زبُور 105:119-144

زبُور 105:119-144 URD

(نون) تیرا کلام میرے قدموں کے لِئے چراغ اور میری راہ کے لِئے رَوشنی ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے اور اِس پر قائِم ہُوں کہ تیری صداقت کے احکام پر عمل کرُوں گا۔ مَیں بڑی مُصِیبت میں ہُوں۔ اَے خُداوند! اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ اَے خُداوند! میرے مُنہ سے رضا کی قُربانِیاں قبُول فرما اور مُجھے اپنے احکام کی تعلِیم دے۔ میری جان ہمیشہ ہتھیلی پر ہے تَو بھی مَیں تیری شرِیعت کو نہیں بُھولتا۔ شرِیروں نے میرے لِئے پھندا لگایا ہے تَو بھی مَیں تیرے قوانِین سے نہیں بھٹکا۔ مَیں نے تیری شہادتوں کو اپنی ابدی مِیراث بنایا ہے کیونکہ اُن سے میرے دِل کو شادمانی ہوتی ہے۔ مَیں نے ہمیشہ کے لِئے آخِر تک تیرے آئِین ماننے پر دِل لگایا ہے۔ (سامک) مُجھے دو دِلوں سے نفرت ہے۔ پر تیری شرِیعت سے مُحبّت رکھتا ہُوں۔ تُو میرے چِھپنے کی جگہ اور میری سِپر ہے۔ مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔ اَے بدکردارو! مُجھ سے دُور ہو جاؤ تاکہ مَیں اپنے خُدا کے فرمان پر عمل کرُوں۔ تُو اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے سنبھال تاکہ زِندہ رہُوں اور مُجھے اپنے اِعتماد سے شرمِندگی نہ اُٹھانے دے۔ مُجھے سنبھال اور مَیں سلامت رہُوں گا اور ہمیشہ تیرے آئِین کا لِحاظ رکھُّوں گا۔ تُو نے اُن سب کو حقِیر جانا ہے جو تیرے آئِین سے بھٹک جاتے ہیں کیونکہ اُن کی دغابازی عبث ہے۔ تُو زمِین کے سب شرِیروں کو مَیل کی طرح چھانٹ دیتا ہے۔ اِس لِئے مَیں تیری شہادتوں کو عزِیز رکھتا ہُوں۔ میرا جِسم تیرے خَوف سے کانپتا ہے اور مَیں تیرے احکام سے ڈرتا ہُوں۔ (عَین) مَیں نے عدل اور اِنصاف کِیا ہے۔ مُجھے اُن کے حوالہ نہ کر جو مُجھ پر ظُلم کرتے ہیں۔ بھلائی کے لِئے اپنے بندہ کا ضامِن ہو۔ مغرُور مُجھ پر ظُلم نہ کریں۔ تیری نجات اور تیری صداقت کے کلام کے اِنتظار میں میری آنکھیں رہ گئِیں۔ اپنے بندہ سے اپنی شفقت کے مُطابِق سلُوک کر اور مُجھے اپنے آئِین سِکھا۔ مَیں تیرا بندہ ہُوں۔ مُجھ کو فہم عطا کر تاکہ تیری شہادتوں کو سمُجھ لُوں۔ اب وقت آ گیا کہ خُداوند کام کرے کیونکہ اُنہوں نے تیری شرِیعت کو باطِل کر دِیا ہے۔ اِس لِئے مَیں تیرے فرمان کو سونے سے بلکہ کُندن سے بھی زِیادہ عزِیز رکھتا ہُوں۔ اِس لِئے مَیں تیرے سب قوانِین کو برحق جانتا ہُوں اور ہر جُھوٹی راہ سے مُجھے نفرت ہے۔ (پے) تیری شہادتیں عجِیب ہیں اِس لِئے میرا دِل اُن کو مانتا ہے۔ تیری باتوں کی تشرِیح نُور بخشتی ہے۔ وہ سادہ دِلوں کو عقل مند بناتی ہے۔ مَیں خُوب مُنہ کھول کر ہانپتا رہا کیونکہ مَیں تیرے فرمان کا مُشتاق تھا۔ میری طرف توجُّہ کر اور مُجھ پر رحم فرما جَیسا تیرے نام سے مُحبّت رکھنے والوں کا حق ہے۔ اپنے کلام میں میری رہنمائی کر۔ کوئی بدکاری مُجھ پر تسلُّط نہ پائے۔ اِنسان کے ظُلم سے مُجھے چُھڑا لے تو تیرے قوانین پر عمل کرُوں گا۔ اپنا چہرہ اپنے بندہ پر جلوہ گر فرما اور مُجھے اپنے آئِین سِکھا۔ میری آنکھوں سے پانی کے چشمے جاری ہیں۔ اِس لِئے کہ لوگ تیری شرِیعت کو نہیں مانتے۔ (صادے) اَے خُداوند! تُو صادِق ہے اور تیرے احکام برحق ہیں۔ تُو نے صداقت اور کمال وفاداری سے اپنی شہادتوں کو ظاہِر فرمایا ہے۔ میری غَیرت مُجھے کھا گئی کیونکہ میرے مُخالِف تیری باتیں بُھول گئے تیرا کلام بِالکُل خالِص ہے اِس لِئے تیرے بندہ کو اُس سے مُحبّت ہے۔ مَیں ادنیٰ اور حقِیر ہُوں تَو بھی مَیں تیرے قوانِین کو نہیں بُھولتا۔ تیری صداقت ابدی صداقت ہے اور تیری شرِیعت برحق ہے۔ مَیں تکلِیف اور عذاب میں مُبتلا ہُوں تَو بھی تیرے فرمان میری خُوشنُودی ہیں۔ تیری شہادتیں ہمیشہ راست ہیں۔ مُجھے فہم عطا کر تو مَیں زِندہ رہُوں گا