YouVersion Logo
تلاش

زبُور 33:119-48

زبُور 33:119-48 URD

(ھے) اَے خُداوند! مُجھے اپنے آئِین کی راہ بتا اور مَیں آخِر تک اُس پر چلُوں گا۔ مُجھے فہم عطا کر اور مَیں تیری شرِیعت پر چلُوں گا۔ بلکہ مَیں پُورے دِل سے اُس کو مانُوں گا۔ مُجھے اپنے فرمان کی راہ پر چلا کیونکہ اِسی میں میری خُوشی ہے۔ میرے دِل کو اپنی شہادتوں کی طرف رجُوع دِلا نہ کہ لالچ کی طرف۔ میری آنکھوں کو بُطلان پر نظر کرنے سے باز رکھ اور مُجھے اپنی راہوں میں زِندہ کر۔ اپنے بندہ کے لِئے اپنا وہ قَول پُورا کر جِس سے تیرا خَوف پَیدا ہوتا ہے۔ میری ملامت کو جِس سے مَیں ڈرتا ہُوں دُور کر دے کیونکہ تیرے احکام بھلے ہیں۔ دیکھ! مَیں تیرے قوانِین کا مُشتاق رہا ہُوں۔ مُجھے اپنی صداقت سے زِندہ کر۔ (واو) اَے خُداوند! تیرے قَول کے مُطابِق تیری شفقت اور تیری نجات مُجھے نصِیب ہوں۔ تب مَیں اپنے ملامت کرنے والے کو جواب دے سکُوں گا کیونکہ مَیں تیرے کلام پر بھروسا رکھتا ہُوں۔ اور حق بات کو میرے مُنہ سے ہرگِز جُدا نہ ہونے دے کیونکہ میرا اِعتماد تیرے احکام پر ہے۔ پس مَیں ابدُلآباد تیری شرِیعت کو مانتا رہُوں گا۔ اور مَیں آزادی سے چلُوں گا کیونکہ مَیں تیرے قوانِین کا طالِب رہا ہُوں مَیں بادشاہوں کے سامنے تیری شہادتوں کا بیان کرُوں گا اور شرمِندہ نہ ہُوں گا۔ تیرے فرمان مُجھے عزِیز ہیں۔ مَیں اُن میں مسرُور رہُوں گا۔ مَیں اپنے ہاتھ تیرے فرمان کی طرف جو مُجھے عزِیز ہے اُٹھاؤُں گا اور تیرے آئِین پر دِھیان کرُوں گا۔

پڑھیں زبُور 119

سنیں زبُور 119