زبور 105:119-144 - Compare All Versions

زبور 105:119-144 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)

آپ کا کلام میرے قدموں کے لیٔے چراغ، اَور میری راہ کے لیٔے رَوشنی ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے اَور اُس پر قائِم ہُوں، کہ مَیں آپ کے آئین کی صداقت کے اَحکام پر عَمل کروں گا۔ اَے یَاہوِہ، مَیں نے بہت دُکھ سہا ہے؛ اَپنے کلام کے مُطابق میری زندگی کو محفوظ رکھیں۔ اَے یَاہوِہ، میرے مُنہ سے رضا کی قُربانی قبُول فرمائیں، اَور مُجھے اَپنی آئین کی تعلیم عطا کریں۔ حالانکہ میری جان ہر وقت میری ہتھیلی پر ہے، تو بھی مَیں آپ کے آئین کو فراموش نہیں کرتا۔ بدکار لوگوں نے میرے لیٔے پھندا لگایا ہے، لیکن مَیں آپ کے فرمانوں سے نہیں بھٹکا۔ آپ کی شہادتیں میری اَبدی مِیراث ہیں؛ وہ میرے دِل کا سُرور ہیں۔ میں آخِر تک پُورے دِل سے آپ کے قوانین کو مانتا رہُوں گا۔ مُجھے دوغلے لوگوں سے نفرت ہے، لیکن مُجھے آپ کے آئین پسند ہے۔ آپ میری پناہ گاہ اَور میری سِپر ہیں؛ میری اُمّید آپ کے کلام پر ہے۔ اَے بدکردارو! مُجھ سے دُورہو جاؤ، تاکہ میں اَپنے خُدا کے اَحکام پر عَمل کر سکوں! اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھے سنبھالیں اَور مَیں زندہ رہُوں گا؛ میری اُمّید ٹوٹنے نہ پایٔے۔ مُجھے سنبھالیں اَور مَیں محفوظ رہُوں گا؛ میں ہمیشہ آپ کے قوانین کا لحاظ رکھوں گا۔ جو آپ کے اَحکام سے بھٹک جاتے ہیں آپ اُن سَب کو ردّ کر دیتے ہیں، کیونکہ اُن کی مکّاری لاحاصل ہے۔ آپ زمین کے سَب بدکار لوگوں کو دھات کے میل کی مانند چھانٹ دیتے ہیں؛ اِس لیٔے مَیں آپ کی شہادتوں کو عزیز رکھتا ہُوں۔ آپ کے خوف سے میرا جِسم کانپتا ہے؛ اَور مَیں آپ کے آئین کے فیصلوں سے ڈرتا ہُوں۔ مَیں نے وُہی کیا جو راست اَور بجا ہے؛ مُجھے سِتم ڈھانے والوں کے ہاتھ میں نہ چھوڑیں۔ اَپنے خادِم کی فلاح و بہبودی کے ضامن ہوں؛ مغروُر مُجھ پر ظُلم نہ ڈھائیں۔ آپ کی نَجات اَور صداقت کے وعدے کے اِنتظار میں، میری آنکھیں تھک گئیں۔ اَپنے خادِم مُجھ سے اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق سلُوک کریں اَور مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔ مَیں آپ کا خادِم ہُوں، مُجھے فہم عنایت فرمائیں، تاکہ مَیں آپ کی شہادتوں کو سمجھ سکوں۔ اَے یَاہوِہ، اَب وقت آ گیا ہے کہ آپ کوئی سزا کے لئے قدم اُٹھائیں؛ کیونکہ آپ کے آئین کی خِلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ چونکہ مَیں آپ کے اَحکام کو سونے سے بَلکہ خالص سونے سے بھی زِیادہ عزیز رکھتا ہُوں، اَور چونکہ مَیں آپ کے قوانین کو برحق سمجھتا ہُوں، اِس لیٔے ہر جھُوٹی راہ سے مُجھے نفرت ہے۔ آپ کی شہادتیں تعجُّب اَنگیز ہیں؛ اِس لیٔے میں اُن پر عَمل کرتا ہُوں۔ آپ کے کلام کی تشریح نُور بخشتی ہے؛ اَور سادہ دِلوں کو سمجھ عطا کرتی ہے۔ آپ کے اَحکام کے اشتیاق میں، میں اَپنا مُنہ کھول کر ہانپتا ہُوں۔ میری طرف پھریں اَور مُجھ پر رحم فرمائیں۔ جَیسے آپ اَپنے نام سے مَحَبّت رکھنے والوں پر ہمیشہ کرتے ہیں۔ اَپنے کلام کے مُطابق میرے قدموں کی رہنمائی کریں؛ کویٔی بدی مُجھ پر غالب نہ آئے۔ لوگوں کے ظُلم سے مُجھے چھُڑا لیں، تاکہ مَیں آپ کے فرمانوں پر عَمل کر سکوں۔ اَپنا چہرہ اَپنے خادِم پر جلوہ گِر فرمائیں اَور اَپنے اَحکام مُجھے سکھائیں۔ میری آنکھوں سے آنسُوؤں کے چشمے جاری ہیں، کیونکہ لوگ آپ کے آئین پر عَمل نہیں کر رہے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، آپ راستباز ہیں، اَور آپ کے آئین بھی برحق ہیں۔ آپ کی مُقرّر کی ہوئی شہادتیں برحق ہیں؛ وہ مُکمّل طور پر قابل یقین ہیں۔ میری غیرت مُجھے کھا جاتی ہے، کیونکہ میرے دُشمن آپ کے کلام کو بھُول جاتے ہیں۔ آپ کے وعدے پُوری طرح خالص ثابت ہُوئے، اَور آپ کا خادِم میں اُنہیں عزیز رکھتا ہُوں۔ حالانکہ میں ادنیٰ اَور حقیر ہُوں، تو بھی آپ کے قوانین کو فراموش نہیں کرتا۔ آپ کی راستبازی اَبدی ہے اَور آپ کے آئین برحق ہیں۔ مُصیبت اَور تکلیف نے مُجھے دبا رکھا ہے، لیکن آپ کے اَحکام میری خُوشنودی کا باعث ہیں۔ آپ کی شہادتیں اَبد تک راست ہیں؛ مُجھے فہم عنایت فرمائیں تاکہ میں زندہ رہُوں۔

دوسروں تک پہنچائیں
زبور 119 UCV

زبور 105:119-144 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)

تیرا کلام میرے پاؤں کے لئے چراغ ہے جو میری راہ کو روشن کرتا ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ تیرے راست فرمانوں کی پیروی کروں گا، اور مَیں یہ وعدہ پورا بھی کروں گا۔ مجھے بہت پست کیا گیا ہے۔ اے رب، اپنے کلام کے مطابق میری جان کو تازہ دم کر۔ اے رب، میرے منہ کی رضاکارانہ قربانیوں کو پسند کر اور مجھے اپنے آئین سکھا! میری جان ہمیشہ خطرے میں ہے، لیکن مَیں تیری شریعت نہیں بھولتا۔ بےدینوں نے میرے لئے پھندا تیار کر رکھا ہے، لیکن مَیں تیرے فرمانوں سے نہیں بھٹکا۔ تیرے احکام میری ابدی میراث بن گئے ہیں، کیونکہ اُن سے میرا دل خوشی سے اُچھلتا ہے۔ مَیں نے اپنا دل تیرے احکام پر عمل کرنے کی طرف مائل کیا ہے، کیونکہ اِس کا اجر ابدی ہے۔ مَیں دو دلوں سے نفرت لیکن تیری شریعت سے محبت کرتا ہوں۔ تُو میری پناہ گاہ اور میری ڈھال ہے، مَیں تیرے کلام کے انتظار میں رہتا ہوں۔ اے بدکارو، مجھ سے دُور ہو جاؤ، کیونکہ مَیں اپنے خدا کے احکام سے لپٹا رہوں گا۔ اپنے فرمان کے مطابق مجھے سنبھال تاکہ زندہ رہوں۔ میری آس ٹوٹنے نہ دے تاکہ شرمندہ نہ ہو جاؤں۔ میرا سہارا بن تاکہ بچ کر ہر وقت تیرے آئین کا لحاظ رکھوں۔ تُو اُن سب کو رد کرتا ہے جو تیرے احکام سے بھٹکے پھرتے ہیں، کیونکہ اُن کی دھوکے بازی فریب ہی ہے۔ تُو زمین کے تمام بےدینوں کو ناپاک چاندی سے خارج کی ہوئی مَیل کی طرح پھینک کر نیست کر دیتا ہے، اِس لئے تیرے فرمان مجھے پیارے ہیں۔ میرا جسم تجھ سے دہشت کھا کر تھرتھراتا ہے، اور مَیں تیرے فیصلوں سے ڈرتا ہوں۔ مَیں نے راست اور باانصاف کام کیا ہے، چنانچہ مجھے اُن کے حوالے نہ کر جو مجھ پر ظلم کرتے ہیں۔ اپنے خادم کی خوش حالی کا ضامن بن کر مغروروں کو مجھ پر ظلم کرنے نہ دے۔ میری آنکھیں تیری نجات اور تیرے راست وعدے کی راہ دیکھتے دیکھتے رہ گئی ہیں۔ اپنے خادم سے تیرا سلوک تیری شفقت کے مطابق ہو۔ مجھے اپنے احکام سکھا۔ مَیں تیرا ہی خادم ہوں۔ مجھے فہم عطا فرما تاکہ تیرے آئین کی پوری سمجھ آئے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ رب قدم اُٹھائے، کیونکہ لوگوں نے تیری شریعت کو توڑ ڈالا ہے۔ اِس لئے مَیں تیرے احکام کو سونے بلکہ خالص سونے سے زیادہ پیار کرتا ہوں۔ اِس لئے مَیں احتیاط سے تیرے تمام آئین کے مطابق زندگی گزارتا ہوں۔ مَیں ہر فریب دہ راہ سے نفرت کرتا ہوں۔ تیرے احکام تعجب انگیز ہیں، اِس لئے میری جان اُن پر عمل کرتی ہے۔ تیرے کلام کا انکشاف روشنی بخشتا اور سادہ لوح کو سمجھ عطا کرتا ہے۔ مَیں تیرے فرمانوں کے لئے اِتنا پیاسا ہوں کہ منہ کھول کر ہانپ رہا ہوں۔ میری طرف رجوع فرما اور مجھ پر وہی مہربانی کر جو تُو اُن سب پر کرتا ہے جو تیرے نام سے پیار کرتے ہیں۔ اپنے کلام سے میرے قدم مضبوط کر، کسی بھی گناہ کو مجھ پر حکومت نہ کرنے دے۔ فدیہ دے کر مجھے انسان کے ظلم سے چھٹکارا دے تاکہ مَیں تیرے احکام کے تابع رہوں۔ اپنے چہرے کا نور اپنے خادم پر چمکا اور مجھے اپنے احکام سکھا۔ میری آنکھوں سے آنسوؤں کی ندیاں بہہ رہی ہیں، کیونکہ لوگ تیری شریعت کے تابع نہیں رہتے۔ اے رب، تُو راست ہے، اور تیرے فیصلے درست ہیں۔ تُو نے راستی اور بڑی وفاداری کے ساتھ اپنے فرمان جاری کئے ہیں۔ میری جان غیرت کے باعث تباہ ہو گئی ہے، کیونکہ میرے دشمن تیرے فرمان بھول گئے ہیں۔ تیرا کلام آزما کر پاک صاف ثابت ہوا ہے، تیرا خادم اُسے پیار کرتا ہے۔ مجھے ذلیل اور حقیر جانا جاتا ہے، لیکن مَیں تیرے آئین نہیں بھولتا۔ تیری راستی ابدی ہے، اور تیری شریعت سچائی ہے۔ مصیبت اور پریشانی مجھ پر غالب آ گئی ہیں، لیکن مَیں تیرے احکام سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ تیرے احکام ابد تک راست ہیں۔ مجھے سمجھ عطا فرما تاکہ مَیں جیتا رہوں۔

دوسروں تک پہنچائیں
زبور 119 URDGVU

زبور 105:119-144 URD (کِتابِ مُقادّس)

(نون) تیرا کلام میرے قدموں کے لِئے چراغ اور میری راہ کے لِئے رَوشنی ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے اور اِس پر قائِم ہُوں کہ تیری صداقت کے احکام پر عمل کرُوں گا۔ مَیں بڑی مُصِیبت میں ہُوں۔ اَے خُداوند! اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ اَے خُداوند! میرے مُنہ سے رضا کی قُربانِیاں قبُول فرما اور مُجھے اپنے احکام کی تعلِیم دے۔ میری جان ہمیشہ ہتھیلی پر ہے تَو بھی مَیں تیری شرِیعت کو نہیں بُھولتا۔ شرِیروں نے میرے لِئے پھندا لگایا ہے تَو بھی مَیں تیرے قوانِین سے نہیں بھٹکا۔ مَیں نے تیری شہادتوں کو اپنی ابدی مِیراث بنایا ہے کیونکہ اُن سے میرے دِل کو شادمانی ہوتی ہے۔ مَیں نے ہمیشہ کے لِئے آخِر تک تیرے آئِین ماننے پر دِل لگایا ہے۔ (سامک) مُجھے دو دِلوں سے نفرت ہے۔ پر تیری شرِیعت سے مُحبّت رکھتا ہُوں۔ تُو میرے چِھپنے کی جگہ اور میری سِپر ہے۔ مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔ اَے بدکردارو! مُجھ سے دُور ہو جاؤ تاکہ مَیں اپنے خُدا کے فرمان پر عمل کرُوں۔ تُو اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے سنبھال تاکہ زِندہ رہُوں اور مُجھے اپنے اِعتماد سے شرمِندگی نہ اُٹھانے دے۔ مُجھے سنبھال اور مَیں سلامت رہُوں گا اور ہمیشہ تیرے آئِین کا لِحاظ رکھُّوں گا۔ تُو نے اُن سب کو حقِیر جانا ہے جو تیرے آئِین سے بھٹک جاتے ہیں کیونکہ اُن کی دغابازی عبث ہے۔ تُو زمِین کے سب شرِیروں کو مَیل کی طرح چھانٹ دیتا ہے۔ اِس لِئے مَیں تیری شہادتوں کو عزِیز رکھتا ہُوں۔ میرا جِسم تیرے خَوف سے کانپتا ہے اور مَیں تیرے احکام سے ڈرتا ہُوں۔ (عَین) مَیں نے عدل اور اِنصاف کِیا ہے۔ مُجھے اُن کے حوالہ نہ کر جو مُجھ پر ظُلم کرتے ہیں۔ بھلائی کے لِئے اپنے بندہ کا ضامِن ہو۔ مغرُور مُجھ پر ظُلم نہ کریں۔ تیری نجات اور تیری صداقت کے کلام کے اِنتظار میں میری آنکھیں رہ گئِیں۔ اپنے بندہ سے اپنی شفقت کے مُطابِق سلُوک کر اور مُجھے اپنے آئِین سِکھا۔ مَیں تیرا بندہ ہُوں۔ مُجھ کو فہم عطا کر تاکہ تیری شہادتوں کو سمُجھ لُوں۔ اب وقت آ گیا کہ خُداوند کام کرے کیونکہ اُنہوں نے تیری شرِیعت کو باطِل کر دِیا ہے۔ اِس لِئے مَیں تیرے فرمان کو سونے سے بلکہ کُندن سے بھی زِیادہ عزِیز رکھتا ہُوں۔ اِس لِئے مَیں تیرے سب قوانِین کو برحق جانتا ہُوں اور ہر جُھوٹی راہ سے مُجھے نفرت ہے۔ (پے) تیری شہادتیں عجِیب ہیں اِس لِئے میرا دِل اُن کو مانتا ہے۔ تیری باتوں کی تشرِیح نُور بخشتی ہے۔ وہ سادہ دِلوں کو عقل مند بناتی ہے۔ مَیں خُوب مُنہ کھول کر ہانپتا رہا کیونکہ مَیں تیرے فرمان کا مُشتاق تھا۔ میری طرف توجُّہ کر اور مُجھ پر رحم فرما جَیسا تیرے نام سے مُحبّت رکھنے والوں کا حق ہے۔ اپنے کلام میں میری رہنمائی کر۔ کوئی بدکاری مُجھ پر تسلُّط نہ پائے۔ اِنسان کے ظُلم سے مُجھے چُھڑا لے تو تیرے قوانین پر عمل کرُوں گا۔ اپنا چہرہ اپنے بندہ پر جلوہ گر فرما اور مُجھے اپنے آئِین سِکھا۔ میری آنکھوں سے پانی کے چشمے جاری ہیں۔ اِس لِئے کہ لوگ تیری شرِیعت کو نہیں مانتے۔ (صادے) اَے خُداوند! تُو صادِق ہے اور تیرے احکام برحق ہیں۔ تُو نے صداقت اور کمال وفاداری سے اپنی شہادتوں کو ظاہِر فرمایا ہے۔ میری غَیرت مُجھے کھا گئی کیونکہ میرے مُخالِف تیری باتیں بُھول گئے تیرا کلام بِالکُل خالِص ہے اِس لِئے تیرے بندہ کو اُس سے مُحبّت ہے۔ مَیں ادنیٰ اور حقِیر ہُوں تَو بھی مَیں تیرے قوانِین کو نہیں بُھولتا۔ تیری صداقت ابدی صداقت ہے اور تیری شرِیعت برحق ہے۔ مَیں تکلِیف اور عذاب میں مُبتلا ہُوں تَو بھی تیرے فرمان میری خُوشنُودی ہیں۔ تیری شہادتیں ہمیشہ راست ہیں۔ مُجھے فہم عطا کر تو مَیں زِندہ رہُوں گا

دوسروں تک پہنچائیں
زبور 119 URD