اُسے اَپنے ہاتھ سے تھامے رہتے ہیں۔ میں جَوان تھا لیکن اَب ضعیف ہو چُکا ہُوں، تو بھی مَیں نے راستبازوں کو بے یارومددگار اَور اُن کی اَولاد کو بھیک مانگتے ہُوئے نہیں دیکھا۔ دیندار لوگ ہمیشہ فیّاضی سے پیش آتے ہیں اَور فراخدلی سے قرض دیتے ہیں، اَور اُن کی اَولاد برکت پایٔے گی۔ بدی سے باز رہو اَور نیکی کرو؛ تَب تُم مُلک میں ہمیشہ آباد رہوگے۔ کیونکہ یَاہوِہ صادقوں کی پسندوں کو عزیز رکھتے ہیں اَور وہ اَپنے وفادار بندوں کو ترک نہیں کریں گے۔ اُن کی ہمیشہ حِفاظت کی جائے گی، لیکن بدکار لوگوں کی اَولاد کاٹ ڈالی جائے گی؛ راستباز مُلک کے وارِث ہوں گے اَور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔ راستباز کے مُنہ سے دانائی کی باتیں نکلتی ہیں، اَور اُس کی زبان اِنصاف کی بولی بولتی ہے۔ اُس کے خُدا کے آئین اُس کے دِل میں ہے؛ اَور اُس کے پاؤں نہیں پھسلتے۔ بدکار راستبازوں کی تاک میں رہتے ہیں، اَور اُن کی جان کے درپے ہوتے ہیں؛ یَاہوِہ اُنہیں بُرے لوگوں کے ہاتھ میں نہیں چھوڑیں گے اَور جَب وہ عدالت میں پیش ہوں گے تو اُنہیں مُجرم نہیں ٹھہرائیں گے۔ یَاہوِہ کی آس رکھو اَور اُس کی راہ پر چلتے رہو۔ وہ تُمہیں سرفراز کریں گے تاکہ تُم زمین کا وارِث بنو؛ جَب بدکار کاٹ ڈالے جایٔیں گے تو تُم اَپنی آنکھوں سے دیکھوگے۔ مَیں نے ایک بدکار اَور سنگدل اِنسان کو اَیسے بڑے اقتدار میں دیکھا جَیسے کویٔی سرسبز درخت اَپنی اصلی زمین میں پھلتا پھُولتا ہے، لیکن جلد ہی جاتا رہا اَور باقی نہ رہا؛ مَیں نے اُسے تلاش کیا لیکن وہ مِلا ہی نہیں۔ مَرد کامل پر نگاہ کرو، راستباز کو دیکھو؛ اَمن پرست شخص کا مُستقبِل رَوشن ہوتاہے۔ لیکن سَب گُنہگار ہلاک کر دئیے جایٔیں گے؛ بدکار لوگوں کی نَسل کاٹ ڈالی جائے گی۔ راستبازوں کی نَجات یَاہوِہ کی طرف سے ہے؛ مُصیبت کے وقت وہ اُن کا محکم قلعہ ہیں۔ یَاہوِہ اُن کی مدد کرتے اَور اُنہیں رِہائی بخشتے ہیں؛ وہ اُنہیں بدکاروں سے چُھڑاتے اَور بچا لیتے ہیں، کیونکہ وہ لوگ اُن میں پناہ لیتے ہیں۔
زبور 23:37-40 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اگر کسی کے پاؤں جم جائیں تو یہ رب کی طرف سے ہے۔ ایسے شخص کی راہ کو وہ پسند کرتا ہے۔ اگر گر بھی جائے تو پڑا نہیں رہے گا، کیونکہ رب اُس کے ہاتھ کا سہارا بنا رہے گا۔ مَیں جوان تھا اور اب بوڑھا ہو گیا ہوں۔ لیکن مَیں نے کبھی نہیں دیکھا کہ راست باز کو ترک کیا گیا یا اُس کے بچوں کو بھیک مانگنی پڑی۔ وہ ہمیشہ مہربان اور قرض دینے کے لئے تیار ہے۔ اُس کی اولاد برکت کا باعث ہو گی۔ بُرائی سے باز آ کر بھلائی کر۔ تب تُو ہمیشہ کے لئے ملک میں آباد رہے گا، کیونکہ رب کو انصاف پیارا ہے، اور وہ اپنے ایمان داروں کو کبھی ترک نہیں کرے گا۔ وہ ابد تک محفوظ رہیں گے جبکہ بےدینوں کی اولاد کا نام و نشان تک نہیں رہے گا۔ راست باز ملک کو میراث میں پا کر اُس میں ہمیشہ بسیں گے۔ راست باز کا منہ حکمت بیان کرتا اور اُس کی زبان سے انصاف نکلتا ہے۔ اللہ کی شریعت اُس کے دل میں ہے، اور اُس کے قدم کبھی نہیں ڈگمگائیں گے۔ بےدین راست باز کی تاک میں بیٹھ کر اُسے مار ڈالنے کا موقع ڈھونڈتا ہے۔ لیکن رب راست باز کو اُس کے ہاتھ میں نہیں چھوڑے گا، وہ اُسے عدالت میں مجرم نہیں ٹھہرنے دے گا۔ رب کے انتظار میں رہ اور اُس کی راہ پر چلتا رہ۔ تب وہ تجھے سرفراز کر کے ملک کا وارث بنائے گا، اور تُو بےدینوں کی ہلاکت دیکھے گا۔ مَیں نے ایک بےدین اور ظالم آدمی کو دیکھا جو پھلتے پھولتے دیودار کے درخت کی طرح آسمان سے باتیں کرنے لگا۔ لیکن تھوڑی دیر کے بعد جب مَیں دوبارہ وہاں سے گزرا تو وہ تھا نہیں۔ مَیں نے اُس کا کھوج لگایا، لیکن کہیں نہ ملا۔ بےالزام پر دھیان دے اور دیانت دار پر غور کر، کیونکہ آخرکار اُسے امن اور سکون حاصل ہو گا۔ لیکن مجرم مل کر تباہ ہو جائیں گے، اور بےدینوں کو آخرکار رُوئے زمین پر سے مٹایا جائے گا۔ راست بازوں کی نجات رب کی طرف سے ہے، مصیبت کے وقت وہی اُن کا قلعہ ہے۔ رب ہی اُن کی مدد کر کے اُنہیں چھٹکارا دے گا، وہی اُنہیں بےدینوں سے بچا کر نجات دے گا۔ کیونکہ اُنہوں نے اُس میں پناہ لی ہے۔
زبور 23:37-40 کِتابِ مُقادّس (URD)
اِنسان کی روِشیں خُداوند کی طرف سے قائِم ہیں اور وہ اُس کی راہ سے خُوش ہے۔ اگر وہ گِر بھی جائے تُو پڑا نہ رہے گا کیونکہ خُداوند اُسے اپنے ہاتھ سے سنبھالتا ہے۔ مَیں جوان تھا اور اب بُوڑھا ہُوں تَو بھی مَیں نے صادِق کو بیکس اور اُس کی اَولاد کو ٹُکڑے مانگتے نہیں دیکھا۔ وہ دِن بھر رحم کرتا ہے اور قرض دیتا ہے اور اُس کی اَولاد کو برکت مِلتی ہے۔ بدی کو چھوڑ دے اور نیکی کر اور ہمیشہ تک آباد رہ۔ کیونکہ خُداوند اِنصاف کو پسند کرتا ہے اور اپنے مُقدّسوں کو ترک نہیں کرتا۔ وہ ہمیشہ کے لِئے محفُوظ ہیں۔ پر شرِیروں کی نسل کاٹ ڈالی جائے گی۔ صادِق زمِین کے وارِث ہوں گے اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔ صادِق کے مُنہ سے دانائی نِکلتی ہے اور اُس کی زُبان سے اِنصاف کی باتیں۔ اُس کے خُدا کی شرِیعت اُس کے دِل میں ہے۔ وہ اپنی روِش میں پِھسلے گا نہیں۔ شرِیر صادِق کی تاک میں رہتا ہے اور اُسے قتل کرنا چاہتا ہے۔ خُداوند اُسے اُس کے ہاتھ میں نہیں چھوڑے گا اور جب اُس کی عدالت ہو تو اُسے مُجرِم نہ ٹھہرائے گا۔ خُداوند کی آس رکھ اور اُسی کی راہ پر چلتا رہ اور وہ تُجھے سرفراز کر کے زمِین کا وارِث بنائے گا۔ جب شرِیر کاٹ ڈالے جائیں گے تو تُو دیکھے گا۔ مَیں نے شرِیر کو بڑے اِقتدار میں اور اَیسا پَھیلتے دیکھا جَیسے کوئی ہرا درخت اپنی اصلی زمِین میں پَھیلتا ہے۔ لیکن جب کوئی اُدھر سے گُذرا اور دیکھا تو وہ تھا ہی نہیں بلکہ مَیں نے اُسے ڈھُونڈا پر وہ نہ مِلا۔ کامِل آدمی پر نِگاہ کر اور راست باز کو دیکھ کیونکہ صُلح دوست آدمی کے لِئے اجر ہے۔ لیکن خطاکار اِکٹھے مَر مِٹیں گے۔ شرِیروں کا انجام ہلاکت ہے لیکن صادِقوں کی نجات خُداوند کی طرف سے ہے۔ مُصِیبت کے وقت وہ اُن کا مُحکم قلعہ ہے۔ اور خُداوند اُن کی مدد کرتا اور اُن کو بچاتا ہے۔ وہ اُن کو شرِیروں سے چُھڑاتا اور بچا لیتا ہے۔ اِس لِئے کہ اُنہوں نے اُس میں پناہ لی ہے۔