YouVersion Logo
تلاش

فِلِپّیوں 19:1-30

فِلِپّیوں 19:1-30 URD

کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُمہاری دُعا اور یِسُوع مسِیح کے رُوح کے اِنعام سے اِس کا انجام میری نجات ہو گا۔ چُنانچہ میری دِلی آرزُو اور اُمّید یِہی ہے کہ مَیں کِسی بات میں شرمِندہ نہ ہُوں بلکہ میری کمال دِلیری کے باعِث جِس طرح مسِیح کی تعظِیم میرے بدن کے سبب سے ہمیشہ ہوتی رہی ہے اُسی طرح اَب بھی ہو گی خَواہ مَیں زِندہ رہُوں خَواہ مرُوں۔ کیونکہ زِندہ رہنا میرے لِئے مسِیح ہے اور مَرنا نفع۔ لیکن اگر میرا جِسم میں زِندہ رہنا ہی میرے کام کے لِئے مُفِید ہے تو مَیں نہیں جانتا کہ کِسے پسند کرُوں۔ مَیں دونوں طرف پھنسا ہُؤا ہُوں۔ میرا جی تو یہ چاہتا ہے کہ کُوچ کر کے مسِیح کے پاس جا رہُوں کیونکہ یہ بُہت ہی بِہتر ہے۔ مگر جِسم میں رہنا تُمہاری خاطِر زِیادہ ضرُوری ہے۔ اور چُونکہ مُجھے اِس کا یقِین ہے اِس لِئے مَیں جانتا ہُوں کہ زِندہ رہُوں گا بلکہ تُم سب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم اِیمان میں ترقّی کرو اور اُس میں خُوش رہو۔ اور جو تُمہیں مُجھ پر فخر ہے وہ میرے پِھر تُمہارے پاس آنے سے مسِیح یِسُوعؔ میں زیادہ ہو جائے۔ صِرف یہ کرو کہ تُمہارا چال چلن مسِیح کی خُوشخبری کے مُوافِق رہے تاکہ خَواہ مَیں آؤُں اور تُمہیں دیکھُوں خَواہ نہ آؤُں تُمہارا حال سنُوں کہ تُم ایک رُوح میں قائِم ہو اور اِنجِیل کے اِیمان کے لِئے ایک جان ہو کر جانفشانی کرتے ہو۔ اور کِسی بات میں مُخالِفوں سے دہشت نہیں کھاتے۔ یہ اُن کے لِئے ہلاکت کا صاف نِشان ہے لیکن تُمہاری نجات کا اور یہ خُدا کی طرف سے ہے۔ کیونکہ مسِیح کی خاطِر تُم پر یہ فضل ہُؤا کہ نہ فَقط اُس پر اِیمان لاؤ بلکہ اُس کی خاطِر دُکھ بھی سہو۔ اور تُم اُسی طرح جانفشانی کرتے ہو جِس طرح مُجھے کرتے دیکھا تھا اور اب بھی سُنتے ہو کہ مَیں وَیسی ہی کرتا ہُوں۔