YouVersion Logo
تلاش

زبور 33:119-48

زبور 33:119-48 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اے رب، مجھے اپنے آئین کی راہ سکھا تو مَیں عمر بھر اُن پر عمل کروں گا۔ مجھے سمجھ عطا کر تاکہ تیری شریعت کے مطابق زندگی گزاروں اور پورے دل سے اُس کے تابع رہوں۔ اپنے احکام کی راہ پر میری راہنمائی کر، کیونکہ یہی مَیں پسند کرتا ہوں۔ میرے دل کو لالچ میں آنے نہ دے بلکہ اُسے اپنے فرمانوں کی طرف مائل کر۔ میری آنکھوں کو باطل چیزوں سے پھیر لے، اور مجھے اپنی راہوں پر سنبھال کر میری جان کو تازہ دم کر۔ جو وعدہ تُو نے اپنے خادم سے کیا وہ پورا کر تاکہ لوگ تیرا خوف مانیں۔ جس رُسوائی سے مجھے خوف ہے اُس کا خطرہ دُور کر، کیونکہ تیرے احکام اچھے ہیں۔ مَیں تیری ہدایات کا شدید آرزومند ہوں، اپنی راستی سے میری جان کو تازہ دم کر۔ اے رب، تیری شفقت اور وہ نجات جس کا وعدہ تُو نے کیا ہے مجھ تک پہنچے تاکہ مَیں بےعزتی کرنے والے کو جواب دے سکوں۔ کیونکہ مَیں تیرے کلام پر بھروسا رکھتا ہوں۔ میرے منہ سے سچائی کا کلام نہ چھین، کیونکہ مَیں تیرے فرمانوں کے انتظار میں ہوں۔ مَیں ہر وقت تیری شریعت کی پیروی کروں گا، اب سے ابد تک اُس میں قائم رہوں گا۔ مَیں کھلے میدان میں چلتا پھروں گا، کیونکہ تیرے آئین کا طالب رہتا ہوں۔ مَیں شرم کئے بغیر بادشاہوں کے سامنے تیرے احکام بیان کروں گا۔ مَیں تیرے فرمانوں سے لطف اندوز ہوتا ہوں، وہ مجھے پیارے ہیں۔ مَیں اپنے ہاتھ تیرے فرمانوں کی طرف اُٹھاؤں گا، کیونکہ وہ مجھے پیارے ہیں۔ مَیں تیری ہدایات میں محوِ خیال رہوں گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 119

زبور 33:119-48 کِتابِ مُقادّس (URD)

(ھے) اَے خُداوند! مُجھے اپنے آئِین کی راہ بتا اور مَیں آخِر تک اُس پر چلُوں گا۔ مُجھے فہم عطا کر اور مَیں تیری شرِیعت پر چلُوں گا۔ بلکہ مَیں پُورے دِل سے اُس کو مانُوں گا۔ مُجھے اپنے فرمان کی راہ پر چلا کیونکہ اِسی میں میری خُوشی ہے۔ میرے دِل کو اپنی شہادتوں کی طرف رجُوع دِلا نہ کہ لالچ کی طرف۔ میری آنکھوں کو بُطلان پر نظر کرنے سے باز رکھ اور مُجھے اپنی راہوں میں زِندہ کر۔ اپنے بندہ کے لِئے اپنا وہ قَول پُورا کر جِس سے تیرا خَوف پَیدا ہوتا ہے۔ میری ملامت کو جِس سے مَیں ڈرتا ہُوں دُور کر دے کیونکہ تیرے احکام بھلے ہیں۔ دیکھ! مَیں تیرے قوانِین کا مُشتاق رہا ہُوں۔ مُجھے اپنی صداقت سے زِندہ کر۔ (واو) اَے خُداوند! تیرے قَول کے مُطابِق تیری شفقت اور تیری نجات مُجھے نصِیب ہوں۔ تب مَیں اپنے ملامت کرنے والے کو جواب دے سکُوں گا کیونکہ مَیں تیرے کلام پر بھروسا رکھتا ہُوں۔ اور حق بات کو میرے مُنہ سے ہرگِز جُدا نہ ہونے دے کیونکہ میرا اِعتماد تیرے احکام پر ہے۔ پس مَیں ابدُلآباد تیری شرِیعت کو مانتا رہُوں گا۔ اور مَیں آزادی سے چلُوں گا کیونکہ مَیں تیرے قوانِین کا طالِب رہا ہُوں مَیں بادشاہوں کے سامنے تیری شہادتوں کا بیان کرُوں گا اور شرمِندہ نہ ہُوں گا۔ تیرے فرمان مُجھے عزِیز ہیں۔ مَیں اُن میں مسرُور رہُوں گا۔ مَیں اپنے ہاتھ تیرے فرمان کی طرف جو مُجھے عزِیز ہے اُٹھاؤُں گا اور تیرے آئِین پر دِھیان کرُوں گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 119