YouVersion Logo
تلاش

زبُور 12:102-28

زبُور 12:102-28 URD

لیکن تُو اَے خُداوند! ابد تک رہے گا اور تیری یادگار پُشت در پُشت رہے گی۔ تُو اُٹھے گا اور صِیُّون پر رحم کرے گا کیونکہ اُس پر ترس کھانے کا وقت ہے۔ ہاں اُس کا مُعیّن وقت آ گیا ہے۔ اِس لِئے کہ تیرے بندے اُس کے پتھّروں کو چاہتے اور اُس کی خاک پر ترس کھاتے ہیں۔ اور قَوموں کو خُداوند کے نام کا اور زمِین کے سب بادشاہوں کو تیرے جلال کا خَوف ہو گا۔ کیونکہ خُداوند نے صِیُّون کو بنایا ہے۔ وہ اپنے جلال میں ظاہِر ہُؤا ہے۔ اُس نے بیکسوں کی دُعا پر توجُّہ کی اور اُن کی دُعا کو حقِیر نہ جانا۔ یہ آیندہ پُشت کے لِئے لِکھا جائے گا اور ایک قَوم پَیدا ہو گی جو خُداوند کی سِتایش کرے گی۔ کیونکہ اُس نے اپنے مَقدِس کی بُلندی پر سے نِگاہ کی۔ خُداوند نے آسمان پر سے زمِین پر نظر کی۔ تاکہ اسِیر کا کراہنا سُنے اور مَرنے والوں کو چُھڑا لے۔ تاکہ لوگ صِیُّون میں خُداوند کے نام کا اِظہار اور یروشلِیم میں اُس کی تعرِیف کریں۔ جب خُداوند کی عِبادت کے لِئے قَومیں اور مُملِکتیں مِل کر جمع ہوں۔ اُس نے راہ میں میرا زور گھٹا دِیا۔ اُس نے میری عُمر کوتاہ کر دی۔ مَیں نے کہا اَے میرے خُدا! مُجھے آدھی عُمر میں نہ اُٹھا تیرے برس پُشت در پُشت ہیں۔ تُو نے قدِیم سے زمِین کی بُنیاد ڈالی۔ آسمان تیرے ہاتھ کی صنعت ہے۔ وہ نیست ہو جائیں گے پر تُو باقی رہے گا۔ بلکہ وہ سب پوشاک کی مانِند پُرانے ہو جائیں گے۔ تُو اُن کو لِباس کی مانِند بدلے گا اور وہ بدل جائیں گے پر تُو لاتبدِیل ہے اور تیرے برس لااِنتہا ہوں گے۔ تیرے بندوں کے فرزند برقرار رہیں گے اور اُن کی نسل تیرے حضُور قائِم رہے گی۔

پڑھیں زبُور 102

سنیں زبُور 102