زبور 12:102-28
زبور 12:102-28 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن تُو اَے خُداوند! ابد تک رہے گا اور تیری یادگار پُشت در پُشت رہے گی۔ تُو اُٹھے گا اور صِیُّون پر رحم کرے گا کیونکہ اُس پر ترس کھانے کا وقت ہے۔ ہاں اُس کا مُعیّن وقت آ گیا ہے۔ اِس لِئے کہ تیرے بندے اُس کے پتھّروں کو چاہتے اور اُس کی خاک پر ترس کھاتے ہیں۔ اور قَوموں کو خُداوند کے نام کا اور زمِین کے سب بادشاہوں کو تیرے جلال کا خَوف ہو گا۔ کیونکہ خُداوند نے صِیُّون کو بنایا ہے۔ وہ اپنے جلال میں ظاہِر ہُؤا ہے۔ اُس نے بیکسوں کی دُعا پر توجُّہ کی اور اُن کی دُعا کو حقِیر نہ جانا۔ یہ آیندہ پُشت کے لِئے لِکھا جائے گا اور ایک قَوم پَیدا ہو گی جو خُداوند کی سِتایش کرے گی۔ کیونکہ اُس نے اپنے مَقدِس کی بُلندی پر سے نِگاہ کی۔ خُداوند نے آسمان پر سے زمِین پر نظر کی۔ تاکہ اسِیر کا کراہنا سُنے اور مَرنے والوں کو چُھڑا لے۔ تاکہ لوگ صِیُّون میں خُداوند کے نام کا اِظہار اور یروشلِیم میں اُس کی تعرِیف کریں۔ جب خُداوند کی عِبادت کے لِئے قَومیں اور مُملِکتیں مِل کر جمع ہوں۔ اُس نے راہ میں میرا زور گھٹا دِیا۔ اُس نے میری عُمر کوتاہ کر دی۔ مَیں نے کہا اَے میرے خُدا! مُجھے آدھی عُمر میں نہ اُٹھا تیرے برس پُشت در پُشت ہیں۔ تُو نے قدِیم سے زمِین کی بُنیاد ڈالی۔ آسمان تیرے ہاتھ کی صنعت ہے۔ وہ نیست ہو جائیں گے پر تُو باقی رہے گا۔ بلکہ وہ سب پوشاک کی مانِند پُرانے ہو جائیں گے۔ تُو اُن کو لِباس کی مانِند بدلے گا اور وہ بدل جائیں گے پر تُو لاتبدِیل ہے اور تیرے برس لااِنتہا ہوں گے۔ تیرے بندوں کے فرزند برقرار رہیں گے اور اُن کی نسل تیرے حضُور قائِم رہے گی۔
زبور 12:102-28 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن تُو اے رب ابد تک تخت نشین ہے، تیرا نام پشت در پشت قائم رہتا ہے۔ اب آ، کوہِ صیون پر رحم کر۔ کیونکہ اُس پر مہربانی کرنے کا وقت آ گیا ہے، مقررہ وقت آ گیا ہے۔ کیونکہ تیرے خادموں کو اُس کا ایک ایک پتھر پیارا ہے، اور وہ اُس کے ملبے پر ترس کھاتے ہیں۔ تب ہی قومیں رب کے نام سے ڈریں گی، اور دنیا کے تمام بادشاہ تیرے جلال کا خوف کھائیں گے۔ کیونکہ رب صیون کو از سرِ نو تعمیر کرے گا، وہ اپنے پورے جلال کے ساتھ ظاہر ہو جائے گا۔ مفلسوں کی دعا پر وہ دھیان دے گا اور اُن کی فریادوں کو حقیر نہیں جانے گا۔ آنے والی نسل کے لئے یہ قلم بند ہو جائے تاکہ جو قوم ابھی پیدا نہیں ہوئی وہ رب کی ستائش کرے۔ کیونکہ رب نے اپنے مقدِس کی بلندیوں سے جھانکا ہے، اُس نے آسمان سے زمین پر نظر ڈالی ہے تاکہ قیدیوں کی آہ و زاری سنے اور مرنے والوں کی زنجیریں کھولے۔ کیونکہ اُس کی مرضی ہے کہ وہ کوہِ صیون پر رب کے نام کا اعلان کریں اور یروشلم میں اُس کی ستائش کریں، کہ قومیں اور سلطنتیں مل کر جمع ہو جائیں اور رب کی عبادت کریں۔ راستے میں ہی اللہ نے میری طاقت توڑ کر میرے دن مختصر کر دیئے ہیں۔ مَیں بولا، ”اے میرے خدا، مجھے زندوں کے ملک سے دُور نہ کر، میری زندگی تو ادھوری رہ گئی ہے۔ لیکن تیرے سال پشت در پشت قائم رہتے ہیں۔ تُو نے قدیم زمانے میں زمین کی بنیاد رکھی، اور تیرے ہی ہاتھوں نے آسمانوں کو بنایا۔ یہ تو تباہ ہو جائیں گے، لیکن تُو قائم رہے گا۔ یہ سب کپڑے کی طرح گھس پھٹ جائیں گے۔ تُو اُنہیں پرانے لباس کی طرح بدل دے گا، اور وہ جاتے رہیں گے۔ لیکن تُو وہی کا وہی رہتا ہے، اور تیری زندگی کبھی ختم نہیں ہوتی۔ تیرے خادموں کے فرزند تیرے حضور بستے رہیں گے، اور اُن کی اولاد تیرے سامنے قائم رہے گی۔“